Inquilab Logo Happiest Places to Work

وزیر اعظم سے لاکھ سیاسی اختلاف سہی مگر وہ ملک کا وقار بلند کر رہے ہیں یہ بات بھلائی نہیں جا سکتی

Updated: May 21, 2026, 1:04 AM IST | Mumbai

این سی پی کے بانی شرد پوار نے انڈیا اتحاد سے بالکل مخالف موقف اختیار کرتے ہوئے یہاں وزیر اعظم مودی کی تعریفوں کے پل باندھے ۔ اس پر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے پوار کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب مہاراشٹر میں ہمارے آئندہ ۲۰؍ سال محفوظ ہو گئے ہیں ۔

Yours sincerely: Narendra Modi and Sharad Pawar
بڑی مہربانی آپ کی: نریندر مودی اور شرد پوار

این سی پی کے بانی شرد پوار نے انڈیا اتحاد سے بالکل مخالف موقف اختیار کرتے ہوئے یہاں وزیر اعظم مودی کی تعریفوں کے پل باندھے ۔ اس پر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے پوار کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب مہاراشٹر میں ہمارے آئندہ ۲۰؍ سال محفوظ ہو گئے ہیں ۔
  ایک روز قبل پونے کی ایک تنظیم کی جانب سے ممبئی میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا ’’ ہمارے اور نریندر مودی کےدرمیان کتنا ہی نظریاتی اختلاف کیوں نہ ہو ہم یہ بھول سکتے کہ وہ عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘ شرد پوار نے اپنے خطاب میں ہندوستان کے اب تک کے تمام وزرائے اعظم کی کارکردگیاں بیان کیں۔ خاص کر انہوں نے اندرا گاندھی کے مختلف اقدامات کی تعریف کی ۔ جب وزیر اعظم نریندر مودی کا تذکرہ کیا تو پوار نے انڈیا اتحاد کے حالیہ موقف سے بالکل الگ بیان دیا۔ انہوں نے کہا ’’ آج ہمارا ملک ایک نئے اور علاحدہ موڑ پر کھڑا ہے۔ ہمارے اور وزیر اعظم کے نظریات میں لاکھ اختلاف سہی لیکن ہم یہ نہیں بھلا سکتے کہ وزیر اعظم عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند کر رہے ہیں۔  وہ ملک کی شبیہ کو اور مضبوط کر رہے ہین۔‘‘  انہوں نے کہا ’’ جب ملک کے وقاراور عزت کی بات آئے تو تمام سیاسی پارٹیوں کو آپسی اختلافات کو درکنار کر دینا چاہئے ۔‘‘  
 یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں انڈیا اتحاد خاص کرکانگریس کا موقف رہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی بیرون ملک جا کر اپنے ملک کا نام ڈبو رہے ہیں۔ انہوں نے ملک کے وقار کو گروی رکھ دیا ہے۔ وہ ہر کام امریکہ سے پوچھ کر کرتے ہیں۔ شرد پوار کا بیان اس کے ٹھیک برعکس ہے۔ شرد پوار کے بیان سے پہلے شیوسینا (ادھو)  کے ترجمان سنجے رائوت نے کہا تھا کہ ملک جب بھی مشکل میں ہوتا ہے نریندر مودی بیرون ملک دورے پر ہوتے ہیں۔ وہ جلد ہی ایوارڈ کی سنچری مکمل کرنے والے ہیں۔ ان ایوارڈوں سے کیا حاصل ہو گا؟‘‘  
 وزیر اعلی کی جانب سے خیر مقدم 
  پوار کا بیان آتے ہی وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے اس کا خیر مقدم کیا۔ فرنویس نے کہا’’ شرد پوار نے جو کہا ہے وہ بہت اہم ہے۔ بہت سے لوگ یہ سوال کر رہے ہیں کہ وزیر اعظم بیرون ملک کیوں جاتے ہیں؟ وہاں کیا ہوتا ہے؟ تو وہاں (بیرون ملک)  الگ الگ ممالک کے ساتھ جس طرح کے معاہدے حکومت ہند نے کئے ہیں ان کی وجہ سے آئندہ ۲۰؍ سال کیلئے ہم لوگ محفوظ ہو گئے ہیں۔ ‘‘انہوں نے کہا ’’اسی لئے شرد پوار نے کہا ہے کہ بلاوجہ تنقیدیں مت کرو۔ وزیر اعظم باہر جا کر ملک کے مفاد میں کام کر رہے ہیں۔ اسی لئے انہیں نشانہ بنانا ٹھیک نہیں۔ ‘‘ 
 ’’شرد پوار اچھے کاموں کی تعریف کرتے ہیں‘‘
 شرد پوار کے پرانے ساتھی اور ریاستی وزیر برائے رسد وخوراک چھگن بھجبل شرد پوار کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’شرد پوار اچھے کاموں کی ہمیشہ تعریف کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا ’’شرد پوار اچھے کاموں کو اچھا کہتے ہیں۔ وہ سیاسی طور پر آپ کی مخالفت کریں گے لیکن اچھے کاموں کی تعریف بھی کریں گے۔ اگر معاملہ ملک کی عزت کا ہے تو وہ آپ کا تعاون کرنے کیلئے آگے بھی آئیں گے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK