Inquilab Logo Happiest Places to Work

تمل ناڈو اور مغربی بنگال میں انتخابی گہماگہمی تیز، پارٹیوں نے پوری طاقت جھونکی

Updated: April 21, 2026, 9:56 AM IST | Kolkata

امیت شاہ ،راہل گاندھی ، اسٹالن، کیجریوال اور چندرابابو نائیڈو نے تمل ناڈو میں جبکہ ملکارجن کھرگے، ممتا بنرجی، راج ناتھ سنگھ، محمد اظہرالدین اور اسمرتی ایرانی نے مغربی بنگال میں انتخابی مہم چلائی

Mohammad Azharuddin was arrested while campaigning in support of Congress candidate Aqib Gulzar in the Kolkata Port Assembly constituency.
کولکاتا پورٹ اسمبلی حلقے میں کانگریس کے امیدوار عاقب گلزار کی حمایت میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے محمد اظہرالدین کو

 تمل ناڈو اسمبلی انتخابات اور مغربی بنگال الیکشن کے پہلے مرحلے کیلئے انتخابی مہم چلانے کی مہلت ختم  ہونے سے ایک دن قبل دونوں ہی ریاستوں میں زبردست سیاسی گہماگہمی رہی۔ اس دوران تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے امیدواروں کی کامیابی کیلئے پوری طاقت جھونک دی۔تمل ناڈو  میں جہاں وزیرداخلہ امیت شاہ مصروف نظر آئے، وہیں بی جے پی کی حمایت میں آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ اور تیلگو دیشم پارٹی کے سربراہ چندرا بابو نائیڈو نے بھی انتخابی مہم چلائی۔ اسی طرح ریاستی وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے کئی انتخابی حلقوں میں پد یاترا کی۔ ان کی حمایت میں دہلی کے سابق وزیراعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے بھی انتخابی ریلیاں کیں۔اس دوران کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ایک ہی دن میں تین انتخابی ریلیوں میں شرکت کی اور بی جے پی کو جم کر نشانہ بنایا۔
 اسی طرح مغربی بنگال میں کانگریس سربراہ ملکارجن کھرگے نے پارٹی کے امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلائی ۔ کانگریس کے دیگراسٹار پرچارکوں میں محمد اظہرالدین نے بھی کئی انتخابی حلقوں کا دورہ کیا۔ اس دوران ممتا بنرجی کافی مصروف نظر آئیں۔ انہوں نے کئی حلقوں میں پدیاترا کی اور رائے دہندگان سے ذاتی طور پر ملاقاتیں کیں۔  بی جےپی کے لیڈران بھی پیچھے نہیں رہے۔  وزیردفاع راج ناتھ سنگھ سے لے کرایک طویل عرصے تک سیاسی پلیٹ فارم سے غائب    رہیں اسمرتی ایرانی بھی عوام سے خطاب کرتی نظر آئیں۔   یہاں پر ٹی ایم سی اور بی جے پی میں کافی نوک جھونک دیکھنے کو ملے۔
  کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نےبی جے پی اورآر ایس ایس پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتخابی لڑائی بی جے پی کی تقسیم کرنے والی سیاست کی مخالفت کرنے، اسے شکست دینے اور جمہوریت کو کمزور کرنےکی اس کی پالیسی کے خلاف ہے۔ انہوںنےکہا کہ بی جے پی ہر ریاست پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور تمل ناڈو میں بھی وہی ہتھکنڈے اپنا رہی ہے تاکہ اپنے اتحادی’آل انڈیا انا ڈی ایم کے‘ کے ذریعے دہلی سے ریاست پر حکومت کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ آل انڈیا انا ڈی ایم کے نے اپنی بدعنوانی کی وجہ سے زعفرانی پارٹی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کا فائدہ اٹھا کر آر ایس ایس بالواسطہ طور پر ریاست پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہندوستان کو متحد کرنے کیلئے اسی ضلع سے شروع کی گئی اپنی’بھارت جوڑو یاترا‘ کو یاد کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ ملک کی تمام ریاستوں کو مساوی اہمیت ملنی چاہئے اور ہر زبان کے پیچھے ایک تاریخ ہوتی ہے، بالکل ویسے ہی جیسے تمل زبان کی تاریخ ہزاروں سال پرانی ہے۔
 اس دوران بنگال کی دو بڑی جماعتیں ترنمول کانگریس اور بی جے پی نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات عائد کئے۔ بی جے پی کا الزام ہے کہ کچھ بی ایل اوز جو ترنمول کے اثر میں ہیں، الیکشن کمیشن کی اجازت کے بغیر پارٹی کے بینر تلے ووٹر پرچیاں تقسیم کر رہے ہیں۔ دوسری جانب  ٹی ایم سی نے بی جے پی پر خواتین کے درمیان’گارنٹی کارڈ‘تقسیم کرنے کا الزام لگایا۔ ترنمول کا کہنا ہے کہ ریاستی حکومت کی’لکشمی بھنڈار‘ اسکیم کے جواب میں بی جے پی ماہانہ تین ہزار روپے کی مالی مدد کا وعدہ کر رہی ہے اور اس بہانے بینک اکاؤنٹس کی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ اس معاملے پر پہاڑی علاقوں سے لے کر میدانی علاقوں تک احتجاج دیکھنے میں آیا ہے۔  اس دوران سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز بھی سامنے آئے ہیں جن میں بیلٹ بکس کو بغیر سیل کیے لے جاتے ہوئے دیکھا گیا، تاہم احتجاج کے بعد حکام نے انہیں محفوظ طریقے سے سیل کر دیا۔ 
 خیال رہے کہ تمل ناڈو کی تمام اسمبلی سیٹوں کے ساتھ ہی شمالی بنگال کی ۵۴؍ نشستوں سمیت مجموعی طور پر ریاست  کے ۱۵۲؍ اسمبلی حلقوں میں۲۳؍ اپریل کو پہلے مرحلے کی ووٹنگ ہوگی۔ ان نشستوں کیلئے انتخابی مہم منگل شام ۶؍ بجے ختم ہو جائے گی۔ بنگال کی باقی۱۴۲؍ نشستوں پر۲۹؍ اپریل کو ووٹنگ ہوگی جبکہ تمام نتائج۴؍ مئی کو اعلان کیے جائیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK