’’قوم پہلے‘‘ کانظریہ اب ’’غنڈے اور چور پہلے‘‘ میں بدل چکا ہے، شیوسینا (یو بی ٹی) سربراہ کا الزام ، فرنویس کو ممبئی کے ساتھ پونے اور دیگر کارپوریشنوں میں بھی کامیابی کا یقین، اجیت پوار کے تعلق سے نرمی کا اظہار،ریاستی سطح پرساتھ ہونے کا حوالہ دیا
EPAPER
Updated: January 14, 2026, 7:52 AM IST | Mumbai
’’قوم پہلے‘‘ کانظریہ اب ’’غنڈے اور چور پہلے‘‘ میں بدل چکا ہے، شیوسینا (یو بی ٹی) سربراہ کا الزام ، فرنویس کو ممبئی کے ساتھ پونے اور دیگر کارپوریشنوں میں بھی کامیابی کا یقین، اجیت پوار کے تعلق سے نرمی کا اظہار،ریاستی سطح پرساتھ ہونے کا حوالہ دیا
بی ایم سی سمیت ریاست کی ۲۹؍ میونسپل کارپوریشنوں کیلئے منگل کو انتخابی مہم کا شور تھم گیا۔ سب کی توجہ اب جمعرات کی پولنگ پر ہے جس میں جہاں بی جےپی کی نظر بی ایم سی میں میئر کے عہدہ پر ہے تو وہیں ٹھاکرے برادران (راج اور اُدھو)متحد ہوکر اسے روکنے کیلئے پُر عزم ہیں۔ انتخابی مہم کے آخری دن منگل کو تھانے میں اُدھو ٹھاکرے نے زعفرانی پارٹی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی نے اپنے پرانے’ قوم پہلے‘ نظریہ کو ترک کرکے اب ’غنڈے اور چور پہلے‘ کا نعرہ اپنا لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں کہا کہ وہ ’’ پرانی بی جے مرچکی ہے‘‘ جو قومی مفاد کو سب سے اوپر رکھتی تھی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ممبئی اور تھانے کے اگلے میئر صرف مہاراشٹرین ہوں گے۔ اُدھر وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے پونے میں خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے گفتگو میں کہا کہ ’’ممبئی سمیت پوری ریاست کے عوام نے بی جے پی کی قیادت والی مہایوتی کو ووٹ دینے اوراسے اقتدار میں لانے کافیصلہ کرلیا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ مہایوتی میں بی جےپی اور شیوسینا (شندے) کے ساتھ این سی پی(اجیت پوار) بھی ہے تاہم جونیئر پوار نے کارپوریشن الیکشن اکیلے لڑا ہے۔ فرنویس نے پونے کی انتخابی مہم میں فرنویس کے ذریعہ بی جےپی کو نشانہ بنانے پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ’’میں نے تحمل کا مظاہرہ کیا مگر دادا(اجیت پوار) نے نہیں کیا۔ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ انہوں نے ایسا کیوں نہیں کیا۔‘‘ اس سوال پر کہ کیا بی جےپی پونے اور پمپری چنچواڑ میں میونسپل کارپوریشن میں اقتدار میں آنے کے بعد اجیت پوار کی پارٹی کو ساتھ لے گی، وزیراعلیٰ نے جواب دیا کہ ’’دادا یہاں اپوزیشن میں ہیںمگر ریاستی سطح پر وہ ہمارے ساتھ ہیں۔‘‘