ذبح کئے گئے جانوروں کی تصاویر سوشل میڈیا پر ڈالنے سےگریز کرنے کی تلقین ۔ ملی تنظیموں ،شہری انتظامیہ اورپولیس کی جانب سے توجہ دلائی گئی ۔ عیدقرباں پر پولیس کا سخت بندوبست
EPAPER
Updated: June 07, 2025, 12:41 AM IST | Mumbai
ذبح کئے گئے جانوروں کی تصاویر سوشل میڈیا پر ڈالنے سےگریز کرنے کی تلقین ۔ ملی تنظیموں ،شہری انتظامیہ اورپولیس کی جانب سے توجہ دلائی گئی ۔ عیدقرباں پر پولیس کا سخت بندوبست
آج عید قرباںکے موقع پر شہر و مضافات میں پولیس کا سخت بندوبست کیا گیا ہے۔ ۱۲؍ ہزار پولیس کے جوان پہرہ دیں گے۔ عیدالاضحیکی نماز اور قربانی کی جگہوں پر خصوصی نگرانی رکھی جائے گی۔اسی طرح قربانی کے دوران صاف صفائی کا خیال رکھنے اور بڑے جانوروں کا گوشت لانے کے دوران احتیاط برتنے پر بھی توجہ دلائی گئی ہے تاکہ نظم ونسق کےساتھ کسی شرپسند کو شرارت کرنے کا موقع نہ مل سکے۔
پولیس کے جوان رات سے ہی نگرانی پرمامور ہوں گے
عیدقرباں میںپولیس بندوبست کے تعلق سےجوائنٹ پولیس کمشنر لاء اینڈ آرڈر ستیہ نارائن چودھری سے استفسار کرنے پر انہوں نے نمائندۂ انقلاب کوبتایاکہ ’’ بقرعیدمیںحفاظتی انتظامات کے تعلق سے پہلے سے ہی خاکہ تیار کرلیا گیا ہے۔ جمعہ کی رات سےہی پولیس کے جوان بقرعید کی نماز اور قرباں گاہو ں کے قریب پہرہ دیں گے۔ ‘‘ انہوں نےیہ بھی بتایاکہ’’ ۱۲؍ہزار جوان شہر اورمضافات میںالگ الگ علاقوں اورمساجد کے قریب تعینات کئے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی حسبِ ضرورت اعلیٰ افسران بھی سکیوریٹی انتظامات کاجائزہ لیتے رہیں گے۔ کوشش کی جارہی ہے کہ تہوار میںلوگ اچھی طرح خوشیاں منائیں اور کوئی ایسی شکایت نہ ملے جس سے کسی کو تکلیف یا دشواری ہو ۔‘‘جوائنٹ سی پی کے مطابق ’’ لوگوں کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ایک دوسرے کاخیال رکھیں اورقربانی کے تعلق سے دی گئی ہدایات کو ملحوظ رکھیں۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ ’’اس کےباوجود اگر کوئی گڑبڑکرنے کی کوشش کرےگا تو قانون اپنا کام کرے گا ۔‘‘
ملی تنظیموں ،شہری انتظامیہ اورپولیس کی جانب سے یاددہانی
عیدقرباں کے موقع پرملی تنظیموں جمعیۃ علماء، جماعت اسلامی، جمعیت اہل حدیث، ملی کونسل، علماء کونسل، علماء بورڈ، امام الہند فاؤنڈیشن اور رابطہ مدارس اسلامیہ کی جانب سے ۱۰؍ اہم امور کی جانب توجہ دلائی گئی ہے، وہ درج ذیل ہیں:
(۱)قربانی کا فریضہ انجام دینےکے وقت احتیاط برتی جائے ۔ جانور ذبح کرتے وقت یا ذبح کئے گئےجانور کی تصاویر سوشل میڈیا پر نہ ڈالی جائیں(۲) صاف صفائی کا خاص خیال رکھتے ہوئے آلائش اورخون وغیرہ بی ایم سی کے فراہم کردہ ڈبوں میں ڈالیں (۳) جہاں قربانی کی اجازت دی گئی ہےیا جن عمارتوں کے احاطے میںقربانی کی جاتی ہے، وہاں بطور خاص صاف صفائی کا خاص خیال رکھاجائے اور راستے میں قربانی نہ کی جائے (۴)خون آلود کپڑوں میںاورچھریاں لے کر نہ گھومیں، باہر جانے سے قبل کپڑے تبدیل کرلیں (۵) دیونار سے قربانی کا گوشت لانے کے وقت ڈھک کرلایا جائے اور گوشت پر اس طرح کپڑا وغیرہ ڈال دیاجائے کہ راستے میںخون نہ ٹپکے (۶) بالفرض اگر کوئی شرپسند شرارت پرآمادہ ہو تو اس سے نہ الجھیں بلکہ قریب میں پولیس اسٹیشن یا کنٹرول روم میں ۱۰۰؍ نمبرپرفون کریں (۷) قربانی ایک مقدس فریضہ ہے، ہمارے کسی عمل سے اس کاتقدس پامال نہ ہونے پائے (۸) چمڑے کی خریداری کا مسئلہ ہے اس لئے جہاں گنجائش ہو وہاں دفن کردیں ۔ اگر کچرے کے ڈبے میںڈالنے کی نوبت آئے تویہ خیال رہے کہ اس طرح ڈالاجائے کہ کتّے اسے راستے پر نہ نوچیں(۹) نماز عیدالاضحی کی ادائیگی اور قربانی کے دوران جہاںبھی پولیس کےجوان پہرہ دیں، ان کا تعاون کریں (۱۰) قربانی کے فریضے کی ادائیگی میںاس طرح حسنِ عمل کا مظاہرہ کیاجائے جس سے اسلام کا عظیم پیغام عام ہو اور سنتِ ابراہیمی ؑکے ذریعے لوگوں کو ایسا سبق ملے جو قربانی کی اصل روح اوراس مبارک سنّت کا مقصود ہے ۔