Updated: November 09, 2026, 8:06 PM IST
| Mumbai
ممبئی میں دیوالی کے دوران گزشتہ دو دنوں میں آتشزدگی کے متعدد واقعات پیش آنے کے بعد میئر نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ تہوار کی خوشیاں کسی دوسرے کے لیے پریشانی یا نقصان کا سبب نہیں بننی چاہئیں۔ ان کا یہ ویڈیو پیغام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب دیا مرزا کی ویڈیو کو لے کر پیدا ہونے والا سیاسی تنازع اور اس پر بامبے ہائی کورٹ کی ناراضگی بھی خبروں میں رہی ہے۔
ریتو تاؤڑے اور دیا مرزا۔تصویر:آئی این این
اداکارہ دیا مرزا کی جانب سے دیوالی کے موقع پر پٹاخے نہ جلانے اور فضائی و صوتی آلودگی سے بچنے کی اپیل پر مشتمل ویڈیو کو حذف کیے جانے کے تنازع کے چند روز بعد اب ممبئی کی میئر ریتو تاؤڑے نے خود ایک ویڈیو جاری کرکے شہریوں سے پٹاخے جلاتے وقت احتیاط برتنے اور حفاظتی اصولوں پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ ممبئی میں دیوالی کے دوران گزشتہ دو دنوں میں آتشزدگی کے متعدد واقعات پیش آنے کے بعد میئر نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ تہوار کی خوشیاں کسی دوسرے کے لیے پریشانی یا نقصان کا سبب نہیں بننی چاہئیں۔ ان کا یہ ویڈیو پیغام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب دیا مرزا کی ویڈیو کو لے کر پیدا ہونے والا سیاسی تنازع اور اس پر بامبے ہائی کورٹ کی ناراضگی بھی خبروں میں رہی ہے۔
ممبئی کی میئر ریتو تاؤڑے نے پیر کے روز برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو میں شہریوں سے اپیل کی کہ وہ دیوالی مناتے وقت اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی خوشیوں، روشنیوں اور مسرتوں کا تہوار ہے، لیکن گزشتہ دو دنوں کے دوران پٹاخوں کے باعث آگ لگنے کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں، جو تشویش کا باعث ہیں۔ میئر نے کہا کہ تہوار کی خوشیاں کسی کے غم کا سبب نہیں بننی چاہئیں۔ انہوں نے شہریوں کو بامبے ہائی کورٹ کی ہدایات یاد دلاتے ہوئے کہا کہ عوامی سڑکوں، گلیوں، فٹ پاتھوں اور راستوں پر پٹاخے جلانا ممنوع ہے، اس لیے ان احکامات کی پابندی کی جائے۔
ریتو تاؤڑے نے شہریوں کو یہ بھی مشورہ دیا کہ پٹاخے عمارتوں، جھوپڑیوں اور گاڑیوں کے قریب نہ جلائیں، بچوں کو محفوظ فاصلے پر رکھیں اور ایسے کپڑے پہنیں جن سے آگ لگنے کا خطرہ کم ہو۔ انہوں نے راکٹ اور دیگر فضائی پٹاخوں سے بھی گریز کرنے کی اپیل کی، کیونکہ یہ عمارتوں، بالکونیوں یا چھتوں پر گر کر آگ لگنے کا سبب بن سکتے ہیں۔ ممبئی میں دیوالی کے دوران آگ لگنے کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ حکام کے مطابق دیوالی کی رات شہر میں آگ لگنے کی ۱۴۲؍ کال موصول ہوئیں، جن میں سے ۱۳۷؍واقعات کا تعلق پٹاخوں سے بتایا گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں آگ لگنے کے تین بڑے واقعات بھی پیش آئے، جن میں ڈونگری، اندھیری اور ودیاوہار کے علاقے شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:دیوالی کے بعد دہلی کی فضائی آلودگی پر نفیسہ علی فکرمند، ماسک پہن کر مارننگ واک کی
ڈونگری کے حاجی قاسم چال میں ایک گیراج میں زبردست آگ بھڑک اٹھی، جس پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کو کئی گھنٹوں تک کارروائی کرنی پڑی۔ اندھیری کے علاقے میں بھی ایک گیراج میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ ان واقعات کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ ممبئی میں ان حادثات کے دوران دو خواتین کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ حکام کے مطابق راکٹ اور فضائی پٹاخے ہوا میں بلند ہوکر عمارتوں کی چھتوں، کھڑکیوں، بالکونیوں اور آتش گیر اشیا پر گر سکتے ہیں، جس سے آگ لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ممبئی جیسے گنجان آباد شہر میں جہاں عمارتیں، دکانیں اور رہائشی علاقے ایک دوسرے سے قریب ہیں، وہاں اس طرح کے پٹاخے جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔ تاہم دیگر پٹاخوں کے استعمال پر موجودہ قوانین اور عدالتوں کی ہدایات بدستور نافذ رہیں گی۔
ریتـو تاؤڑے کا تازہ ویڈیو پیغام اس لیے بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے کہ چند روز قبل بی ایم سی نے اداکارہ دیا مرزا کی ایک ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ہٹا دی تھی۔ اس ویڈیو میں دیا مرزا نے ممبئی کے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ دیوالی کے دوران پٹاخے جلانے سے گریز کریں اور فضائی و صوتی آلودگی کم کرنے میں تعاون کریں۔ یہ ویڈیو بی ایم سی کی ماحول دوست اور آلودگی سے پاک دیوالی مہم کا حصہ تھی، جس میں دیگر معروف شخصیات بھی شامل تھیں۔ممبئی بی جے پی کے صدر امیت ساٹم نے دیا مرزا کی مہم میں شمولیت پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہریوں کو دیوالی منانے کے طریقے سکھانے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے بعد بی ایم سی نے دیا مرزا کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ہٹا دی، جبکہ مادھوری دکشت اور کرکٹر اجنکیا رہانے سمیت دیگر شخصیات کی ویڈیوز موجود رہیں۔ اس معاملے پر میئر ریتو تاوڑے نے بھی دیا مرزا کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور انہیں مستقبل کی شہری مہمات میں شامل نہ کرنے کی بات کہی تھی۔
یہ بھی پڑھئے:کارلوس الکاراز نے بین شیلٹن کو شکست دے کر پہلی بار پیرس ماسٹرز کا خطاب جیت لیا
دیا مرزا کا ویڈیو حذف کیے جانے کے معاملے پر بامبے ہائی کورٹ نے سخت ناراضگی ظاہر کی تھی۔ عدالت نے کہا تھا کہ ماحولیاتی تحفظ اور فضائی و صوتی آلودگی کے خلاف بیداری پیدا کرنے کی کوشش کو کسی دوسرے رنگ میں نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ عدالت نے بی ایم سی سے دیا مرزا کی ویڈیو دوبارہ جاری کرنے کو کہا تھا اور اس بات پر زور دیا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی تمام شہریوں کو متاثر کرتی ہے، اس لیے اس معاملے کو سیاسی یا مذہبی اختلافات سے جوڑنا مناسب نہیں ہے۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ کسی تہوار کو خوشی سے منانے کا حق اپنی جگہ ہے، لیکن اس کے نام پر عوامی مقامات پر پٹاخے جلانے اور دوسروں کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ عدالت نے عوامی سڑکوں اور راستوں پر پٹاخے جلانے کی ممانعت پر بھی زور دیا تھا۔