Inquilab Logo Happiest Places to Work

قبل ازوقت بارش کا اثر ،سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ

Updated: June 07, 2025, 12:34 AM IST | Mumbai

عام آدمی کا گھریلو بجٹ بگڑا۔ کاشتکار خراب ترکاریوں اور پتے والی سبزیوںکو پھینکنے پرمجبور۔ سبزیاں کم آنے سے ان کے دام ۳۰؍ تا ۴۰؍فیصد بڑھ گئے

The increase in the price of vegetables has increased the burden on the pockets of the common man.
سبزی ترکاریوں کے دام میں اضافے سےعام آدمی کی جیب پربوجھ بڑھ گیا ہے۔ (تصویر: انقلاب)

قبل ازوقت ہونےوالی بارش سے ترکاریاں اور پتے والی سبزیاں سڑنے سے کاشتکار وں کو کافی نقصان ہوا اور وہ خراب ترکاریوں اور پتے والی سبزیوںکو پھینکنے پرمجبورہیں۔اس کی وجہ سے   واشی کے ایم پی سی اے مارکیٹ میں آنےوالی سبزیوں میں ۴۰؍فیصد کمی آئی ہےجس سے بیشتر ترکاریوںاور پتے والی سبزیوں کے داموں میں ۳۰؍ تا  ۴۰؍فیصد کااضافہ ہوا ہے۔۱۵؍دن قبل معمولی سی کوتمیر ۲۰؍ تا۳۰؍ روپے جوڑی تھی، وہ اب ۵۰؍ تا۷۰؍روپےمیں فروخت ہورہی ہے۔ اسی طرح ہرامسالہ کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے جس سے عام آدمی کے گھر کا بجٹ بری طرح متاثر ہوا ہے۔
 مدنپورہ ، محمدعمررجب روڈ پر واقع محمدیہ پیلس کی عائشہ انصاری نے انقلاب کوبتایاکہ ’’ ترکاریوںاور پتے والی سبزیوں کےعلاوہ ہرامسالہ کی قیمتیں آسمان چُھو رہی ہیں۔ ۱۵؍دنوں پہلے جو کوتمیر ۲۰، ۳۰؍روپے میں ملتی تھی،  وہ ۵۰، ۷۰؍روپے جوڑی مل رہی ہے۔ ہری مرچ ، ادرک ، لہسن، پیاز اور آلوبالترتیب ۸۰، ۱۲۰، ۲۰۰،۴۰، ۴۰؍ روپے کلو فروخت ہورہا ہے جو ہفتہ دس دن پہلے ۳۰،۴۰؍فیصد کم قیمتوں پر دستیاب تھے۔ ہرا مسالہ اور پتے والی سبزیاںکافی مہنگی ہوگئی ہیں۔ جو پالک ۱۵؍ روپے میں تھی، اب ۴۰؍ روپےمیں مل رہی ہے۔ سبزیوں کی قیمتوں میں ہونےوالے اس اضافہ سے گھر کابجٹ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ہرروز کھانے پینے کی ضروری اشیاءکی قیمتوںمیں ہونے والےاضافے سے عام شہری سخت پریشان ہےلیکن حکومت پر اس کاکوئی اثرنہیں ہورہاہے۔ ‘‘
 مورلینڈروڈ کےسبزی فروش محمد عالم نے بتایاکہ ’’ ہمارے لئے کاروبار کرنادشوارہوگیاہے۔ ساری سبزیوںکی قیمتیں دگنی ہوگئی ہیں۔ جو پالک ۱۵؍روپے کی تھی،وہ ۴۰؍روپے میںفر وخت کرنےپر مجبورہوں۔ اسی طرح سبھی سبزیوںکی قیمتوںمیں ۲۵؍ تا۳۰؍فیصد کا اضافہ ہواہے۔ سمجھ میں نہیں آتاہےکہ کاروبار کیسے کریں۔ ‘‘ ایک سوال کےجواب میں انہوں نےبتایاکہ ’’تھوک دکانداروںکی زبانی سنا ہے کہ گزشتہ دنوں معمول سے پہلے ہونےوالی بارش سے کھیتی خراب ہوئی ہے جس کی وجہ سے سبزیوں کے پیداوار میں کمی آئی ہے ۔تھوک بازار میں مال کم آنے سے قیمتوںمیں اضافہ ہواہے۔‘‘
  اے پی ایم سی ویجی ٹیبل مارکیٹ کے ڈائریکٹرشنکر پنگلے کےمطابق ’’گزشتہ دنوںہونےوالی بارش کی وجہ سے کھیت میں فصلیں خراب ہوگئی  ہیںجس کی وجہ سے کاشتکارسڑگل جانےوالی سبزیاں پھینکنے پر مجبورہیں۔سبزیاں  ضائع ہونے سے اے پی ایم سی کی تھوک منڈی میں ۴۰؍فیصد کم سبزیاںآرہی ہیں ۔اس کی وجہ سے خردہ بازار میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ معمول سے پہلے ہونےوالی بارش نے کسانوں کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔ ٹماٹر، کالی مرچ، گوبی،پھول گوبی، گوار، دودھیااور دیگر تمام سبزیاں کھیت میں خراب ہونے سے پھینک دی گئی ہیں،اس کی وجہ سے آمد میں کمی آئی ہے۔ ایسی ہی صورتحال مانسون کے بعد بھی پیدا ہونے کا امکان ہے، کسان اور تاجر اس بارے میں کچھ نہیں کر سکیں گے۔سبزیوںکی آمد کم ہونے کاخردہ تاجر کچھ زیادہ ہی فائدہ اٹھاتے  نظر آرہے ہیں۔ ریٹیل مارکیٹ میں سبزیوں کی قیمت ۸۰؍ سے ۱۲۰؍روپے فی کلو ہے جبکہ تھوک قیمت ۴۰؍سے ۶۰؍ روپے فی کلو ہے۔اسی طرح پتوں والی سبزیوں کی قیمتیں ۶؍سے ۱۲؍ روپے فی کلو ہیں، جن کی خردہ قیمتیں ۴۰؍ سے ۵۰؍ روپے فی کلو ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK