فلم ’’ایٹھا‘‘ کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے، جس میں شردھا کپور کی عظیم لوک فنکارہ وِٹھابائی نارائنگاؤںکر کے کردار میں زبردست تبدیلی کی جھلک دکھائی گئی ہے۔
EPAPER
Updated: June 24, 2026, 12:09 PM IST | Mumbai
فلم ’’ایٹھا‘‘ کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے، جس میں شردھا کپور کی عظیم لوک فنکارہ وِٹھابائی نارائنگاؤںکر کے کردار میں زبردست تبدیلی کی جھلک دکھائی گئی ہے۔
فلم’’کاک ٹیل ۲ ‘‘کی تھیٹر اسکریننگز سے غیر متوقع طور پر لیک ہونے کے بعد یہ ٹیزر کئی دنوں تک سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہا۔ اب فلمسازوں نے باضابطہ طور پر ’’ایٹھا‘‘ کا ٹیزر جاری کر دیا ہے، جس نے منگل کے روز آن لائن خوب دھوم مچا دی۔ دو منٹ اور چار سیکنڈ پر مشتمل اس ٹیزر میں شردھا کپور کو مشہور مراٹھی تماشا اور لاونی فنکارہ وِٹھابائی کے روحانی اور باوقار روپ میں پیش کیا گیا ہے، جس نے فلم بینوں میں تجسس اور جوش پیدا کر دیا ہے۔
ایٹھا کا ٹیزر جاری!
بایو پک ڈرامے کے اس ٹیزر میں شردھا کپور کی حیرت انگیز تبدیلی نمایاں ہے، جس نے فلم کے حوالے سے زبردست دلچسپی پیدا کر دی ہے۔ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ بچے کی پیدائش کے فوراً بعد بھی لاونی فنکارہ اپنے فن سے وابستگی برقرار رکھتی ہے اور اسٹیج پر واپس آ کر پرفارم کرتی ہے۔ ایک طاقتور واپسی کے ساتھ وہ زندگی کے اصولوں پر مبنی دل کو چھو لینے والا مکالمہ ادا کرتی ہے۔ آخر میں وہ کہتی ہے’’پڑی پڑی مری تو بیچاری کہلاؤں گی، ناچتے ہوئے مری تو مثال بن جاؤں گی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:فلم’دل تو پاگل ہے‘ کا کرشمہ والا کردارجوہی ،کاجول،اُرملا اور منیشا مسترد کرچکی تھیں
مداحوں کا ردِعمل
ٹیزر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے شردھا کپور کی شاندار اداکاری اور تبدیلی پر اپنی خوشی اور تعریف کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے پیش گوئی کرتے ہوئے لکھا: ’’نیشنل ایوارڈ لوڈنگ۔‘‘ ایک اور مداح نے تبصرہ کیا’’۲۰۲۶ءمیں اب تک دیکھا گیا یہ بہترین ٹیزر ہے۔‘‘ ایک صارف نے شردھا کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے لکھا’’استری سے ایٹھا تک، شردھا کپور کی بلندی کا ایک اور ثبوت۔ایک اور مداح نے کہا’’کیا زبردست پرفارمنس ہے شردھا، آپ واقعی لیڈی سپر اسٹار ہیں۔‘‘ جبکہ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا’’بالی ووڈ کی ملکہ شردھا کپور۔‘‘
فلم ’’ایٹھا‘‘ کے بارے میں
’’ایٹھا‘‘ اس سال کی سب سے زیادہ منتظر بایوپک میں شمار کی جا رہی ہے، جس کی ہدایت کاری لکشمن اُتیکر نے کی ہے۔ فلم میں شردھا کپور، مراٹھی تماشا اور لاونی کی لیجنڈری فنکارہ وِٹھابائی نارائنگاؤںکر کا کردار ادا کر رہی ہیں۔فلم میں وِٹھابائی کے شہرت کے سفر، ذاتی زندگی کے چیلنجز اور پیشہ ورانہ جدوجہد کو دکھایا گیا ہے۔ ’’ایٹھا‘‘ ۲۸؍ اگست ۲۰۲۶ء کوسنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔