Inquilab Logo

امتحان کے بعد بھی اسکولوں میں ۳۰؍اپریل تک تعلیمی سلسلہ جاری رہے گا

Updated: April 14, 2022, 9:47 AM IST | saadat khan | Mumbai

کووڈ ۱۹؍کی وجہ سے تعلیمی نقصان کی بھرپائی کی کوشش ۔محکمۂ تعلیم کی ہدایت کے مطابق جو طلبہ پڑھنے لکھنے میںکمزور ہیں، ان کی کمزوریوںکو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی اور ڈرائنگ اور آرٹ کی مشق کروائی جائے گی

The education department has directed the schools to continue till April 30. (File photo)
اسکولوں کو۳۰؍ اپریل تک جاری رکھنے کی ہدایت محکمہ تعلیم نے دی ہے۔ (فائل فوٹو)

 کووڈ ۱۹؍ کی وجہ سے تقریباً ۲؍سال تک آف لائن اسکول بندہونے اور آن لائن پڑھائی معمول کے مطابق نہ ہونے سے طلبہ کا بڑا تعلیمی نقصان ہواہے ۔ اس کا منفی اثر طلبہ کے رزلٹ اور ان کےتعلیمی معیار پر پڑنےکا امکان ہے۔ اسی وجہ سے ۲۰؍ دسمبر ۲۰۲۱ءکومحکمہ ٔ  تعلیم نے ایک سرکیولر جاری کرکے طلبہ کے پڑھنے لکھنے کی صلاحیتوں کی جانچ کرنے کی ہدایت جاری کی تھی مگر جنوری  ۲۰۲۲ءمیں دوبارہ کورونا کے معاملات بڑھنے سے یہ جانچ نہیں ہوسکی اور ۲۸؍فروری ۲۰۲۲ء سے دوبارہ آف لائن اسکولوں کو بندکرکے آن لائن پڑھائی شروع کرنےکی ہدایت دینی پڑی تھی لیکن اب کوروناکے معاملات میں کمی آنے پر میونسپل محکمۂ تعلیم نے سالانہ امتحانات ختم ہونے کے بعد ۱۳؍تا ۳۰؍اپریل تک اسکولوں کوباضابطہ جاری رکھنےکی ہدایت دی ہے۔ اس دوران کووڈ۱۹؍ سے ہونے والے تعلیمی نقصان کی بھرپائی کی کوشش کی جائےگی ۔ جو طلبہ پڑھنے لکھنے میںکمزور ہیں ، ان کی کمزوریوںکو دور کرنے اور ڈرائنگ اور آرٹ وغیرہ کی مشق کروانےکیلئے کہاگیاہے۔اس دوران ایجوکیشن افسران اسکولوںکادورہ بھی کریں گے تاکہ مذکورہ پروجیکٹ کے تحت کی جانےوالی سرگرمیوں کا جائزہ لیاجاسکے۔
 میونسپل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے بی ایم سی کے علاوہ شہری انتظامیہ کے زیر نگرانی جاری تمام نجی امدادیافتہ اور غیر امدادی اوّل تا آٹھویں جماعت کے پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں میں ۵؍تا ۱۲؍اپریل کے درمیان سالانہ امتحانات منعقد کرنےکی ہدایت دی تھی۔ ۲۹؍ اپریل کو امتحانات کے نتائج جاری کرنےکی ہدایت دی گئی ہے ساتھ ہی ۱۳؍ سے ۳۰؍اپریل تک  باضابطہ اسکول جاری رکھنے کیلئے کہا گیا  ہے۔ اس دوران طلبہ کو اسکول بلا کران کے پڑھنے لکھنے اور دیگر تعلیمی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جن طلبہ کی پڑھنے لکھنے کی صلاحیت معیارکے مطابق ہے،  انہیں اسپورٹس، ڈرائنگ، گلوکاری اور انگریزی  اور مراٹھی بول چال وغیرہ کی مشق کروائی جائے گی۔ان سرگرمیوں کی تفصیلات ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی طرف سے دی گئی لنک پراپ لوڈ کرنی ہے ۔اس دوران ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے افسران اسکولوں کادورہ بھی کریں گے۔
 مہاراشٹراسٹیٹ شکشک پریشدممبئی کے صدر شیوناتھ دراڈےنے اس ضمن میں کہاکہ ’’ کووڈ ۱۹؍کی وجہ سے تقریباً ۲؍سال تک آف لائن اسکول بند ہونےسے طلبہ کا بڑے پیمانے پر تعلیمی نقصان ہواہے۔ اس کی بھرپائی کیلئے بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے ۱۳؍سے ۳۰؍ اپریل تک باضابطہ اسکول جاری رکھنے کا جوفیصلہ کیاہے،  اس سے کسی حدتک طلبہ کی پڑھائی کے نقصان کی بھرپائی ہونےکا امکان ہے۔اس دوران  آف لائن اسکول سے دورہونے سے جو طلبہ پڑھنے لکھنےمیں کمزور ہوگئے ہیں،  ان کی ان کمزوریوںکو دورکرنےکی کوشش کی جائے گی۔ ان کے پڑھنے لکھنےکےمعیار کو بہتر بنانےکیلئے انہیں پڑھنے اور لکھنے کی مشق کروائی جائے گی تاکہ وہ روانی  سے پڑھ لکھ سکیں ۔‘‘
  جنوبی ممبئی کے ایک اسکول کے سینئر ٹیچر نے کہاکہ ’’کورونا بحران کی وجہ سے طلبہ اسکول سے ۲؍سال تک دور رہے  ۔ اس کی وجہ سے بیشتر طلبہ کے لکھنے کی صلاحیت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ اس کااندازہ بورڈ امتحانات کے علاوہ اسکولوںمیں ہونےوالے انٹرنل امتحانات کے دوران شدید طورپر ہواہے۔ حتیٰ کہ طلبہ کو جواب بتانے کے باوجود وہ جواب نہیں لکھ پارہے تھے جس سے طلبہ کے رزلٹ متاثرہوںگے۔ لکھنے کی عادت چھوٹ جانے سے طلبہ کو بڑی پریشانی ہورہی ہے۔ فی الحال تو طلبہ کو لکھنےکی مشق کروانا انتہائی ضروری ہے ورنہ آنے والے دنوںمیں ان کیلئے بڑا مسئلہ پیداہوجائے گا۔ ایسےمیں بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نےطلبہ کے لکھنے پڑھنے کی صلاحیت کو بہتر بنانےکیلئے جو اقدام کیاہے ، وہ ضروری ہے۔ اس سے بچوں کو کافی فائدہ ہوگا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK