ہیومن رائٹس واچ کا انتباہ، تفتیشی ایجنسیوں کےاستعمال، عدالتی امور میں مداخلت ، پارلیمانی اصولوں کی پامالی اور ایس آئی آر کے نام پر اقلیتوں کو حق رائے دہی سے محروم کئے جانے کا حوالہ دیا۔
EPAPER
Updated: November 25, 2026, 10:06 AM IST | Agency | New Delhi
ہیومن رائٹس واچ کا انتباہ، تفتیشی ایجنسیوں کےاستعمال، عدالتی امور میں مداخلت ، پارلیمانی اصولوں کی پامالی اور ایس آئی آر کے نام پر اقلیتوں کو حق رائے دہی سے محروم کئے جانے کا حوالہ دیا۔
حقوق انسانی پر نظر رکھنے والی بین الاقوامی تنظیم ’’ہیومن رائٹس واچ‘‘ (ایچ آر ڈبلیو) نے اپنی تازہ رپورٹ میں ہندوستان کی صورتحال پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار نے انسانی حقوق اور جمہوری آزادیوں کے تحفظ کیلئےقائم اداروں کو منظم طریقے سے کمزور کیا ہے۔’’ہم جس جمہوریت کی بات کر رہے ہیں، وہ آخر ہے کیا؟: ہندوستان میں مودی کا آمرانہ طرزِ حکمرانی‘‘ کے عنوان سے ۹۵؍ صفحات پر مشتمل رپورٹ امریکہ میں پیر کو جاری کی گئی جس میں تفتیشی ایجنسیوں کے بطور ہتھیار استعمال، عدالتوں پر اثر انداز ہونے کی کوششوں، پارلیمانی اصولوں کی پامالی ، جمہوری اداروں کو بربادی اور اقلیتوں کو نشانہ بنانے بطور خاص ایس آئی آر کے دوران مسلمانوں کے نام کاٹے جانے کا تفصیل سے حوالہ دیا گیا ہے۔ تنظیم نے کہا ہے ہندوستان میں جمہوریت کے زوال کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ سرکاری اداروں کو حکومت کے ناقدین کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا بند کیا جائے اور تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
گزشتہ ایک دہائی میں تبدیلیوں کا احاطہ
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران مودی حکومت نے قانون کی حکمرانی کو کمزور کیا، ہندو اکثریت پسندی کو فروغ دیا، جس کے نتیجے میں انسانی حقوق کے تحفظات ختم ہوئے، پسماندہ طبقات کے حقوق متاثر ہوئے اور ہندوستان میں آمرانہ رجحان گہرا ہوا۔ ’ایچ آر ڈبلیو‘ نے یہ رپورٹ ۴۰؍ سے زائد وکلاء، صحافیوں، سماجی کارکنوں ، محققین، ماہرین تعلیم، موجودہ اور سابق ججوں اور سابق سرکاری اہلکاروں سے گفتگو کے بعد تیار کی گئی ہے۔ رپورٹ میں بطور خاص پارلیمانی طریقۂ کار کی پامالی ، اپوزیشن کا دبایا جانا، مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا، آئینی اور قانونی اداروں کو کمزور کرنا اور عدلیہ میں مداخلت کے ساتھ عدالتی نظام کی اپنی ناکامیوں کا جائزہ لیاگیاہے۔ رپورٹ کا آغاز سابق چیف الیکشن کمشنر ایس وائی قریشی کے نومبر ۲۰۲۵ء کے اس بیان سے کیاگیا ہے کہ سرکار ’’ہر ادارے کو تابع کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘
ہیومن رائٹس واچ کی سفارش اور مانگ
ہیومن رائٹس واچ کی ایشیا ڈائریکٹر ایلین پیئرسن نے رپورٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ ’’گزشتہ ایک دہائی کے دوران مودی حکومت ہندوستان کے ان خودمختار اداروں کو اندر سے کھوکھلا کرتی رہی ہے جو انتظامیہ کے اختیارات پر قدغن لگانے اور شہری آزادیوں کے تحفظ کیلئے نہایت اہم ہیں۔ حکومت نے قانون کی حکمرانی کو کمزور کیا ہے اور ہندو اکثریت کی بالادستی کے نظریے کو فروغ دیا ہے۔ اس کے نتیجے میں انسانی حقوق کے تحفظات کو پیچھے دھکیلا گیا، حاشیے پر موجود کمزور برادریوں کے حقوق کمزور ہوئے اور ہندوستان کا آمرانہ طرزِ حکمرانی کی جانب سفر مزید گہرا ہوا ہے۔‘‘ پیئرسن کے مطابق ’’ جمہوریت کے زوال کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ سرکاری اداروں کو حکومت کے ناقدین کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کا سلسلہ ختم کیا جائے۔
مختلف موضوعات پر ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ میں کیا کہاگیاہے؟
آئینی اداروں کو کمزور کیاگیا
ہیومن رائٹس واچ کے مطابق قومی انسانی حقوق کمیشن سمیت اقلیتوں، خواتین، بچوں، دلتوں اور آدیواسیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قائم ادارے قانون میں تبدیلیوں اور سیاسی تقرریوں کے باعث کمزور ہوئے ہیں۔ تنظیم کا الزام ہے کہ ان اداروں نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملات میں مؤثر کارروائی نہیں کی۔ انسانی حقوق کمیشن نے معذور پروفیسر جی این سائی بابا کے جیل میں مبینہ غیر انسانی سلوک سے متعلق شکایات مسترد کردیں، جبکہ الیکشن کمیشن ووٹر فہرستوں میں مبینہ ردوبدل، پولنگ کے اعدادوشمار دبانے اور ووٹوں کی گنتی میں بے ضابطگیوں کی شکایات کی بھی معتبر تحقیقات نہیں کی گئیں۔ رپورٹ میں احتجاج اور مظاہروں کا بھی حوالہ دیاگیا۔
عدالتوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش
عالمی تنظیم نے مودی حکومت پر عدلیہ میں سیاسی مداخلت، ججوں کی تقرریوں اور تبادلوں پر اثرانداز ہونے اور اختلافِ رائے کو دبانے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ ہیومن رائٹس واچ کے مطابق عدالتیں سیاسی طور پر حساس مقدمات میں ضمانت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے معاملے میں غیر مستقل رویہ اختیار کرتی رہی ہیں۔ تنظیم نے عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت مسترد کئے جانے، جج ایس مرلی دھر کے تبادلے اور سونم وانگ چک سمیت حکومت کے ناقدین کے خلاف مقدمات کا حوالہ دیا۔ رپورٹ کے مطابق اظہارِ رائے اور احتجاج کی آزادی بھی متاثر ہوئی ہے، جبکہ عدلیہ پر تنقید کرنے والی سوشل میڈیا پوسٹس کے خلاف کارروائی کی کوششیں کی گئیں۔
جانچ ایجنسیوں کا استعمال
مودی حکومت پر ہیومن رائٹس واچ نے اپنی رپورٹ میں الزام لگایاہے کہ وہ سیاسی مقاصد کیلئے مرکزی تحقیقاتی بیورو (سی بی آئی)، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) جیسے وفاقی تحقیقاتی اداروں کا استعمال کر رہی ہے۔ بی جے پی کے مخالفین اور ناقدین کو بدعنوانی اور مالی بے ضابطگیوں کے مبینہ الزامات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔۲۰۱۴ء کے بعد سے متعدد ملکی و بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں، وکلا، کارکنوں اور میڈیا اداروں کو بھی غیر ملکی عطیات کے ضابطے سے متعلق قانون (ایف سی آر اے) اور مالی بے ضابطگیوں سے متعلق دیگر قوانین کے تحت نشانہ بنائے جانے کا الزام رپورٹ میں لگایاگیاہے۔