Inquilab Logo Happiest Places to Work

الیکشن کمیشن نے ایس آئی آر کےتیسرے مرحلےکا اعلان کیا،۱۶؍ ریاستوں میںووٹر لسٹ کی جامع نظرثانی ہوگی

Updated: May 15, 2026, 8:25 AM IST | New Delhi

اس مرحلے کا آغاز۲۰؍ مئی سے ہوگاجس کے تحت۱۶؍ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام۳؍ علاقوں میں ووٹر لسٹ کی گھر گھر جا کر جانچ کی جائے گی،چیف الیکشن کمشنر کی ووٹروں سے مہم میں سرگرمی سے حصہ لینے کی اپیل

Chief Election Commissioner Gianish Kumar
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار

 الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی ( ایس آئی آر) کے تیسرے مرحلے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس مرحلے میں کرناٹک، تلنگانہ، مہاراشٹر، پنجاب، دہلی، آندھرا پردیش، جھارکھنڈ، ہریانہ، اتراکھنڈ، منی پور، سکم، ناگالینڈ، تریپورہ، میگھالیہ، ادیشہ، اروناچل پردیش، میزورم ، چندی گڑھ اوردادرنگرحویلی اور دمن دیو میںایس آئی آر کی کارروائی کی جائے گی۔ ایس آئی آر کے تیسرے مرحلے کا آغاز۲۰؍ مئی سے ہوگا اور اس کے تحت۱۶؍ ریاستوں اور مرکز  کے زیر انتظام۳؍ علاقوں میں ووٹر لسٹ کی گھر گھر جا کر جانچ کی جائے گی ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اس تیسرے مرحلے میں تقریباً۳۶ء۷۳؍ کروڑ ووٹروں کا احاطہ کیا جائے گا۔ اس کام کیلئے ۳ء۹۴؍لاکھ سے زیادہ بوتھ لیول افسران گھر گھر جا کر معلومات جمع کریں گے جبکہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے مقرر کر دہ ۳ء۴۲؍ لاکھ بوتھ لیول ایجنٹس بھی اس عمل میں معاونت کریں گے۔ کمیشن نے بتایا کہ پہلے دو مرحلوں میں ۱۳؍ ریاستوں اور مرکز زیر انتظام علاقوں کے تقریباً۵۹؍ کروڑ ووٹروں کا احاطہ کیا جا چکا ہے۔
 الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ ایس آئی آر ایک شفاف اور اشتراکی عمل ہے جس میں ووٹرز، سیاسی جماعتیں اور انتخابی اہلکار سب شامل ہیں۔ اسی لیے تمام سیاسی جماعتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ہر پولنگ بوتھ پر اپنے نمائندے مقرر کریں تاکہ عمل مکمل شفافیت کے ساتھ انجام پائے۔ اب تیسرے مرحلے کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ووٹر فہرستوں میں صرف اہل ووٹروں کے نام شامل رہیں اور غیر اہل یا غلط اندراجات کو درست کیا جا سکے۔ہماچل پردیش، جموں و کشمیر اور لداخ کو فی الحال اس مرحلے سے باہر رکھا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ان علاقوں کے لیے الگ شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا، کیونکہ وہاں مردم شماری کے دوسرے مرحلے، دشوار گزار علاقوں، موسم اور برفباری جیسے مسائل کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایس آئی آر کے تیسرے مرحلے میں سرگرمی سے حصہ لیں اور اپنے انومیریشن فارم جمع کرائیں تاکہ ووٹر فہرستیں زیادہ شفاف، درست اور قابل اعتماد بن سکیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK