اسمبلی کے مانسون اجلاس میں امین پٹیل نےمتعلقہ ایجنسیوں کے ہمراہ میٹنگ منعقد کرنے اورپل کے بقیہ حصے کا کام جلدازجلد تعمیرکرنے کا مطالبہ
EPAPER
Updated: June 24, 2026, 11:11 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
اسمبلی کے مانسون اجلاس میں امین پٹیل نےمتعلقہ ایجنسیوں کے ہمراہ میٹنگ منعقد کرنے اورپل کے بقیہ حصے کا کام جلدازجلد تعمیرکرنے کا مطالبہ
یہاں جاری مہاراشٹر اسمبلی کے مانسون اجلاس میں بدھ کو رکن اسمبلی امین پٹیل نے ہینکاک بریج کا معاملہ ایوان اسمبلی میں اٹھایا۔پوائنٹ آف آرڈر کے تحت انہوں نے ایوان اسمبلی کو بتایا کہ ہینکاک بریج کی تعمیر شروع ہو کر ۱۰؍ سال گزر چکے ہیں لیکن اب تک محض ۴۰؍ فیصد کام کیا جاسکا ہے۔ متعلقہ ایجنسیاں باقی حصہ تعمیر کرنے میں انتہائی سست روی کا مظاہرہ کر رہی ہیں جس کی وجہ سے ۷؍اسکولو ںکے طلبہ اور بائیکلہ اور ممبادیوی کی جانب سفر کرنے والے شہریوں کو شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ امین پٹیل نے ایوان اسمبلی میں مطالبہ کیاکہ متعلقہ ایجنسیوں کی مقامی عوامی نمائندوں کے ساتھ مشترکہ میٹنگ منعقد کی جائے تاکہ پل کا بقیہ ۶۰؍ فیصد حصہ جلد ازجلد تعمیر کیاجاسکے۔
رکن اسمبلی امین پٹیل نے ایوان اسمبلی میں کہا کہ ’’سینڈھرسٹ روڈ ریلوے اسٹیشن کے پاس قدیم ہینکاک بریج ہے جسے۲۰۱۵ءمیں برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن( بی ایم سی ) نے خستہ حال قرار دیا تھااور اسے منہدم کر نے کا نوٹس دیا تھا۔ جنوری ۲۰۱۶ء میں اس بریج کو منہدم کردیا گیا۔۱۰؍ سال میں اس بریج کا ۴۰؍ فیصد حصہ ہی تعمیر کیاجاسکا ہے۔اگست ۲۰۲۲ء میں اس بریج کی ۲؍ لین شروع کی گئی ہے۔اس پل کی تاخیر کے سبب ۲۰۱۶ء سے ۲۰۲۲ء تک پٹریاں پار کرتے ہوئے ۱۵؍ تا ۲۰؍ افراد کی ٹرین حادثہ میں موت ہوئی ہے۔‘‘انہوںنے مزید کہاکہ بی ایم سی نے بامبے ہائی کورٹ میں ۲۰۱۸ء میں حلف نامہ داخل کیا تھا کہ ۲۰۱۹ء تک ہینکاک بریج کو مکمل کر لیاجائے گا۔ ۱۰؍ سال کے بعد بھی ۴۰؍ فیصد کام ہو سکا ہے۔اس بریج کی تعمیر کی لاگت ۱۴؍ کروڑ روپے تھی اور میری معلومات کے مطابق آج تک ۷۵؍ کروڑ روپے ہینکاک بریج کی تعمیر پر اب تک خرچ ہو چکے ہیں، اس کے باوجود آج بھی یعنی جون ۲۰۲۶ء میں بھی پل کے بقیہ ۶۰؍ فیصد حصہ کو تعمیر کرنے کیلئے بی ایم سی کی جانب سے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی ریلوے اور مہاڈا اس پر کوئی کام کر رہا ہے۔
امین پٹیل نے یہ بھی کہا کہ ’’یہ بریج ممبادیوی اسمبلی حلقہ اور بائیکلہ اسمبلی حلقہ کو جوڑنے والا ٹریفک کیلئے اہم پل ہے ۔ بریج کے قریب ہی سینڈھرسٹ روڈ ریلوے اسٹیشن ہے ، اس کے علاوہ ۷؍ اسکولوں کے طلبہ کو یہ بریج مکمل نہ ہونے کی وجہ سے سخت دشواریاں ہورہی ہیں اور علاقے میں ٹریفک جام رہتا ہے۔اس لئے میرا اسپیکر سے مطالبہ ہے کہ وہ حکومت کو ہدایت دے کہ اس اہم بریج کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے ضروری اقدام کرے اور اس ضمن میں متعلقہ ایجنسیوں بی ایم سی کے کمشنر، مہاڈا کے جوائنٹ چیف آفیسر اور ریلوے کے افسران کے ساتھ فوری طور پر ایک مشترکہ میٹنگ بلائی جائے اور اس میٹنگ میں ممبا دیوی اور بائیکلہ کے اراکین اسمبلی اور کارپوریٹروں کو بھی مدعو کیاجائے تاکہ وہ مقامی مسائل کے بارے میں افسران کو بتا سکیں۔
امین پٹیل نے اس وقت موجود عبوری اسپیکر سمیر کنادار سے مطالبہ کیا کہ وہ حکومت کو ہدایت دے کہ ہینکاک بریج کو مکمل کرنے کیلئے مشترکہ میٹنگ منعقد کرے ۔
اسپیکر نے کہا کہ سرکار سبھی پوائنٹ آف آرڈر کانوٹس لے رہی ہے اور اس پر بھی ضرور کارروائی کی جائے گی۔