اسکیم سے استفادہ کرنے والی خواتین پریشان، افسر نے پورٹل پر زیادہ بوجھ ہونے اور اس مسئلہ کو حل کرنے کا یقین دلایا ، ۱۸؍ نومبر سے قبل ای کے وائی سی کروانا لازمی
EPAPER
Updated: September 28, 2025, 2:10 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
اسکیم سے استفادہ کرنے والی خواتین پریشان، افسر نے پورٹل پر زیادہ بوجھ ہونے اور اس مسئلہ کو حل کرنے کا یقین دلایا ، ۱۸؍ نومبر سے قبل ای کے وائی سی کروانا لازمی
ریاستی حکومت کی جانب سے ۲۱؍ تا ۶۵؍ سال عمر کی اہل خواتین کو خود مختار بنانے کے مقصد سے فی خاتون ماہانہ ۱۵۰۰؍روپے وظیفہ دینے والی ’مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہین یوجنا ‘ شروع کی اور اب اس اسکیم سے استفادہ کرنے والی خواتین کو ویب پورٹل پر ’ای کے وائی سی‘ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور یہ کام انہیں ۲؍ ماہ کے اندر یعنی ۱۸؍ نومبر سے قبل کرنا ہے۔ لیکن مذکورہ ویب پورٹل کام نہ کرنے کے سبب خواتین پریشان ہیں اور ان کا ای- کے وائی سی نہیں ہو پارہا ہے۔ مستفید بہنوں کو ڈر ہے کہ اگر ان کا ای کے وائی سی نہیں ہوا تو وہ سرکاری وظیفہ سے محروم ہو جائیں گی۔ اس ضمن میں جب انقلاب نے متعلقہ افسر سے استفسار کیا تو انہوںنےسرور ڈاؤن ہونے کا اعتراف کیا اور اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے ضروری اقدام کرنے کا یقین دلایا ۔
لاڈلی بہن اسکیم سے استفادہ کرنے والی ایک خاتون جمیلہ انصاری نے بتایا کہ ’’حکومت نے لاڈلی بہن یوجنا سے استفادہ کرنے والی خواتین کو ’ای کے وائی سی‘ کرنےکی ہدایت دی ہے لیکن بتائے گئے ویب پورٹل پر جب مَیں نے لاگ اِن کرنے کیلئے اپنا آدھار نمبر اور کیپچا ڈالا اور سینٹ حلف نامہ کو قبول کرتے ہوئے ’او ٹی پی بھیجئے‘ پر کلک کیا تاکہ آگے کا فارم پُر کر سکوں تو کچھ دیر تک تو کرسر گول گول گھومتا رہا اور اس کےبعد سرخ رنگ کے ساتھ انگریزی میں ایک ’ایرر‘پیغام موصول ہوا جس کا مفہوم تھا کہ ویب پورٹل پر کافی ٹریفک ہے ،اس لئے کچھ دیر بعد کوشش کیجئے۔انہوںنے مزید کہا کہ’’ حکومت نے جلد از جلد ای کے وائی سی کرنے کہا ہے لیکن جب ویب پورٹل ہی نہیں چلے گا تو یہ کام کیسے ہوگا؟‘‘
اس ضمن میں محکمہ برائے خواتین واطفال بہبود محکمہ کی وزیر ادیتی تٹکرے کے ایک افسر سے استفسار کیاگیا تو انہوں نے کہا کہ ’’ بیک وقت بڑی تعداد میں خواتین کے ذریعے ویب پورٹل پر لاگ اِن کرنے سے لوڈ بڑھ گیا ہے اور اسی لئے مسئلہ ہو رہا ہے۔ اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے ہم کام کر رہے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ ای کے وائی سی کرنے کیلئے ۲؍ ماہ کی مہلت دی گئی ہے۔‘‘
نیا رجسٹریشن بند ہے
نمائندہ ٔانقلاب کے ذریعے اس استفسار پر کہ جو خواتین اہل ہیں لیکن اب تک وہ لاڈلی بہن اسکیم کے لئے اندراج نہیں کر سکی ہیں تو کیا نئی عرضی گزار بھی درخواست دے سکتی ہیں؟ افسر نے کہا کہ’’ اب تک نئے رجسٹریشن کا سلسلہ شروع نہیں کیاگیاہے۔‘‘
وظیفہ بند ہونے پر ضلع کی افسر سے رابطہ کریں
اس استفسار پر کہ جن خواتین کا وظیفہ بند کردیا گیا ہے اس کی وجہ کہا ںاور کس سے معلوم ہو سکتی ہے؟افسر بتایا کہ ’’ایسی خواتین اپنے ضلع کے بہبودخواتین و اطفال کے محکمہ کی افسر یا چائلڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ آفیسر(سی ڈی پی او) سے رابطہ قائم کر سکتی ہیں۔‘‘
واضح ہے کہ محکمہ برائے خواتین واطفال بہبود کی وزیر ادیتی تٹکر نے لاڈلی بہن اسکیم سے استفادہ کرنے والی خواتین سے ویب پورٹل :
ladakibahin.maharashtra.gov.in
پر جلد از جلد اپناای کے وائی سی کرنے کی درخواست کی ہے تا کہ اس اسکیم میں شفافیت لائی جائے۔
یاد رہے کہ اس اسکیم سے ایک خاندان سے زیادہ سے زیادہ ۲؍ہی خواتین( ایک شادی شدہ اور ایک غیر شادی شدہ)کو فائدہ مل سکتاہےلیکن کئی ایسے معاملات سامنے آئے ہیں جن میں ایک خاندان سے ۲؍ سےزائد خواتین نے استفادہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ استفادہ کیلئے ایسی خواتین کو اہل قرار دیا گیا ہے جن کے خاندان کی سالانہ آمدنی ڈ ھائی لاکھ سے کم ہو اور عرضی گزار یا اہل خانہ سرکاری /نیم سرکاری ملازم نہ ہوں۔ان شرائط کے باوجود یہ انکشاف ہوا ہے کہ کئی سرکاری ملازمین یا ان کے رشتہ داروں نے بھی اس اسکیم سےاستفادہ کیا ہے۔