• Mon, 29 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی ایم سی الیکشن کیلئے اتحاد اورسیٹوں کی تقسیم پر مہر

Updated: December 29, 2025, 9:56 AM IST | Iqbal Ansari/Agency | Mumbai

کل پرچہ ٔ نامزدگی کا آخری دن ، کانگریس کا ونچت کو ۶۲؍ سیٹیں دینے کا اعلان، بی جےپی اور شندےخیمہ کا ۲۰۷؍ سیٹوں پر اتفاق ،مگردونوں این سی پی کا معاملہ معلق

The alliance was announced at a joint press conference of Congress and Vanchit Aghadi on Sunday. Picture: INN
اتوار کوکانگریس اور ونچت اگھاڑی کی مشترکہ پریس کانفرنس میں اتحاد کا اعلان کیاگیا۔ تصویر: آئی این این
بی ایم سی الیکشن کی تاریخوں کا اعلان  ۱۵؍ دسمبر کو کیا گیاتھا، ۳۰؍ دسمبر (کل، منگل کو)پرچہ ٔ نامزدگی داخل کرنے کا آخری دن ہے تاہم سنیچر کی شام تک صرف ۴۴؍ امیدواروں  نے   الیکشن کمیشن میں پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے البتہ اتحاد اور سیٹوں کی تقسیم  اتوارکو چونکہ کم وبیش مکمل ہوگئی اس لئے پیر سے  اس میں تیزی آنے کی امید ہے۔
نئی سیاسی مساوات اور بدلتا ہوا منظر نامہ
اتوار کو کانگریس نے ونچت بہوجن اگھاڑی سے اتحاد کی تصدیق کی اور اسے ۶۲؍  سیٹیں  دینے کا اعلان کیا جبکہ  بی جے پی  اور شیوسینا (شندے)   جو مہایوتی  کے بینر تلے بالترتیب  ۱۲۸؍ اور ۷۹؍ سیٹوں پر الیکشن لڑیں گی، نے  ۲۰۷؍ سیٹوں پر اتفاق رائے ہوجانے کی تصدیق کی ہے۔   البتہ دونوں این سی پی کا معاملہ اس خبر کے لکھے جانے تک معلق نظر آرہا ہے۔ این سی پی(شرد پوار ) کے ترجمان مہیش تپاسے نے انقلاب کے سوال کے جواب میں اس بات کی تصدیق کی  ہے ان کی پارٹی کانگریس اتحاد کا حصہ رہے گی جس میں ونچت کو بھی شامل کرلیاگیا  تاہم وہ یہ نہیں بتاسکے کہ ان کی پارٹی کوکتنی سیٹیں  ملیں گی۔ 
 این سی پی (اجیت) علاحدہ الیکشن لڑیگی
اُدھر این سی پی کی ترجمان اور رکن اسمبلی ثنا ملک نے  نمائندہ انقلاب کے رابطہ کرنے پر اس بات کی تصدیق کی کہ  بی ایم سی الیکشن میں ان کی پارٹی کسی  اتحاد کا حصہ نہیں ہوگی بلکہ اکیلے مقدر آزمائے گی۔ البتہ وہ بھی یہ نہیں بتاسکیں کہ  ان کی پارٹی  ۲۲۷؍ سیٹوں  میں سے کتنی سیٹوں پر اپنے امیداور اتارے گی۔ 
کانگریس اور ونچت کے اتحاد پر مہر
شیو سینا اور مہاراشٹر نونرمان سینا ( ایم این ایس)  کے ہاتھ ملا لینے کےبعد بی ایم سی الیکشن کیلئے کانگریس نے  ان سے الگ ہوتے ہوئے ایڈوکیٹ پرکاش امبیڈکر کی قیادت والی ونچت بہوجن اگھاڑی ( وی بی اے)کے ساتھ اتحاد کا اعلان کیا ہے۔ اتوار کو نگریس کے یوم تاسیس کے واقع پر دادر میں ریاستی کانگریس کے دفتر تلک بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس میں  اس کی تصدیق کی گئی۔ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش رودھن سپکال اور ونچت بہوجن اگھاڑی کے ریاستی نائب صدر ڈاکٹر دھیریہ وردھن پُنڈکر نے بی ایم سی الیکشن کیلئے اتحاد کے ااعلان کے ساتھ ہی بتایا کہ ریاست کی  دیگر۲۸؍ میونسپل کارپوریشنوں  کے الیکشن کیلئے اتحاد پر مثبت فیصلہ مقامی سطح پر کیا جائے گا۔   سیٹوں کی تقسیم کے تعلق سےونچیت کے ریاستی نائب صدر نے کہا کہ اتحاد میں سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت کبھی بھی مکمل طور پر تسلی بخش نہیں ہوتی  لیکن کہیں نہ کہیں  رکنا ہی پڑے گا۔ 
بی جےپی اور شیوسینامیں ۲۰۷؍ سیٹوں پر اتفاق
اس بیچ اتوار کو بی جےپی ممبئی اکائی کے صدر امت ساٹم نے بتایا کہ شیوسینا (شندے) اور ان کی پارٹی کے درمیان  ۲۰۷؍ سیٹوں پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ’’ان میں  سے  ۱۲۸؍ سیٹوں پر  بی جےپی اور ۷۹؍ سیٹوں پر شیوسینا  (شندے )اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔‘‘ا نہوں نے بتایا کہ بقیہ ۲۰؍ سیٹوں پر بات چیت جاری ہے۔  واضح رہے کہ این سی پی (اجیت) پوار کے علاحدہ الیکشن لڑنے کے فیصلے کے بعد دونوں پارٹیوں کے حصے میں آنےوالی سیٹوں کی تعداد میں  اضافہ ہونا یقینی ہے۔ 
امیدواروں کی فہرست کا سلسلہ شروع 
پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ منگل کو ہے مگر اس خبر کے لکھے جانے تک سماجوادی پارٹی اور مجلس اتحاد المسلمین  (ایم آئی ایم) کے علاوہ کسی پارٹی نے اپنے امیدواروں کی فہرست جاری نہیں کی البتہ جن امیدواروں کے ناموں پر اتفاق رائے ہوگیا ہے انہیں  اپنے طور پر کام شروع کرنے کا مشورہ دیدیا گیا ہے۔ ایم آئی ایم نے اتوار کو ۱۱؍ امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کی جبکہ سماجوادی پارٹی نے بھی  ۹؍ امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کی۔اس سے قبل سماجوادی  ۲۶؍ دسمبر کو ۲۱؍ امیدواروں کی فہرست جاری کر چکی ہے۔بی  جےپی، کانگریس، شیوسینا (شندے)،  شیوسینا(اُدھو)،  ایم این ایس اور دونوں این سی پی  کی جانب سے امیدواروں کی فہرست اتوار کو دیر رات یا پھر پیر کو جاری کئے جانے کی امید ہے۔ 
آج سے پرچہ ٔ نامزدگی داخل کرنے کی ہوڑ
بی ایم سی الیکشن کیلئے پرچہ ٔ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ  ۳۰؍ دسمبر ہے جبکہ تمام بڑی پارٹیوں کی جانب سے امیدواروں کے ناموں کا اعلان آج اور کل ہی متوقع ہے۔ ایسے میں پرچہ ٔ نامزدگی داخل کرنے کی ہوڑ لگ جائے گی۔ ریاستی  الیکشن کمیشن  نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سنیچر تک صرف ۴۴؍ پرچہ ٔ نامزدگی داخل کئے گئے ہیںجبکہ کُل ۱۰؍ ہزار ۳۴۳؍ فارم تقسیم کئے گئے ہیں۔  امیدوار ۳۰؍ دسمبر کو شام ۵؍ بجے تک پرچہ نامزدگی داخل کرسکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK