Inquilab Logo

سنجے شرما کے قاتلوں کے ساتھ انکاؤنٹر، ۲؍ جنگجو ہلاک، ایک جوان کی بھی موت

Updated: March 01, 2023, 10:50 AM IST | srinagar

کشمیر کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے بتایا کہ ان میں سے ایک جنگجو کشمیری پنڈت کی ہلاکت میں براہ راست ملوث تھا، دونوں کی شناخت ہوگئی

As soon as the presence of militants was reported, the force cordoned off the entire area
جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی فورس نے پورے علاقے کا محاصرہ کرلیا

: جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ میں سیکوریٹی فورسیز کے ساتھ تصادم میں ۲؍ مقامی جنگجو ہلاک ہوئے جبکہ ابتدائی فائرنگ میں ایک فوجی جوان کی بھی موت ہوگئی ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ مہلوک جنگجوؤں میں سے ایک کشمیری پنڈت سنجے شرما کی ہلاکت میں براہ راست ملوث تھا۔
  پولیس ذرائع کے مطابق حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ جنگجو اونتی پورہ  کے ایک گاؤں میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس اور سیکوریٹی فورسیز نے مشترکہ طورپر فوراً اس علاقے کو درمیانی شب محاصرے میں لے لیا اور انہیں ڈھونڈ نکالنے کیلئے کارروائی شروع کی۔انہوں نے کہاکہ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر جنگجوؤں نے حفاظتی عملے پر فائرنگ شروع کردی۔ بعد ازاں سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا او راس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔ان کے مطابق کچھ عرصہ تک جاری رہنے والے اس تصادم میں دو جنگجو ہلاک ہوئے جن کی بعد میں عاقب مشتاق بٹ اور اعجاز احمد بٹ  کے طور پر شناخت ہوئی۔انہوں نے کہاکہ عاقب مشتاق بٹ پہلے حزب کے ساتھ وابستہ تھا اور پچھلے کچھ مہینوں سے وہ ٹی آر ایف کیلئے کام کر رہا تھا جبکہ اعجاز احمد بٹ جیش سے وابستہ تھا۔
 وجے کمار نے مزید بتایا کہ عاقب نامی مہلوک جنگجو جنوری۲۰۲۱ء سے سرگرم تھا جبکہ اعجاز نے۲۰۲۲ءمیں تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری پنڈت سنجے شرما کی ہلاکت میں ملوث جنگجو کو دو دنوں کے اندرر ماردیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مہلوک جنگجوؤں کے خلاف بہت سارے مقدمات بھی درج ہیں اور وہ سیکوریٹی ایجنسیوں کو انتہائی مطلوب تھے۔اسی طرح لاجورہ پلوامہ میں غیر مقامی مزدوروں پر حملوں میں بھی ان کا ہاتھ رہا ہے جبکہ ترال میں ہتھیار چھیننے کے ایک واقعے میں بھی ان کے خلاف مقدمہ درج تھا۔انہوں نے کہاکہ تصادم کی جگہ اسلحہ ،گولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کر کے ضبط کیا گیا۔
 انہوں نے مزید بتایا کہ جنگجوؤں کی ابتدائی فائرنگ میں ۲؍ فوجی بھی زخمی ہوئے تھے جن میں سے بعد میں ایک اہلکار اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔ انہوں نے بتایا کہ جلد ہی  ان کے دوسرے ساتھیوں کوگرفتار کرلیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK