• Tue, 30 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

الیکشن کی گہماگہمی تیز،پارٹیوں کو کہیں خوشی کہیں غم کا سامنا

Updated: December 29, 2025, 11:54 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

باغی امیدواروں سے بچنے کیلئے تمام بڑی پارٹیوں نے عین وقت پر ناموں کا اعلان کیا، محروم رہ جانےوالے لیڈروں میں ناراضگی، آج پرچہ داخل کرنے کا آخری دن

Training of electoral officers has begun for the January 15 polling. (Photo: PTI)
۱۵؍ جنوری کی پولنگ کیلئے الیکٹورل افسران کی ٹریننگ شروع ہوچکی ہے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

بی ایم سی الیکشن میں مختلف پارٹیوں   میں ٹکٹ  کے حصول کیلئے کارکنوںاورلیڈروں کی  رسا کشی پیر کو کم وبیش ختم ہوگئی۔اکثر بڑی پارٹیوں  نے منگل کو پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ  سے ایک دن قبل (پیر کو)  امیدواروں کی فہرست جاری کردی جس کے بعد منظر نامہ واضح ہو گیا کہ کہاں سے کون امیدوار ہے۔ اس بیچ سیاسی پارٹیوں اور مختلف میونسپل وارڈس میں کہیں خوشی ، کہیں غم کا ماحول ہے۔ جو امیدوار پارٹی کا ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ان میں سے اکثر  نے آتش بازی کرکے اپنی خوشی کا اظہار کیا جبکہ تمام تر کوششوں کے باوجود ٹکٹ سے محروم رہ جانےوالوں میں مایوسی چھا گئی ہے۔  
اب بھی کئی وارڈوں میں امیدواری باقی
 امیدواروں کی فہرست بالکل آخری مرحلے میں جاری کرنے کا  مقصد ٹکٹ سے محروم رہ جانے والے امیدواروں کو باغی امیدوار کے طور پر پرچہ داخل کرنے کا موقع  نہ دینا یا کم سے کم وقت  دینا تھا۔ اس کے باوجود ٹکٹ  کے امیدواروں  کے ذریعہ پالا بدلنے کے کئی معاملات سامنے آئے۔  اب بھی شیوسینا  اور ایم این ایس جیسی  بڑی پارٹیوں   نے کئی وارڈوں کیلئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا ہے۔ بقیہ سیٹوں کیلئے  اعلان منگل کو متوقع ہے۔  بہرحال پیر سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی ہمہ ہمی تیز ہوگئی۔ 
محرومی کے بعدکئی لیڈروں نے استعفیٰ دیدیا
 ٹکٹ سے محروم رہ جانے پر استعفیٰ دینے کے کئی معاملات سامنے آئے ہیں۔  اس طرح  کے واقعات  بھگوا محاذ یعنی  مہا یوتی یا اپوزیشن کی پارٹیوں   میں یکساں طو رپر دیکھنے کوملے۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے محض ایک روز قبل این سی پی ( شرد) کی ممبئی کی صدر اور بی ایم سی گروپ لیڈر رہ چکی راکھی جادھو نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کر کے سبھی کو چونکاد یا۔ اسی طرح  مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) کی بھانڈوپ (ویسٹ ) سے وارڈ نمبر ۱۹۲؍ سے ۳؍ مرتبہ کارپوریٹر رہ چکی پارٹی کی سیکریٹری اسنیہل جادھو بھی ناراض ہیں۔ اطلاعات  کے مطابق  انہوں نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے کیونکہ اس وارڈ سےکسی اور کو ٹکٹ دینے سے قبل ا نہیں اعتماد میں نہیں لیاگیا ۔
 پارٹی کا بی فارم حاصل کرنے کیلئے بھیڑ
  پیر کو  پارٹی کا بی  فارم حاصل کرنے کیلئے سیاسی لیڈروں کے گھر اور دفتر پر  بھیڑ لگی رہی۔     متعدد امیدواروں نے ’آزاد امیدوار‘ کے طور پر پہلے ہی پرچہ ٔ نامزدگی    داخل کر دیا ہے اور یہ تیاری رکھی ہے کہ جیسے ہی  انہیں پارٹی    اپنا امیدوار بناتے ہوئے  اے بی فارم  دیتی ہے، وہ اسے الیکشن کمیشن کے دفتر میں پہنچ کر جمع کر دیں گے۔
مختلف پارٹیوں  کے  امیدواروں کی فہرست  
 پیر کو  بی جے پی نے ۶۶؍ امیدواروں کی پہلی فہرست جاری جبکہ شیو سینا ( ادھو )  کے سربراہ ادھو بالا صاحب ٹھاکرے کی جانب سے اپنے امیدواروں کی فہرست تو نہیںجاری کی گئی  البتہ ۹۰؍  امیدواروںکو اے بی فارم  تقسیم کئے گئے۔ کانگریس نے  اپنی پہلی فہرست جاری کردی ہے تاہم دیررات یا منگل کو ایک اور فہرست کے جاری ہونے کی امید ہے۔
این سی پی (اجیت ) کے  ۱۰۰؍ امیدوار 
  این سی پی ( اجیت)  جو مہایوتی سے الگ  اور اکیلے الیکشن لڑ رہی ہے، نے  ۱۰۰؍ سیٹوں پر  اپنے امیدوار اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔  این سی پی  (اجیت) کے اس فیصلے کو بھگوا محاذ کی سیکولر ووٹرس کو منتشر کرنے کی حکمت عملی  کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔  اجیت پوار کی پارٹی نے ۳۷؍ امیدواروں  کی اپنی پہلی فہرست  اتوار کی رات  جاری کی۔ پارٹی ترجمان ثنا ملک سے رابطہ کرنے پر انہوں  نے بتایا کہ  بقیہ ۲؍ فہرستیں بھی جلد جاری کی جائیں   گی ۔منگل کو یہ فہرست ہرحال میں  جاری کرنی ہوگی، ورنہ پرچہ داخل نہیں کیا جاسکے گا۔
۴۰۹؍ امیدواروں نے پرچہ  داخل کیا
 سنیچر تک صرف ۴۴؍ امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کیاتھا جبکہ پیر کو پرچہ داخل کرنے والے امیدواروں کی تعداد ۴۰۹؍ ہوگئی۔  بی ا یم سی الیکشن کیلئے ۲۳؍ دسمبر سے پرچہ نامزدگی کیلئے فارم کی  فروخت  اور قبول کرنے کا سلسلہ شروع کیاگیا تھا۔۲۳؍ تا ۲۹؍ دسمبر ان ۵؍ دنوں میں بی ایم سی کی جانب سے مقر ر کئے گئے ۲۳؍ ریٹرننگ افسران  نے مجموعی طور پر ۱۱؍ہزار ۵۶۸؍ درخواست فارم  فروخت کئے جبکہ پیر کی شام تک ۴۰۹؍ امیدواروں  نے پرچہ  ٔنامزدگی داخل کیا  ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK