اہل فلسطین کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام ،خلیجی ممالک کے ساتھ یورپی ممالک ،افریقی ممالک اور امریکہ میں بھی عید منائی گئی اور قربانی کی گئی ، برصغیر میں آج عید
EPAPER
Updated: June 07, 2025, 12:36 AM IST | Makkah
اہل فلسطین کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام ،خلیجی ممالک کے ساتھ یورپی ممالک ،افریقی ممالک اور امریکہ میں بھی عید منائی گئی اور قربانی کی گئی ، برصغیر میں آج عید
خلیجی ممالک ، یورپی ممالک ، افریقی ممالک اور براعظم امریکہ کے تمام ممالک میں جمعہ کو ایک ساتھ عید الاضحی منائی گئی اور قربانیاں دی گئیں۔ اس موقع پر عید کی نماز کا سب سے بڑا اجتماع مکہ مکرمہ میں ہوا جہاں عید الاضحی کی نمازانتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی۔ یہاں لاکھوں مسلمانوں نے مسجد الحرام میں نماز میں شرکت کی۔ نماز کے بعد حجاج کرام نے جمرہ عقبہ کی رمی کی رسم ادا کی اور سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی پیش کی۔ اس موقع پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی عبادات کی قبولیت اور عالم اسلام کی سلامتی اور ترقی کے لئے دعائیں کیں ۔
مدینہ منورہ میں عید
مدینہ منورہ میں بھی مسجد نبویؐ میں نماز عید کی ادائیگی کے لئے لاکھوں افراد جمع ہوئے۔ نماز کے بعد سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی خوشیوں میں شریک ہونے کی مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے حج کے بہترین انتظامات کے لئے عملے کے ہزاروں اراکین کو مبارکباد بھی پیش اور عہد کیا کہ اگلے سال اس سے بہتر انتظامات کے ساتھ وہ عازمین حج کی خدمت میں حاضر ہوں گے ۔
خلیجی ممالک کی عید
متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں بھی عید کی نماز باجماعت ادا کی گئی جہاں امن، خوشحالی اور قربانی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ دبئی کے علاقے القصص میں کلمہ سینٹر کے زیرِ اہتمام سب سے بڑا اجتماع ہوا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ دبئی کے علاقے القصص میں کلمہ سینٹر کے زیرِ اہتمام سب سے بڑا نماز عید کا اجتماع منعقد ہوا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر امن، خوشحالی اور قربانی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ اماراتی قیادت کی امن اور مستحقین کی مدد کے جذبے کو اُجاگر کرنے کی اپیل کی گئی۔
یواے ای کے دیگر علاقے
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی تمام ریاستوں میں عید الاضحی کی نماز عقیدت و احترام سے ادا کی گئی۔ابوظہبی کی شیخ زاید جامع مسجد میں نماز عید کے روح پرور اجتماع میں یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے شرکت کی۔ ان کے ہمراہ حکومتی عہدیداران اور اعلیٰ عہدوں پر فائز شخصیات بھی موجود تھیں۔ نماز کے بعد خطبہ دیا گیا جس میں اس موقع کی روحانیت اور اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ شیخ محمد بن زاید نے عید کی مبارکباد دیتے ہوئے امت مسلمہ کی خوشحالی اور امن کے لئے دعائیں کیں۔نماز کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کا سلسلہ جاری ہے۔
یروشلم میں عید کا اجتماع
یروشلم میں تقریباً ۴۰؍ ہزار فلسطینیوں نے مسجد اقصیٰ میں نماز عید ادا کی حالانکہ اسرائیلی فورسیز نے ہزاروں افراد کو مسجد تک پہنچنے سے روکا۔مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فورسیز نے نماز کے دوران اور اس کے بعد بھی فلسطینیوں کی شناخت چیک کی اور کئی نوجوانوں کو مسجد کے دروازوں کے باہر نماز پڑھنے پر مجبور کیا۔ اس کے علاوہ بیت لحم میں ہزاروں افراد نے عمر بن خطاب اسکوائر میں نماز عید ادا کی، جو شہر میں بین المذاہب ہم آہنگی کی علامت ہے