میونسپل کارپوریشن کے آئندہ انتخابات سے قبل عام آدمی پارٹی نے عوامی مسائل کو مرکز بنا کر دہلی ماڈل پر ترقی کا دعویٰ کیا ہے۔
EPAPER
Updated: December 28, 2025, 5:42 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
میونسپل کارپوریشن کے آئندہ انتخابات سے قبل عام آدمی پارٹی نے عوامی مسائل کو مرکز بنا کر دہلی ماڈل پر ترقی کا دعویٰ کیا ہے۔
میونسپل کارپوریشن کے آئندہ انتخابات سے قبل عام آدمی پارٹی نے عوامی مسائل کو مرکز بنا کر دہلی ماڈل پر ترقی کا دعویٰ کیا ہے۔ پارٹی نے واضح اعلان کیا ہے کہ اقتدار میں آنے کی صورت میں شہریوں کو ٹیکس سے بڑی راحت دی جائے گی، جس کے تحت گھر پٹی آدھی اور نل پٹی مکمل طور پر معاف کی جائے گی جبکہ پرانے بقایاجات کو یکسر ختم کر دیا جائے گا۔
عام آدمی پارٹی کے مقامی صدر مسیح اقبال اور دیگر لیڈران نے ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کر کے بتایا کہ برسوں سے بدانتظامی اور خاندانی سیاست کے باعث بھیونڈی شہر بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔ کروڑوں روپے کے سالانہ بجٹ کے باوجود عوام کو نہ معیاری صحت سہولتیں میسر ہیں اور نہ ہی تعلیم اور صفائی کے شعبوں میں بہتری نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی دہلی اور پنجاب میں کامیابی سے نافذ کئے گئے ترقیاتی ماڈل کو بھیونڈی میں نافذ کرے گی۔
مسیح اقبال کے مطابق دہلی میں چلنے والے ۹۵۰؍ محلہ کلینکوں کےطرز پر بھیونڈی کے ہر وارڈ میں محلہ کلینک قائم کئے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی شہر میں جرائم پر قابو پانے کے لئے تقریباً ۵؍ ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا منصوبہ بھی پارٹی کے ایجنڈے میں شامل ہے، تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی خدمات کو مرحلہ وار ڈور ٹو ڈور بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو معمولی کاموں کے لئے دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ تعلیم کے شعبے میں بھی بڑی اصلاحات کا وعدہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میونسپل اسکولوں کی حالت بہتر بنائی جائے گی اور بھیونڈی میں تعلیم مکمل طور پر مفت ہوگی۔
پارٹی لیڈروں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ مہاراشٹر کے بلدیاتی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کو۱۰۵؍ نشستیں حاصل ہوئی ہیں، جو ریاست میں عوام کے بڑھتے اعتماد کی علامت ہے۔ انتخابی مہم کے دوران پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ کے بھیونڈی آنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا۔