Inquilab Logo

کورونا بحران میں بی ایم سی کے اخراجات کی جانچ شروع

Updated: November 24, 2022, 7:45 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

سی اے جی افسران کی میونسپل کمشنر سے ملاقات ۔اکاؤنٹ ڈپارٹمنٹ کے کچھ دستاویزات کی جانچ کی ۔ شیوسینا شندے گروپ اور بی جے پی لیڈران نے بدعنوانی کا الزام عائد کیا تھا

Expenditure incurred at Kovidcare centers will also be scrutinized. (file photo)
کووڈکیئرسینٹروں پر کئے گئے اخراجات کی بھی جانچ کی جائے گی۔ (فائل فوٹو)

مہا وکاس اگھاڑی کے دورِ اقتدار میں کورونا بحران میں شہریوں کوعلاج کی سہولتیں مہیا کرانے  اور سڑکوں کی تعمیر کی مد میں ملک کی سب سے  امیر بلدیہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی )  کے ذریعے منظور کئے گئے ۷۶؍ کاموں کی منظور ی کی کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل(سی اے جی) کی ٹیم نے جانچ شروع کر دی ہے ۔ اسی سلسلے میں تفتیشی  ٹیم کے اراکین نے منگل کو  میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل اور دیگر متعلقہ افسران سے ملاقات کی۔ جن  ۷۶؍ کاموں میں بدعنوانی  کا الزام عائد کیاگیا ہے، ان میں کورونا مراکز کی تعمیر، سڑک کی تعمیر اور زمین کی خریداری وغیرہ شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم نے خاص طور پر محکمۂ صحت کے افسران سے ملاقات کی ہے۔ یہ بھی سمجھا جاتا ہے کہ میونسپلٹی کے دستاویزات کی تصدیق ہوچکی ہے۔ اس سلسلے میں میونسپل کمشنر اقبال چہل نے بتایاکہ ’’میری  سی اے جی  افسران کے ساتھ ایک کانفرنس  ہوئی ہے۔ مختلف محکموں کے بارے میں ایک آڈٹ  جاری کیا گیا ہے۔‘‘
 بی ایم سی ذرائع کے کے مطابق میونسپل کمشنر نے سی اے جی ٹیم کی آمد سے قبل تمام محکموں کے سربراہان، وارڈ افسران، بڑے اسپتالوں کے ڈین اور کووڈ۱۹؍ مراکز کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی تھی اور تحقیقات کے بارے میں ضروری ہدایات دی تھیں۔
  شیو سینا میں بغاوت کے بعد سے شندے گروپ اور بی جے پی کے لیڈروںکی جانب سے یہ الزام عائدکیاجاتا رہاہے کہ بی ایم سی کے مختلف ترقیاتی کاموں میں بڑے پیمانے پر مالی بدعنوانی، خاص طور پر کورونابحران میں کورونا کیئر سینٹر کے قیام میںکرپشن کیا گیا ہے ۔ بی جے پی کی جانب سے بار بار الزام بھی لگایا گیا کہ من پسند ٹھیکیدار سے کورونا سینٹروں کا کام کروا گیا ہے۔
کچھ میونسپل اسپتالوں میں بھی تحقیقات کی جائے گی
 سی اے جی کی ٹیم اس کی جانچ کیلئے منگل کی صبح میونسپل ہیڈکوارٹرز پہنچی تھی۔ میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل کے ساتھ سی اے جی   افسران نے میٹنگ کے بعد سی اے جی  ٹیم ممبئی میونسپل کارپوریشن کے اکاؤنٹ ڈپارٹمنٹ میں گئی اور کچھ دستاویزات کی جانچ کی۔ یہ سمجھا جاتا ہے کہ معائنہ کیا گیا تھا اور اس کی تصاویر اور کچھ دستاویزات کو ضبط کیا گیا تھا۔ خاص طور پر کورونا بحران میں محکمۂ صحت عامہ کی جانب سے کئے گئے اخراجات کے دستاویزات کی جانچ کی گئی ۔ یہ اندیشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ آنے والے وقت میں سی اے جی ٹیم ممبئی میونسپل کارپوریشن کے کچھ اسپتالوں میں جا کر تحقیقات کرے گی۔
  ایکناتھ شندے کی قیادت والی ریاستی حکومت نے ۳۱؍ اکتوبر کو ’سی اے جی ‘سے کہا تھا کہ مہا وکاس اگھاڑی(ایم وی اے) کے دورانِ اقتدار میں وبائی بحران میں  شہری انتظامیہ کے ذریعہ کاموں کے الاٹمنٹ کی تحقیقات کرے۔
  واضح رہے کہ جن اخراجات کی سی اے جی کے ذریعے جانچ کی جارہی ہے ،اس وقت میونسپل کارپوریشن  میںادھو ٹھاکرے گروپ برسراقتدار تھا۔
 اس جانچ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شیو سینا لیڈر اور قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر ابا صاحب دانوے نے کہاکہ ’’ ہمیں بی ایم سی کےاخراجات کی جانچ پر اعتراض  نہیں لیکن صرف ممبئی ہی کیوں؟ تھانے، پونے اور اسی طرح دیگر شہر ی انتظامیہ کی بھی جانچ ہونی چاہئے۔‘‘
کن کن معاملات کی تحقیقات کی جائے گی
-  بلدیہ میں۲۸؍ نومبر ۲۰۱۹ء سے ۲۸؍ فروری ۲۰۲۲ء تک ۱۰؍ مختلف محکموں میں کئے گئے کاموں کیلئے ایک خصوصی آڈٹ کیا جائے گا جس کی لاگت۱۲؍ ہزار ۲۳؍ کروڑ ۸۸؍ لاکھ روپے ہے ۔
- بنیادی طور پر کورونابحران میں مختلف معاملات پر خرچ کئے گئے۔ 
- ان تجویزوں میں بھی خصوصی طور پر کوروناوائرس سے نمٹنے کیلئے خرچ کئے گئے ۳۵۳۸ء۷۳؍ کروڑ روپے ،دہیسر میں اجمیرا  کے پلاٹ کی خرید اری پر خرچ کئے گئے ۳۳۹ء۱۴؍ کروڑ روپے ،۴؍ پلوں کی تعمیر پرخرچ کئے گئے ۱۴۹۶؍ کروڑ روپے  اور کورونا بحران میں ۳؍اسپتالوں کیلئے۹۰۴ء۸۴؍ کروڑ روپے شامل ہیں۔
-  | ریاستی حکومت نے سی اے جی سے درخواست کی ہے کہ وہ شہر میں ۵۶؍ سڑکوں کی مرمت پر خرچ  کئے گئے ۲؍ ہزار ۲۸۶؍ کروڑ ۲۴؍ لاکھ روپے ، ۶؍ سیوریج پلانٹس پر خرچ کئے گئے ایک ہزار ۸۴؍ کروڑ ۶۱؍ لاکھ  روپے ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹوں پر ایک ہزار ۲۰؍ کروڑ ۴۸؍ لاکھ روپے  اور  ۳؍ سیوریج ٹریٹمنٹ  پلانٹ کیلئے خرچ کئے گئے ایک ہزار ۱۸۷؍کروڑ ۳۶؍ لاکھ روپے کی جانچ کرے۔

covid-19 Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK