Inquilab Logo Happiest Places to Work

فتاوے: وراثت کا مسئلہ،غریب علاقوں میں زکوٰۃ کی رقم سےقربانی،یوم عرفہ کا ایک سوال

Updated: June 06, 2025, 5:08 PM IST | Mufti Azizurrehman Fatehpuri | Mumbai

شریعت کی روشنی میں اپنے سوالوں کے جواب پایئے۔ آج پڑھئے: (۱)وراثت کا مسئلہ  (۲) غریب علاقوں میں زکوٰۃ کی رقم سے قربانی (۳)یوم عرفہ کا ایک سوال۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

وراثت کا مسئلہ 
 متوفی زید لا ولد فوت ہوا۔ وارثوں میں بیوی اور ماں کے علاوہ ایک بہن اور دوسری متوفیہ بہن کی ایک بیٹی بھی ہے۔ مرحوم نے مرحومہ بہن کی بیٹی کے لئے بیس فیصد کی وصیت بھی کی ہے جس کا تمام لوگوں کو علم ہے۔ اس صورت میں کس کو کیا ملے گا اور وصیت کی کیا حیثیت ہے؟ فہیم الدین ممبئی 
باسمہ تعالیٰ۔ ھوالموفق: صورت مسئولہ میں بیوی، ماں اور بہن یہ تینوں ترکہ میں حقدار ہیں۔ چونکہ متوفی لا ولد فوت ہوا ہے اس لئے بیوہ کو ایک چوتھائی نیز ماں کو ایک تہائی اور بہن کو نصف ملےگا۔ بہن کی بیٹی ذوی الارحام میں سے ہے اس لئے اس صورت میں اس کاترکہ میں کوئی حصہ نہیں ہے البتہ چونکہ یہ وارث نہیں ہے اس لئے اس کے واسطے جو وصیت مرحوم کی ہے وہ نافذ ہوگی۔ چنانچہ ترکہ کی تقسیم سے پہلے یہ وصیت پوری کی جائےگی۔ حقوق مقدمہ، قرض اور وصیت وغیرہ کے بعد ترکہ کے ۱۳؍ سہام بناکر ۳؍ سہام بیوی کو، ۴؍ماں کو اور ۶؍ سہام بہن کو ملیں گے۔ (یہ مسئلہ عائلہ ہے اصل مسئلہ بارہ سے بنا لیکن وارثوں کے حصوں میں ایک حصےکی زیادتی کی بناء پر بجائے بارہ کے تیرہ حصوں میں ترکہ تقسیم ہوگا)۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم
غریب علاقوں میں زکوٰۃ کی رقم سے قربانی
 کیا کچھ غریب علاقوں میں زکوٰۃ کی رقم سے بکرے خرید کر بھیجے جا سکتے ہیں، تاکہ وہاں کے لوگ بھی عید کے دن بکرے کا گوشت کھا سکیں۔ کیا یہ مناسب ہوگا؟ عبداللہ، ممبئی
باسمہ تعالیٰ۔ ھوالموفق: غریبوں کی ضروریات کو سمجھنا اور ان کی مدد کرنا اسلامی تعلیمات کا ایک اہم جزو ہے۔ قرآن و حدیث کا سرسری مطالعہ بھی یہ سمجھنے کے کافی ہے کہ ان کی فلاح وبہبود کے لئے جو بھی کام کیا جائے وہ نیکی اور خیر والا عمل ہے، اسلام نے اس کے لئے کوئی حدبندی نہیں کی بلکہ جب جہاں جیسی ضرورت ہو اس کی فکر اور اس کے لئے جدوجہد نیک اعمال میں شامل ہے۔ پھر ان کی مدد صرف زکوٰۃ ہی پر منحصر نہیں زکوٰۃ کے علاوہ اپنے خالص مال سے بھی ان کا تعاون کیا جائے اس کے متعلق بھی ہدایات موجود ہیں۔ اسلامی تعلیمات کی رو سے ہر قربانی کرنے والے کے لئے مستحب یہ ہے کہ اپنی قربانی کا ایک تہائی گوشت غریبوں میں تقسیم کرے لہٰذا ان کے لئے قربانی کے جانوروں کا انتظام غلط نہ کہلائےگا۔ صورت مسئولہ میں زکوٰۃ کی رقم سے قربانی کے جانور خرید کر بھیجنے ہی کے متعلق ہے۔ بہت سے لوگ اس پر اپنے اپنے طور سے عمل پیرا بھی ہیں اور عام طور پر زکوٰۃ ہی پر ان کا انحصار نہیں ہوتا۔ زکوٰۃ کے سلسلے میں یہ ذہن نشین رکھنا ضروری ہے کہ زکوٰۃ کی ادائیگی کیلئے مستحق کو مالک بنانا ضروری ہے اس لئے زکوٰۃ کی رقم سے جانور بھیجنے کی صورت میں یہ احتیاط کی جانی چاہئے کہ کسی مستحق کو مالک بنادیا جائے، پھر بحیثیت مالک اسے یہ اختیار ہوگا کہ وہ اپنی مرضی سے تصرف کرے۔ اس لئے بہتر یہ ہے کہ غیر زکوٰۃ سے ان علاقوں میں قربانی کے جانور بھیجنے کا نظم کیا جائے تاہم اگر زکوٰۃ کی رقم ہی میں سے بھیجنا ہو تو ہر مستحق کو مالک بنانا ضروری ہوگا، اس کے بغیر زکوٰۃ ادا نہ ہوگی۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم
یوم عرفہ کا ایک سوال 
  یوم عرفہ کے روزے کی جو فضیلت وارد ہوئی ہے اس کا ثبوت تو یقینی ہے لیکن یہ اس دن رکھا جائےگا جب حاجی مقام عرفات میں وقوف کرتے ہیں یا مطلقاًنو (۹) ذی الحجہ کو رکھا جائے گا چاہے ہمارے یہاں ۹؍ ذی الحجہ وقوف عرفہ سے ایک دو دن پہلے یابعد واقع ہو؟ نسیم الحق، بہار
 باسمہ تعالیٰ۔ ھوالموفق:عبادات کے اوقات اور ایام کے متعلق یہ طے شدہ امر ہے کہ بندۂ مومن جہاں مقیم ہو وہیں کے اوقات کا مکلف ہوتا ہے چنانچہ نماز کے اوقات اس کیلئے وہی ہوں گےجہاں وہ اس وقت موجود ہو۔ رمضان المبارک میں سحری اور افطار کا حکم مقامی وقت کے اعتبار سے ہو گا حتیٰ کہ ملک کے دوسرے مقامات کے طلوع و غروب میں تفاوت ہو تو اسے مقامی وقت کی ہی رعایت کرنی ہوگی۔ عرب ممالک اور ہمارے یہاں تاریخ کا فرق بھی اکثر رہتا ہے لیکن رمضان کی ابتداء اور اختتام میں ہماری اپنی تاریخوں کا ہی اعتبار ہوگا۔ تاریخوں کے فرق کی وجہ سے عرب میں عید اور بقرعید کے ایام میں فرق رہتا ہے مگر یہ کسی نے نہیں کہا کہ نماز عید اور قربانی میں وہاں کی رعایت کی جائے۔ یہی نوعیت ۹؍ ذی الحجہ کی بھی ہے۔ انسان جہاں قیام پزیر ہے جب وہاں ۹؍ ذی الحجہ ہو اس دن عرفہ کا روزہ رکھےگا، وقوف عرفات خواہ اسی دن ہو یا ایک دو دن پہلے یا بعد۔ واللہ اعلم وعلمہ اتمn

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK