• Fri, 06 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹ سے ہرا کر سیریز میں برتری حاصل کرلی

Updated: November 04, 2026, 10:06 PM IST | New Delhi

عرشدیپ سنگھ کے چار، گرنور برار کے تین اور انشول کمبوج کے دو وکٹوں کی شاندار گیندبازی کے بعد وراٹ کوہلی (۷۴) اور کپتان شبھ من گل (۳۷) کی عمدہ بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے بدھ کو بارش سے متاثرہ پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو ۵۶؍ گیندیں باقی رہتے پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔

Virat Kohli.Photo:X
وراٹ کوہلی۔ تصویر:ایکس

عرشدیپ سنگھ کے چار، گرنور برار کے تین اور انشول کمبوج کے دو وکٹوں کی شاندار گیندبازی کے بعد وراٹ کوہلی (۷۴) اور کپتان شبھ من گل (۳۷) کی عمدہ بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے بدھ کو بارش سے متاثرہ پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو ۵۶؍ گیندیں باقی رہتے پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہندوستان نے پانچ میچوں کی سیریز میں ۰۔۱؍ کی برتری حاصل کرلی۔ شاندار بلے بازی کے لیے کوہلی کو `گیم چینجر آف دی میچ  اور ۲۲؍ رنز دے کر دو وکٹ لینے والے انشول کمبوج کو پلیئر آف دی میچ  قرار دیا گیا۔ کمبوج کی کفایتی گیندبازی نے نیوزی لینڈ کو ۱۸۵؍ رنز تک محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

۱۸۶؍ رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کو پہلے ہی اوور میں جھٹکا لگا، جب کائل جیمیسن نے روہت شرما کو بغیر کوئی رن بنائے کپتان مچل سینٹنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی نے کپتان شبھ من گل کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ کوہلی نے فیلڈنگ کے دوران بھی دو شاندار کیچ پکڑے تھے۔ بارش کے باعث۱۱؍ویں اوور میں پہلی مرتبہ کھیل روکنا پڑا۔ اس وقت ہندوستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر ۵۰؍ سے زائد رنز بنا لیے تھے۔ کھیل دوبارہ شروع ہونے پر ہندوستان کو ۴۰؍ اوور میں ۱۶۷؍ رنز کا نظرثانی شدہ ہدف ملا۔اس کے بعد ایک بار پھر بارش شروع ہونے سے کھیل روکنا پڑا۔ دوبارہ کھیل شروع ہونے پر ہندوستان کے لیے ۳۲؍ اوور میں  ۱۴۳؍ رنز کا نیا ہدف مقرر کیا گیا۔ دونوں بلے بازوں نے اس کے بعد عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے تیزی سے رنز بنائے۔ وراٹ کوہلی نے ۱۶؍ویں اوور کی پہلی گیند پر چوکا لگا کر اپنی ۸۰؍ویں نصف سنچری مکمل کی۔ ۱۹؍ویں اوور کی دوسری گیند پر نیتھن اسمتھ نے شبمن گل کو آؤٹ کر دیا۔ گل نے ۵۶؍ گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے ۳۷؍رنز بنائے۔
اگلے ہی اوور میں جیکب ڈفی نے وراٹ کوہلی کو پویلین بھیج دیا۔ کوہلی نے ۵۱؍ گیندوں میں ۱۳؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۷۴؍ رنز بنائے۔ اسی اوور میں ڈفی نے اکشر پٹیل کو بھی صفر پر آؤٹ کر دیا۔ ہندوستان کو جب جیت کے لیے صرف سات رنز درکار تھے، تب ڈفی نے شریاس  ایّر (۱۵؍رن) کو آؤٹ کرکے پانچواں جھٹکا دیا۔ شریاس نے ۱۳؍ گیندوں میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ ۲۳؍ویں اوور کی چوتھی گیند پر نمن دھیر نے چوکا لگا کر ہندوستان کو پانچ وکٹ سے کامیابی دلائی۔ نمن دھیر پانچ اور کے ایل راہل تین رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے تین وکٹ حاصل کیے، جبکہ نیتھن اسمتھ اور کائل جیمیسن کو ایک ایک وکٹ ملا۔

یہ بھی پڑھئے:’’کنگ‘‘ کے گیت ’’تو مل جائے‘‘ کیلئے ایڈ شیرن کے سامنے صرف ایک شرط رکھی گئی تھی

اس سے قبل ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم کو ۱۸۵؍ رنز پر سمیٹ دیا۔ عرشدیپ سنگھ نے پانچویں اوور میں ول ینگ (۹) اور نویں اوور میں ہنری نکولس (۹) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو ابتدائی کامیابیاں دلائیں۔ ۱۵؍ویں اوور میں گرنور برار نے ٹم سیفرٹ کو پویلین بھیجا۔ سیفرٹ نے ۴۳؍ گیندوں میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ۳۸؍ رنز بنائے۔ برار نے ۱۷؍ویں اوور میں ٹام  لاتھم(۳) کو اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر آؤٹ کیا، جبکہ ڈیرل مچل (۲۸) ۲۷؍ویں اوور کی پہلی گیند پر رن آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھئے:آئی سی سی رینکنگ: مچل اسٹارک پھر ٹیسٹ کرکٹ کے نمبر ایک گیند باز بن گئے

انشول کمبوج نے ۲۷؍ویں اوور میں کپتان مچل سینٹنر (۴) کو بولڈ کیا اور۲۹؍ویں اوور میں نیتھن اسمتھ ( ایک) کو بھی آؤٹ کر دیا۔ ۳۲؍ویں اوور میں عرشدیپ نے کائل جیمیسن (ایک) کو پویلین بھیجا۔ انہوں نے ۳۶؍ویں اوور کی پہلی گیند پر گلین فلپس کو بھی اپنا شکار بنایا۔ فلپس نے ۵۱؍ گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۳۰؍ رنز بنائے۔ جیک ڈفی اور بلیئر ٹکنر نے آخری وکٹ کے لیے ۳۹؍ رنز جوڑے۔ ۴۱؍ویں اوور کی دوسری گیند پر برار نے ٹکنر کو آؤٹ کرکے نیوزی لینڈ کی اننگز ۱۸۵؍ رنز پر ختم کر دی۔ ٹکنر نے۲۳؍ گیندوں میں ایک چوکے اور چار چھکوں کی مدد سے ۳۴؍ رنز بنائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK