جاری کردہ رپورٹ کے مطابق موجودہ امریکی صدر نے ۸۰؍ کی دہائی میں ۱۵؍ سالہ لڑکی کے ساتھ زیادتی کی تھی
EPAPER
Updated: March 07, 2026, 10:34 PM IST | Washington
جاری کردہ رپورٹ کے مطابق موجودہ امریکی صدر نے ۸۰؍ کی دہائی میں ۱۵؍ سالہ لڑکی کے ساتھ زیادتی کی تھی
امریکہ میں بدنام زمانہ سرمایہ کار جیفری ایپسٹین سے متعلق جاری تحقیقات کے سلسلے میں امریکی محکمہ انصاف نے ایف بی آئی کی ۲۰۱۹ء کی ایف بی آئی انٹرویو رپورٹ جاری کی ہے جو ایک ایسی خاتون سے متعلق ہے جس نے غیر مصدقہ الزامات لگائے تھے کہ۱۹۸۰ء کی دہائی میں، جب وہ نابالغ تھیں، ڈونالڈ ٹرمپ نے انہیں زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں وزارتِ انصاف نے کہا کہ ابتدا میں جیفری ایپسٹین سے متعلق لاکھوں صفحات کی دستاویزات کو جنوری میں ہونے والی اشاعت کے وقت روک لیا گیا تھا کیونکہ انہیں غلطی سے ڈپلیکیٹ قرار دے کر الگ رکھا گیا تھا۔
وزارتِ انصاف کے مطابق تفصیلی جائزے سے معلوم ہوا کہ ۱۵؍ دستاویزات کو غلطی سے ڈپلیکیٹ قرار دیا گیا تھا۔ وزارت نے سیکڑوںصفحات کے ریکارڈز بھی پوسٹ کئے ہیں، جن میں فلوریڈا اور نیویارک میں ایپسٹین کے خلاف تحقیقات کے سلسلے میں گواہوں کے انٹرویوز کے خلاصے شامل ہیں۔ جاری ہونے والی ایف بی آئی ۳۰۲؍رپورٹس کے مطابق ایف بی آئی نے جولائی اور اکتوبر۲۰۱۹ء کے درمیان مذکورہ خاتون کے چار انٹرویو کئے تھےجن میں خاتون ( شناخت پوشیدہ ) نے ایپسٹن پر زیادتی کے الزامات لگائے تھے۔ خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ ایپسٹن اسے نیویارک یا نیو جرسی لے گیا تھا جہاں اس کی ملاقات ٹرمپ سے کراوئی گئی، اس وقت اسکی عمر ۱۵؍سال سے کم ہی تھی ۔ رپورٹ کے مطابق، خاتون نے دعویٰ کیا کہ اس دورے پر ٹرمپ نے اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ تاہم اکتوبر ۲۰۱۹ء کے چوتھے انٹرویو میں خاتون نے ٹرمپ کے ساتھ مبینہ واقعے کی مزید تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کر دیا تھا ۔
خاتون کے بیانات کے مطابق یہ واقعہ ۱۹۸۰ء کی دہائی کے اوائل یا وسط میں پیش آیا، جبکہ ریکارڈکے مطابق اس دور میں ایپسٹن اور ٹرمپ کے درمیان رابطے کے شواہد نہیں ملتے۔ وہائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے ان الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ذہنی طور پر پریشان خاتون کے بے بنیاد الزامات ہیں جن کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ جو بائیڈن کا محکمہ انصاف چار سال سے ان الزامات سے واقف تھا لیکن انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی کیونکہ وہ جانتے تھے کہ صدر ٹرمپ نے کچھ غلط نہیں کیا۔