Inquilab Logo

ایکناتھ کھڑسے ایک بار پھر بھڑکے، نام لئے بغیر پارٹی لیڈروں پر تنقید کی

Updated: September 03, 2020, 9:39 AM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon

پارٹی میں کنارے لگا دیئے گئے سابق ریاستی وزیر محصولات اور بی جے پی کے سینئر لیڈر ایکناتھ کھڑسے نے ایک مرتبہ پھر اپنی جھلاہٹ کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنی ہی پارٹی کے چند لیڈروں کا نام لئے بغیر ان پر شدید تنقید کی ہے ۔

EKnath Khadse - Pic : INN
ایکناتھ کھڑسے ۔ تصویر : آئی این این

پارٹی میں کنارے لگا دیئے گئے سابق ریاستی وزیر محصولات اور بی جے پی کے سینئر لیڈر ایکناتھ کھڑسے نے ایک مرتبہ پھر اپنی جھلاہٹ کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنی ہی پارٹی کے  چند لیڈروں کا نام لئے بغیر ان پر شدید تنقید کی ہے ۔کھڑسے نے کہا کہ’’ دس پندرہ سال پہلے پارٹی میں اُبھرنے والے قائدین اب ہمیں عقل بانٹ رہے ہیں۔‘‘ یاد رہے کہ۲؍ ستمبر کو کھڑسے کی ۶۸؍ویں سالگرہ تھی ۔اس حوالے سے مکتائی نگر میں واقع ان کی رہائش گاہ پر مباکباد دینے والوں کا تانتا بندھا ہوا تھا ۔اسی موقع پر انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سےگفتگو کرتے ہوئے مذکورہ جملوں کا اظہار کیا ۔
 واضح رہے کہ بھوسری کی ایم آئی ڈی سی کی زمین کے بدعنوانی کے معاملے میںکھڑسے پر الزام عائد کیا گیا جس کی وجہ سے انہیں وزارت سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے ریاست کی  بی جے پی  اکائی کی موجودہ قیادت سے وقتاً فوقتاً لیکن دبے لہجے میں اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔ کھڑسے نے کہا کہ انہوں نے کبھی پارٹی  کے خلاف کوئی کام نہیں کیا، نہ کبھی زبان سے اظہار کیا ۔ایک سوال کے جواب میں  انہوں نے کہا کہ گوپی ناتھ منڈے ، نتن گڈکری ، گریش باپٹ، سدھیر منگنٹی وار اور میں نے ناساز گار حالات میں پارٹی کو زندہ رکھنے کیلئے اور ریاست میں پارٹی کو اقتدار میں لانےکیلئے سخت محنت کی تھی۔ماضی میں شیوسینا سے اتحاد نہیں تھا تب بھی۱۲۳؍ نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے اقتدار تک پہنچے تھے لیکن ۲۰۱۹ء کے اسمبلی الیکشن کے موقع پر ریاست اور مرکز میں پارٹی کی حکومت تھی، حالات بھی  سازگارتھے، اس کے باوجود پارٹی اقتدار تک نہیں پہنچ پائی۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر اس کی وجہ کیا ہے ؟ پھر اس سوال کا خود ہی جواب دیتے ہوئے کہا کہ چند  لوگوں کی وجہ سے پارٹی اقتدار سے محروم ہوگئی ہے۔
 کھڑ سے نے فرنویس کا نام لئے بغیر ان کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران کہا گیا کہ ’’میں دوبارہ آؤں گا ، میں دوبارہ آؤں گا‘‘۔ یہ بات عوام کو پسند آئی یا نہیں ،میں اس کی تحقیقات کررہا ہوں۔ کھڑ سے نے کہا کہ میں گزشتہ ۴۰؍ برسوں سے پارٹی کا وفادار رہا ہوں، یہی وجہ ہے کہ کارکنوں میں یہ احساس اور غصہ ہے کہ پارٹی نے میرے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کارکنوں کا یہ غصہ کسی بھی دن شدت کے ساتھ پھٹ سکتا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی سمیت تمام سیاسی جماعتوں میں مجھے ماننے والے موجود ہیں، کورونا کا قہر ختم ہونے کے بعد میں کارکنوں کے جذبات کو جاننے کی کوشش کروں گا۔اس دوران کئی جماعتوں نے مجھے اپنی پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی لیکن ۴۰؍برسوں سے پارٹی کی وفاداری کی وجہ سے اسے چھوڑ کر جانے کا خیال کبھی میرے دل میں نہیں آیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK