مانسون کا انداز اب مختلف ہے، کئی ہفتوں تک مسلسل بارش کے بجائے اب طویل خشک عرصہ ہوتا ہے اور جب بارش ہوتی ہے تو مختصر مدت میں شدید بارش ہوتی ہے۔
EPAPER
Updated: June 05, 2026, 9:50 AM IST | New Delhi
مانسون کا انداز اب مختلف ہے، کئی ہفتوں تک مسلسل بارش کے بجائے اب طویل خشک عرصہ ہوتا ہے اور جب بارش ہوتی ہے تو مختصر مدت میں شدید بارش ہوتی ہے۔
اس سال جنوب مغربی مانسون انڈمان اور نکوبار جزائر پر جلد پہنچ گیا۔ تاہم، جلد شروع ہونے کا لازمی طور پر یہ مطلب نہیں ہے کہ بارش معمول سے زیادہ ہوگی ۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہےکہ مغربی خلل اور ایل نینو جیسے اثرات کے سبب مانسون کاپیٹرن تیزی سے تبدیل ہورہا ہے۔ یہ اثرات بحر روم اور بحرالکاہل کےعلاقوں سے شروع ہوتے ہیں اور برصغیر کے بڑے حصے میں موسمی حالات میں تغیر کا سبب بنتے ہیں۔ روایتی طور پر، ایک اچھا مانسون خوشحالی اور معاشی بہبود سے وابستہ رہا ہے، جب کہ کمزور مانسون اکثر پریشانی لاتا ہے۔ تاہم مانسون کا انداز بدل رہا ہے۔ کئی ہفتوں تک مسلسل بارش کے بجائے اب طویل خشک عرصہ ہوتا ہے اور جب بارش ہوتی ہے تو مختصر مدت میں شدید بارش ہوتی ہے۔یہ پیٹرن بھی مختلف ریاستوں میں مختلف ہوتا ہے۔
جنوب مغربی مانسون کی آمد اور واپسی کا پیٹرن
اس کے نتیجے میں ایک ہی موسم میں خشک سالی جیسی صورتحال بھی پیدا ہوسکتی ہے اور سیلاب آسکتے ہیں جیسا کہ آج کل ملک میں مشاہدہ کیاجارہا ہے ۔ یہ تبدیلیاں زراعت، آبی وسائل کے انتظام اور آفات کی تیاری کے لیے چیلنجز پیدا کر رہی ہیں۔ ہندوستان کے محکمۂ موسمیات(آئی ایم ڈی) نے حال ہی میں ملک کے مختلف حصوں میں جنوب مغربی مانسون کی آمد اور واپسی کی عام تاریخوں پر نظر ثانی کی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مانسون کی گردش اور بارش کے انداز میں تبدیلیوں کے پیچھے موسمیاتی وماحولیاتی تبدیلی ایک اہم عنصر ہے، حالانکہ قدرتی موسمیاتی تغیرات اور سمندری ماحول کا تعامل بھی ایک کردار ادا کرتا ہے۔فضا اور سمندروں میں بڑھتا ہوا درجہ حرارت مانسون کی گردش، نمی کی نقل و حمل اور بارش کے انداز کو متاثر کر تا ہے۔ سائنسداں مانسون کے رویے میں مسلسل تبدیلیوں کا مشاہدہ کر رہے ہیں جو گرم آب و ہوا کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے، بشمول انتہائی بارش کے واقعات کی بڑھتے ہوئے مظاہر اور موسمی خصوصیات میں تبدیلی، یہ عوامل بھی آب و ہوا کے ساتھ مطابقت رکھتےہیں۔
قلیل مدتی مگر شدید بارش
ماہرین موسمیات نے ہندوستان کےمختلف علاقوں میں مانسون کی آمد اور واپسی کے انداز میں تبدیلیوں کا انکشاف کیا ہے۔ کچھ علاقوں میں، مانسون مقررہ تاریخ سے پہلے پہنچتا ہے جب کہ کچھ علاقوں میں، بعد میں آتا ہے۔ اسی طرح واپسی کی تاریخیں بھی بدل گئی ہیں۔ محققین نے بارش کی تقسیم میں تبدیلیوں کا بھی مشاہدہ کیا ہے، اب بارش قلیل مدتی، زیادہ شدت والے واقعات کی صورت میں زیادہ ہوتی ہے۔ بجائے اس کے کہ پورے موسم کے دوران میں یکساں اور مناسب ہوں۔جنوب مغربی مانسون عام طور پر یکم جون کے آس پاس کیرالا تک پہنچتا ہے اور اگلے چند ہفتوں میں ملک کے باقی حصوں میں آگے بڑھتا ہے۔ یہ عام طور پر جولائی کے وسط تک پورے ملک کا احاطہ کرتا ہے اور ستمبر میں شمال مغربی ہندوستان سے پیچھے ہٹنا شروع ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ۲۰۲۹ء سے قبل نئی پارلیمانی حلقہ بندی کی تیاریاں تیز
مانسون معمول سے پہلے۱۶؍ مئی کو جزائر پہنچ گیا
امسال مانسون اپنے معمول سے پہلے۱۶؍ مئی کو جزائر انڈمان اور نکوبار پہنچ چکا ہے۔ تاہم، بحیرہ انڈمان تک جلد پہنچنے کے باوجود، سرزمین ہند کی طرف اس کی پیش رفت سست رہی جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ایک خطہ میں جلد آغاز کا مطلب یہ نہیں ہے کہ پورے ملک میں جلد آغاز ہواورپھر بارش بھی مناسب ہو۔کہیں زیادہ اور کہیں کم بارش ہوسکتی ہے ۔ بہت سی ریاستوں میں امکان ہے جون میں بارش ہی نہ ہویا جون کے وسط تک شروع ہویا اخیر میں۔ یہ سارے امکانات موجود ہیں۔