• Mon, 29 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈبے والوں کی ایک تنظیم کا بی ایم سی الیکشن میں مہایوتی کا ساتھ دینے کا اعلان

Updated: December 29, 2025, 3:59 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

ادھو ٹھاکرے حکومت پر ۲۰۱۷ء میں کئے گئے وعدے پورے نہ کرنے اور موجودہ حکومت کےذ ریعہ ان کے مسائل حل کرنے کا نتیجہ۔

Subhash Talekar, president of the Dabbawalas` organisation, with BJP`s Mumbai president Amit Sattam. Picture: INN
ڈبے والوں کی تنظیم کے صدر سبھاش تلیکر، بی جے پی کے ممبئی کے صدر امیت ساٹم کے ساتھ ۔ تصویر: آئی این این
 ادھو ٹھاکرے حکومت کے ذریعہ ۲۰۱۷ء میں سستے داموں ممبئی میں گھر دلانے جیسے وعدے وفا نہ ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے شہر و مضافات میں گھروں کے بنے کھانوں کے ڈبے مختلف دفاتر اور کارخانوں میں پہنچانے والے ڈبے والوں کی ایک تنظیم نے بی ایم سی الیکشن میں مہایوتی کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ 
ممبئی ڈبا والا اسوسی ایشن کے صدر سبھاش تلیکر نے اس سلسلے میں بیان دیا ہے کہ ایک غیرسرکاری تنظیم اہم معاملات میں ان کی رہنمائی کرتی ہے۔ اس تنظیم کے مشورے پر ڈبے والوں نے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں شیوسینا (ادھو) کی حمایت کی تھی کیونکہ انہیں یقین تھا کہ ادھو ٹھاکرے ڈبے والوں کے مسائل کو حل کریں گے اور ممبئی میں انہیں سستے داموں میںمکانات فراہم کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ادھو سینا نے ۲۰۱۷ء میں میونسپل کارپوریشن کے الیکشن کے دوران جاری کئے گئے انتخابی منشور میں ڈبے والوں سے بھی کچھ وعدے کئے تھےجنہیں نبھایا نہیں گیا اور اس وجہ سے ڈبے والے ان سے نالاں ہیں۔
تنظیم کے صدر سبھاش نے نشاندہی کی کہ ان سے یہ وعدے کئے گئے تھے کہ ممبئی کے تمام ڈبے والوں کو منظم کرکے ان کی ایک آزاد کمپنی قائم کی جائے گی، پہلے سال میں اس کمپنی کو کم از کم ۵؍ کروڑ روپے کی مالی مدد فراہم کی جائے گی، ڈبے پہنچانے کیلئے سائیکل کی خریداری، پارکنگ کیلئے جگہ کی فراہمی، ان کے بچوں کی تعلیم کیلئے کارپوریٹ اور سماجی محکموں کے ذریعہ مدد فراہم کی جائے گی اور ان کے خاندانوں کی صحت کی دیکھ بھال کے انتظامات کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ان کے لئے عمارت تعمیر کی جائے گی جہاں ان کا دفتر ہوگا اور ان کے آرام کیلئے جگہ دستیاب ہوگی۔ ان سب وعدوں میں سے صرف ڈبا والا بلڈنگ کی تعمیر کا وعدہ پورا کیا گیا ہے۔
سبھاش تلیکر کے مطابق اس تعلق سے شیوسینا اور ان کے درمیان خط و کتابت بھی ہوئی تاہم انہیں کوئی تشفی بخش جواب نہیں ملا۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بی ایم سی میں شیوسینا ۵؍ برسوں تک اقتدار میں رہی اور کچھ عرصہ تک ادھو ٹھاکرے خود مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ بھی رہے ۔اس کے باوجود انہوں نے یہ وعدے پورے نہیں  کئے اور ڈبے والوں کے مسائل اپنی جگہ اب بھی قائم ہیںاور ان کیلئے گھر ملنے کا معاملہ سب سے اہم ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ان کے گھروں کا مسئلہ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے حل کیا ہے اور انہیں دیوا، انجور میں ۲۵؍ لاکھ ۵۰؍ ہزار روپے میں گھر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ گھر فراہم کرنے کے تعلق سے ’مہاراشٹر ہائوسنگ اینڈ ایریاڈیولپمنٹ اتھاریٹی‘ (مہاڈا) نے کچھ اقدام شروع کئے ہیں۔اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے ڈبا والا بھون کی تجدید کاری کیلئے ۵؍ کروڑ روپے فنڈ فراہم کیا ہے۔ ان تمام باتوں کے پیش نظر ان کی اسوسی ایشن نے بی ایم سی الیکشن میں مہایوتی کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK