• Mon, 09 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرناٹک میں ای ۲۰؍ پیٹرول میں ایتھنول کی مقدار صرف ۹ء۱۹؍ فیصد

Updated: November 09, 2026, 4:40 PM IST | Mumbai

مرکزی وزارتِ پیٹرولیم کا دعویٰ، کرناٹک کے ۵۶؍ نمونوں میں ایتھنول کی مقدار ۱۹؍ سے ۲۰؍ فیصد کے درمیان پائی گئی، ملک کی ۲۷؍ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ۸۹۳؍ نمونے بھی مقررہ معیار کے مطابق۔

E 20 Petrol.Photo:INN
ای ۲۰؍پیٹرول۔ تصویر:آئی این این

کرناٹک میں پیٹرول کے اندر مقررہ حد سے زیادہ ایتھنول ملانے کے معاملے پر ریاستی حکومت اور تیل کمپنیوں کے درمیان تنازع شدت اختیار کرگیا ہے۔ سرکاری تیل مارکیٹنگ کمپنیوں انڈین آئل کارپوریشن  ، بھارت پیٹرولیم کارپوریشن  اور ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن  نے ایک مرتبہ پھر ریاستی حکومت کے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے کہ کرناٹک کے بعض پیٹرول پمپوں پر فروخت ہونے والے ای ۲۰؍ پیٹرول میں ایتھنول کی مقدار ۲۶؍ سے ۳۱؍ فیصد تک پائی گئی ہے۔ تیل کمپنیوں کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے فراہم کیا جانے والا ای ۲۰؍ پیٹرول بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز  کے مقررہ معیار آئی ایس ۱۷۰۲۱ کے مطابق ہے اور اس میں ایتھنول کی مقدار طے شدہ حدود کے اندر رکھی جارہی ہے۔
مرکزی وزارتِ پیٹرولیم اور قدرتی گیس نے ۷؍ نومبر کو جاری بیان میں بتایا کہ ملک کی ۲۷؍ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے حاصل کیے گئے ۸۹۳؍ پیٹرول نمونوں کی جانچ کی گئی، جن میں تمام نمونے مقررہ معیار کے مطابق پائے گئے۔ ان نمونوں میں انڈین آئل کے ۳۳۰، بھارت پیٹرولیم کے ۲۸۰ اور ہندوستان پیٹرولیم کے ۲۸۳؍ نمونے شامل تھے۔ جانچ کے مطابق تمام نمونوں میں ایتھنول کی مقدار ۱۹؍ سے ۲۱؍ فیصد کے درمیان رہی۔ خاص طور پر کرناٹک سے حاصل کیے گئے ۵۶؍ نمونوں میں ایتھنول کی مقدار ۱۹؍ سے ۲۰؍ فیصد کے درمیان پائی گئی، جبکہ ان کی اوسط مقدار ۱۹ء۳۰؍ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ وزارت کے مطابق یہ نتائج اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ سرکاری تیل کمپنیوں کے پیٹرول پمپوں پر ایتھنول کی ملاوٹ مقررہ معیار کے مطابق کی جارہی ہے۔ 
 اس تنازع کا آغاز اس وقت ہوا جب کرناٹک کے محکمہ خوراک، شہری رسد، صارفین کے امور اور قانونی پیمائش نے ریاست کے مختلف علاقوں سے پیٹرول کے ۶۳؍ نمونے حاصل کرکے ان کی جانچ کرائی۔ ریاستی وزیر برائے خوراک و شہری رسد رضوان ارشد نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ بنگلورو، کولار، چکبالاپور، بنگلورو رورل، رام نگر، منگلورو اور تمکورو سمیت سات اضلاع میں حاصل کیے گئے نمونوں میں سے بیشتر میں ایتھنول کی مقدار مقررہ ۲۰؍ فیصد سے زیادہ پائی گئی۔

یہ بھی پڑھئے:آئزن کوٹ کو دعوت، نیتن یاہو ہاتھ ملتے رہ گئے

ریاستی حکومت کی رپورٹ کے مطابق انڈین آئل کے بعض نمونوں میں ایتھنول کی مقدار ۳۱ء۲؍ فیصد، ہندوستان پیٹرولیم کے نمونوں میں ۳۰ء۵؍ فیصد اور بھارت پیٹرولیم کے نمونوں میں ۲۶ء۵؍ فیصد تک ریکارڈ کی گئی۔ تاہم جانچ میں کچھ نمونوں میں ایتھنول کی مقدار ۲۰؍ فیصد سے کم بھی پائی گئی۔ ان میں بھارت پیٹرولیم کے ایک نمونے میں ۱۹ء۹؍ فیصد، منگلور ریفائنری اینڈ پیٹروکیمیکلز لمیٹڈ کے نمونے میں ۱۹ء۲؍ فیصد اور شیل کے ایک نمونے میں ۱۳ء۵؍ فیصد ایتھنول کی موجودگی بتائی گئی۔
ریاستی وزیر نے ان نتائج کی بنیاد پر مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ مقررہ حد سے زیادہ ایتھنول ملانے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور صارفین کو ہونے والے ممکنہ نقصان کا جائزہ لیا جائے۔ کرناٹک حکومت نے پیٹرول پمپوں پر ایتھنول کی اصل مقدار واضح طور پر درج کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ 
انڈین آئل، بھارت پیٹرولیم اور ہندوستان پیٹرولیم نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کرناٹک حکومت کی رپورٹ میں استعمال کیے گئے جانچ کے طریقۂ کار پر اعتراض کیا ہے۔ کمپنیوں کے مطابق اکتوبر ۲۰۲۶ء میں لیے گئے نمونوں کی جانچ مقررہ قانونی اور تکنیکی طریقۂ کار کے مطابق نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ نمونے جمع کرتے وقت تیل کمپنیوں کے نمائندے موجود نہیں تھے اور انہیں جانچ کے لیے محفوظ رکھے گئے دوسرے نمونے، پیٹرول پمپوں کی مکمل تفصیلات اور لیبارٹری کی تفصیلی رپورٹس بھی فراہم نہیں کی گئیں۔

یہ بھی پڑھئے:نیلم کوٹھاری نے فرح خان کے ساتھ اپنا خاندانی رشتہ بتایا

کمپنیوں نے موٹر اسپرٹ اینڈ ہائی اسپیڈ ڈیزل کنٹرول آرڈر ۲۰۰۵ء اور مارکیٹنگ ڈسپلن گائیڈلائنز ۲۰۲۴ء کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کے نمونے جمع کرنے اور ان کی جانچ کے لیے واضح ضابطے موجود ہیں۔ اس طریقۂ کار کے تحت پیٹرول کے ۶؍ نمونے، ہر ایک ایک لیٹر کے ہونے چاہئیں۔ ان میں سے دو نمونے پیٹرول پمپ ڈیلر کو دیے جاتے ہیں، دو متعلقہ کمپنی یا محکمہ اپنے پاس محفوظ رکھتا ہے اور باقی دو مقررہ سرکاری یا مجاز لیبارٹری میں جانچ کے لیے بھیجے جاتے ہیں۔ نمونوں پر متعلقہ فریقوں کے دستخط اور جانچ کے نتائج کی مقررہ وقت میں اطلاع دینا بھی ضروری ہے۔تیل کمپنیوں کا کہنا ہے کہ کرناٹک کی تازہ رپورٹ میں تیسرے فریق کی ایک لیبارٹری کے سرٹیفکیٹ استعمال کیے گئے ہیں، لیکن ان میں جانچ کے لیے اختیار کیے گئے مکمل تکنیکی طریقوں کی تفصیلات موجود نہیں ہیں۔ اس لیے ان نتائج کی آزادانہ طور پر تصدیق کرنا ممکن نہیں ہے۔ تیل کمپنیوں نے ایتھنول کی مقدار معلوم کرنے کے لیے استعمال کیے گئے طریقۂ کار پر بھی اعتراض کیا ہے۔ ان کے مطابق بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز کے آئی ایس ۱۷۰۲۱:۲۰۱۸ کے تحت ایتھنول کی مقدار معلوم کرنے کے لیے مخصوص تکنیکی طریقے مقرر ہیں، جن میں فوریر ٹرانسفارم انفرا ریڈ اسپیکٹروسکوپی، واٹر ایکسٹریکشن اور گیس کرومیٹوگرافی شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK