شالہ ارتھ گھوٹالےکےانکشاف کےبعد فرضی عملے کےنام پر وصول کی جانےوالی تنخواہ کی رقم کو روکنےکی کوشش،اب کراس چیک کےبعدہی تنخواہ جاری کی جائے گی
EPAPER
Updated: May 13, 2025, 10:45 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
شالہ ارتھ گھوٹالےکےانکشاف کےبعد فرضی عملے کےنام پر وصول کی جانےوالی تنخواہ کی رقم کو روکنےکی کوشش،اب کراس چیک کےبعدہی تنخواہ جاری کی جائے گی
فرضی اساتذہ کےنام پر وصول کی جانے والی تنخواہوںکی بدعنوانی روکنےکیلئے محکمہ تعلیم نے اساتذہ کی تنخواہ جاری کرنےکیلئے پوسٹ میپنگ عمل متعارف کرایا ہے۔ اب اسکولوںمیں موجود ٹیچروںاور سنچ مانیتاپورٹل پراساتذہ کی منظور شدہ تعدادکی جانچ کےبعد اساتذہ کی تنخواہ جاری کی جائے گی۔ اسکولوںکو جون تک پوسٹ میپنگ کاعمل مکمل کرنےکی ہدایت دی گئی ہےتاکہ جون کی تنخواہ جولائی میں اداکی جائےسکے۔
واضح رہےکہ یہ سخت قدم امسال کے آغاز میں شالہ ارتھ گھوٹالے کےمنظر عام پر آنے کے بعد اُٹھایاگیاہے۔اس گھوٹالے میں اس بات کا پردہ فاش کیاگیاتھا کہ کس طرح اسکولوںمیں غیر موجود یا غیر قانونی طورپر فائز اساتذہ کی تنخواہیں وصول کی جا رہی تھیں۔ اس گھوٹالے یہ معلوم ہواتھا کہ کس طرح اسکولوں نے جعلی یا زائد تقرریاں دکھا کر اساتذہ کی تنخواہوںکی رقم وصول کرنے میں ہیرا پھیری کی تھی۔ اسی بدعنوانی کوروکنےکیلئے حکومت نے پوسٹ میپنگ سسٹم نافذ کرنےکا فیصلہ کیاہے تاکہ تنخواہوں کی تقسیم میں مالی بے ضابطگیوں کو روکاجاسکے۔اس مقصد کے تحت، دو سسٹم کو مربوط کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شالہ ارتھ، ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جسےاسکولی عملے کی تنخواہ کی ادائیگی کیلئے استعمال کیاجاتاہے اور سنچ مانیتا، ایک ایسا عمل جو فی اسکول منظور شدہ عملے کے عہدوں کو حتمی شکل دیتا ہے۔ ان دونوں مربوط نظام کی مدد سے فرضی عہدوں کےنام پر وصول کی جانے والی تنخواہوںکو روکاجاسکےگا۔
مہاراشٹرڈائریکٹوریٹ آف سیکنڈری اینڈہائرسیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے اس ضمن میں جاری کئے گئے سرکیولر کے مطابق’’اسکولوںکو ہدایت دی گئی ہےکہ وہ سرکاری طور پر منظور شدہ عہدوں کے ساتھ منسلک پوسٹ میپنگ کا عمل مکمل کرلیںتاکہ جون کی تنخواہ، جولائی میں ادا کی جاسکے۔اسی طرح، ہائیرسیکنڈری اسکولوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس ضمن میں اپنے منظور شدہ دستاویزات پی ڈی ایف فارمیٹ میں اپ لوڈ کریں اور اگست کے تنخواہ کی سائیکل سے پہلے جولائی میں پوسٹ میپنگ مکمل کرلیں۔
خیال رہےکہ حکومت کے پاس منظور شدہ عہدوںکے اعداد وشمار کا ڈیٹا ہمیشہ ہوتاتھا لیکن شالہ ارتھ پر دستیاب تعداد سےیہ ملتانہیں تھا، ان دو سسٹم کے انضمام سے اس معاملہ میں کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ کی کوئی گنجائش نہیں رہ جائے گی۔ایک مرتبہ اس سسٹم میں اسکول کاانتخاب ہونے کے بعد فرضی تقرریوںکے نام پراسکول تنخواہ حاصل نہیں کر سکیں گے کیونکہ یہ سسٹم خود بخود عملے کی منظور شدہ تعداد کو ظاہر کرے گا۔ اس طرح سے کسی فرضی شخص کی تنخواہ نہیں نکالی جاسکےگی۔