Inquilab Logo

لاک ڈاؤن میں پھنسے مزدوروں کو بہارلانےمیں ریلوے نے اہم کردارادا کیا

Updated: September 19, 2020, 11:00 AM IST | Agency | Patna

بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ریلوے کی تعریف میں پل باندھے، کوسی ریل مہاسیتو سمیت ۱۲؍منصوبوںکے افتتاح اور سنگ بنیاد کی تقریب میں تقریر

Nitish Kumar can be seen attending the opening ceremony online. Picture:INN
نتیش کمار آن لائن افتتاح کی تقریب میں شریک دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

بہارکے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے لاک ڈاؤن کے دوران باہر پھنسے مزدورں کو واپس ریاست میں لانے میں ریلوے کے کردار کو اہم بتایااورکہاکہ خصوصی ریل گاڑیوں کی آمدورفت سے۲۳؍لاکھ سے زائد مزدور بہار لوٹ سکے۔کمارنےجمعہ کو وزیراعظم نریندر مودی کے ذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے کوسی ریل مہا سیتو سمیت ۱۲؍ ریل منصوبوں کے افتتاح اورسنگ بنیاد تقریب کو خطاب کرتےہوئے کہاکہ لاک ڈاؤن کے دوران باہر پھنسے مزدوروں کو بہار واپس لانے میں ریلوے نے کافی مدد کی ہے۔خصوصی ریل گاڑیوں کو چلایا گیا جس سے ۲۳؍ لاکھ سے زائد مزدورباہرسےبہار آئے ۔ انہوںنے ایک بار پھر مزدوروںکیلئے تارکین وطن کا لفظ استعمال نہیں کئےجانے کی درخواست کی اور کہاکہ یہ سبھی ملک کے باشندےہیں۔ملک میں روزی روٹی کیلئے کوئی بھی کہیں آجاسکتا ہے ۔وزیراعلیٰ نےکہاکہ کوسی مہاسیتو کا سنگ بنیاد سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی حکومت میں۶؍جون ۲۰۰۳ءکو ہواتھا ۔ اس کے لئے انہوںنے کوسی مہا سیتو کے دونوں طرف رابطہ سڑک کیلئے جگہ کا معائنہ کر کے لوگوںسے بات چیت کی تھی ۔ مشرق۔ مغرب الائنمنٹ بھی کوسی مہاسیتو کےپاس ہی مقرر کیا گیا ہے ۔ وہ دن اس لئے بھی تاریخی ہے کیوں کہ انہوں نے وزیراعظم واجپئی سےمیتھلی زبان کو آئین کے آٹھویں شیڈول میں شامل کرنےکامطالبہ کیا تھا جس کا اعلان واجپئی نے اسی دن کیا تھا۔کمارنے کہا کہ ۱۲؍ اگست ۲۰۱۸ء کے وزیر ریل کےپروگرام میں وہ شامل ہوئے تھے جس میں وزیر ریل نے اس کام کو تیزی سے مکمل کرنے کی افسران کو ہدایت بھی دی تھی۔ انہوںنے خوشی ظاہر کی کہ آج وزیراعظم اس مہا سیتو کا افتتاح کر رہےہیں۔ آج حاجی پور سے ویشالی نئی ریل لائن کی شروعات کی جارہی ہےجس سے سگولی تک جوڑنے کا منصوبہ ہے ۔ سگولی بھی تاریخی مقام ہے جہاں ہند۔ نیپال کے مذاکرات ہوئے تھے ۔
 وزیراعلیٰ نےکہاکہ ۱۰؍ فروری ۲۰۰۴ء کو ویشالی میں اس وقت کے وزیر اعظم واجپئی  نے اس کا سنگ بنیاد رکھاتھا۔ اس کے ایک حصے کاکام مکمل ہوا ہے جس کا آج افتتاح ہورہاہے ۔ اس سےسگولی تک بھی مکمل کیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی کی قیادت میں ریلوے کے کئی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے یہ ان کیلئے خوشی کی بات ہے۔انہوںنے کہاکہ باڑھ اور بختیار پور کے مابین تیسرے ریلوے لائن کا افتتاح ہورہاہے یہ بھی خوشی کی بات ہے ۔ کمار نے کہاکہ واجپئی کی حکومت میں وزیر توانائی رہےپی آر کمار منگلم نے بہا رمیں بجلی پلانٹ قائم کرنے کیلئے ان سے جگہ کے بارے میں پوچھا تھا اور اس کی بنیاد پر باڑھ میں این ٹی پی سی بجلی پلانٹ کا قیام عمل میں آیا ۔ باڑھ تک نئی ریل لائن سے این ٹی پی سی کو کوئلہ کی حصولیابی میں آسانی ہوگی ۔ اس کے لئےہزاری باغ کوئلہ کان کے پاس سےمقررہ روٹ۔ ہزاری باغ ۔ کوڈرما ۔ تلیا ۔ راجگیر ۔ بختیارپور ۔ باڑھ سے کوئلے کی ڈھلائی میں آسانی ہوگی ۔ انہوں نےجرہی ۔ کھراڈیہہ سیکشن میں۴؍سرنگوں کی تعمیر کاکام جلد پورا کرانےکی درخواست کرتے ہوئے کہاکہ اس سے کوئلے کی بلاروکاوٹ سپلائی ہوسکے گی ۔ وزیراعلیٰ نےکہاکہ اسلامپور ۔ نٹیسر ریل لائن کے مکمل ہوجانے سے لوگوں کو آمدورفت میں آسانی ہوگی۔پٹنہ سےگیا جانے کا بذریعہ سڑک راستہ پہلے ادھر سے ہی تھا۔ اب فتوحہ۔ اسلام پور سے نٹیسر ہوتے ہوئے گیا کیلئے نئی ریل شاہراہ مل جائے گی ۔انہوںنے کہاکہ۱۲؍ اگست ۲۰۱۸ء کے پروگرام میں انہوںنےوزیر ریل سے درخواست کی تھی کہ نیورا ۔ دنیاواں۔ بہار شریف۔ بر بیگھا ۔ شیخ پورا ریل سیکشن جو کیول سے داناپور آنے کا تیسرا راستہ ہے اور اس میں مسافت ۹؍کلومیٹر کم بھی پڑتی ہے ۔ اس لائن کے بن جانے سے آمدورفت میں آسانی ہوگی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK