۳۰۰؍ ملین ڈالرس مالیت کا یہ نظام’’ تھاڈ‘‘ ایرانی ڈرونز نے راکھ کا ڈھیر بنادیا ، ایرانی بحریہ نے مشرق وسطیٰ میں مزید امریکی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا
EPAPER
Updated: March 07, 2026, 10:40 PM IST | Tehran
۳۰۰؍ ملین ڈالرس مالیت کا یہ نظام’’ تھاڈ‘‘ ایرانی ڈرونز نے راکھ کا ڈھیر بنادیا ، ایرانی بحریہ نے مشرق وسطیٰ میں مزید امریکی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا
مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران ایران نے ایک ایسا اہم امریکی ریڈار اور اینٹی میزائل سسٹم تباہ کر دیا ہے جس کی مالیت تقریباً ۳۰۰؍ ملین ڈالر بتائی جا رہی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ ریڈار خلیجی خطے میں امریکی میزائل دفاعی نظام کی رہنمائی میں کلیدی کردار ادا کرتا تھا اور اس کی تباہی خطے میں ممکنہ حملوں کیخلاف امریکی دفاعی صلاحیت کو متاثر کر سکتی ہے۔امریکی خبر رساں ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق سیٹیلائٹ تصاویر سے معلوم ہوا ہے کہ آر ٹی ایس کارپوریشن کا تیار کردہ ’’تھاڈ(ٹرمنل ہائی آلٹی ٹیوڈ ایریا ڈیفنس)‘‘ اور اس سے متعلقہ آلات اردن کے مووفق سلتی ایئر بیس پر ایران کے ڈرون حملے میں تباہ ہو گئے۔ یہ ریڈار امریکی میزائل دفاعی نظام کا کلیدی حصہ تھا۔ بعد میں امریکی حکومت کی جانب سے بھی تباہی کی تصدیق کر دی گئی۔
دفاعی امور پر تحقیق کرنے والے تھنک ٹینک فاؤنڈیشن فار ڈیفنس آف ڈیموکریسیز کے اعداد و شمار کے مطابق اردن میں ایران کے دو حملوں کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ ایک حملہ ۲۸؍ فروری کو اور دوسرا ۳؍ مارچ کو رپورٹ ہوا تھا۔ ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ دونوں حملوں کو ناکام بنادیا گیا تھا تاہم اب معلوم ہوا ہے کہ ان میں سے ایک حملہ امریکی ریڈار سسٹم کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ایرانی ڈرونز نے قطر کے العدید ایئر بیس پربھی ایسا ہی ایک میزائل دفاعی نظام تباہ کردیا تھا۔ اس مالیت بھی ۲؍ سو ملین ڈالرس سے زائد بتائی جارہی ہے۔
تھاڈ کی تباہی کو ایران کی اب تک کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔ حالانکہ امریکی فوج اور اس کے اتحادیوں کے پاس دیگر ریڈار سسٹمز موجود ہیں جو فضائی اور میزائل دفاعی کوریج فراہم کرتے رہیں گے، اس لئے ایک ریڈار کے ضائع ہونے سے مکمل دفاعی نظام مفلوج نہیں ہوگا لیکن اس سے امریکی جنگ لڑنے کی صلاحیت پر سوال کھڑے ہوگئے ہیں کیوں کہ اس میزائل نظام کو ایرانی ڈرونز نے نشانہ بنایا ہے۔ امریکی تھاڈسسٹم کو خاص طور پر بیلسٹک میزائلوں کو فضا کی بالائی حدود میں ہی تباہ کرنے کے لئے تیار کیا گیا ہے