• Wed, 18 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سعودی عرب میں غیر ملکی مزدوروں کا استحصال بدستور جاری

Updated: November 16, 2026, 6:07 PM IST | New Delhi

حقوق انسانی کی تنظیم ’القسط‘ کی تازہ رپورٹ میں انکشاف، دو تہائی تارکینِ وطن مزدوروں کو کئی ماہ تک اجرت نہیں ملی، ملازمت سے غیرحاضری کے جھوٹے الزامات اور ملک بدری کے خطرات بھی برقرار۔

Helper.Photo:X
مزدور۔ تصویر:ایکس

سعودی عرب میں غیر ملکی اور تارکینِ وطن مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اصلاحات کے اعلانات کے باوجود ان کے استحصال، تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور ملازمت کے دوران دباؤ ڈالنے کے واقعات بدستور سامنے آرہے ہیں۔ برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم  القسط  کی تازہ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں مقیم لاکھوں غیر ملکی کارکنوں کو اب بھی مختلف قسم کی مشکلات کا سامنا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مارچ سے مئی ۲۰۲۶ ءکے دوران کیے گئے سروے میں شامل تقریباً دو تہائی مزدوروں نے کہا کہ انہیں کئی ماہ تک تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، جبکہ ایک چوتھائی کارکنوں کو کام پر موجود ہونے کے باوجود جھوٹے طور پر غیر حاضر درج کردیا گیا۔ اس عمل کے نتیجے میں انہیں ملازمت سے برطرفی اور ملک بدری کے خطرات کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں تقریباً ایک کروڑ ۴۰ ؍لاکھ سے زائد تارکینِ وطن مزدور مختلف شعبوں میں کام کررہے ہیں۔ یہ کارکن تعمیرات، گھریلو خدمات، تعلیم، صحت، خوردہ تجارت، ہوٹلنگ اور دیگر صنعتوں میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سعودی حکومت نے مارچ ۲۰۲۵ میں غیر ملکی کارکنوں کے لیے ملازمت کے نظام میں اصلاحات متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا، جن کا مقصد روایتی کفالت نظام  کے تحت پیدا ہونے والی پابندیوں کو کم کرنا اور ملازمین کو زیادہ حقوق فراہم کرنا تھا۔تاہم القسط کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اصلاحات کے باوجود قانونی ضابطوں میں موجود خامیوں اور ان پر کمزور عمل درآمد کے باعث آج بھی کئی آجر مزدوروں کو کنٹرول کرنے اور ان کے حقوق محدود کرنے کے لیے مختلف طریقے استعمال کررہے ہیں۔ سروے میں صرف ۲۲ ؍فیصد کارکنوں نے بتایا کہ انہیں اپنے حقوق کی خلاف ورزی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
رپورٹ میں سب سے تشویش ناک انکشاف تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے متعلق ہے۔ سروے میں شامل تقریباً دو تہائی مزدوروں نے بتایا کہ انہیں کئی ماہ تک اپنی محنت کی اجرت نہیں ملی۔ بعض معاملات میں ملازمین کو تنخواہ دینے کے بجائے مختلف بہانے بنائے گئے یا ان کی حاضری کے ریکارڈ میں تبدیلی کرکے انہیں غیر حاضر ظاہر کیا گیا۔اس طرح کے واقعات سے مزدوروں کو نہ صرف مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ ان کے لیے اپنے خاندانوں کو رقم بھیجنا، رہائش اور روزمرہ ضروریات پوری کرنا بھی مشکل ہوجاتا ہے۔ کئی کارکن اپنے ملکوں سے قرض لے کر سعودی عرب میں ملازمت حاصل کرتے ہیں، ایسے میں تنخواہ نہ ملنے کی صورت میں ان کے قرض اور مالی پریشانیاں مزید بڑھ جاتی ہیں۔
رپورٹ میں سعودی عرب کے روایتی کفالت نظام سے متعلق اصلاحات کے عملی اثرات پر بھی سوال اٹھائے گئے ہیں۔ اس نظام کے تحت غیر ملکی کارکنوں کی ملازمت اور ملک میں قیام کا انحصار ان کے کفیل یا اسپانسر پر ہوتا تھا، جس کی وجہ سے ملازمین کے لیے ملازمت تبدیل کرنا یا ملک چھوڑنا مشکل ہوجاتا تھا۔مارچ ۲۰۲۵ ءمیں سعودی حکام نے کفالت نظام میں اصلاحات اور ملازمت کے تعلقات کو بہتر بنانے کے اقدامات کا اعلان کیا تھا، لیکن القسط کے مطابق نئے ضابطوں میں ایسی خامیاں موجود ہیں جن سے آجر اب بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔مثال کے طور پر اگر کوئی ملازم اپنے معاہدے کی مدت کے دوران چھٹی پر جانا چاہتا ہے تو اسے سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے درخواست دینی ہوتی ہے، جس کے لیے ۲۰۰ ؍سعودی ریال کی ناقابلِ واپسی فیس ادا کرنا پڑتی ہے۔ اسپانسر اس بنیاد پر درخواست پر اعتراض کرسکتا ہے کہ ملازم واپس آکر اپنا معاہدہ مکمل نہیں کرے گا۔ ایسی صورت میں کارکن کے لیے ملک سے باہر جانا مشکل ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:میناکشی شیشادری نے رومانوی سے سنجیدہ تک ہر قسم کا رول نبھایا

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی قوانین کے تحت ملازمین کے پاسپورٹ ضبط کرنا غیر قانونی ہونے کے باوجود بعض آجر اس عمل کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تنظیم کے مطابق ایسے معاملات میں آجر کے خلاف تحقیقات اور کارروائی شاذونادر ہی ہوتی ہے۔رپورٹ میں ’سند قبض‘ نامی طریقہ کار کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جس کے تحت بعض مزدوروں کو ایسی رقم وصول کرنے کی رسیدوں پر دستخط کرنے کے لیے مجبور کیا جاتا ہے جو درحقیقت انہیں ادا ہی نہیں کی گئی ہوتی۔ بعض معاملات میں ملازمین کو دھمکی دی جاتی ہے کہ اگر وہ ایسی رسیدوں پر دستخط نہیں کریں گے تو انہیں ملک سے باہر جانے کی اجازت دینے کی درخواست میں رکاوٹ پیدا کی جاسکتی ہے۔کچھ کارکنوں سے یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے کسی ساتھی کو ضمانت دینے کے لیے تیار کریں، جو اس بات کی ذمہ داری قبول کرے کہ ملازم معاہدہ مکمل کرنے کے بعد واپس آجائے گا۔
القسط کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں اصلاحات کے تحت غیر ملکی کارکنوں کو بعض شرائط کے ساتھ اپنی ملازمت تبدیل کرنے کی اجازت دی گئی ہے، لیکن اس عمل میں مالی ذمہ داریاں ایک بڑی رکاوٹ بن سکتی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملازمت تبدیل کرنے کے لیے بعض کارکنوں کو سابق آجر کے ساتھ معاہدے کی باقی مدت سے متعلق مالی ذمہ داریاں اور دیگر معاہداتی جرمانے ادا کرنے پڑسکتے ہیں۔ رہائشی اجازت نامے کی نئی کارروائی سے لے کر متعدد مرتبہ ملازمت کی منتقلی تک اخراجات ۱۷۳؍ڈالر سے بڑھ کر ۲۶۵۰؍ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں۔ بعض حالات میں یہ رقم غیر ملکی کارکن کی اوسط ماہانہ تنخواہ سے چار گنا تک ہوسکتی ہے۔تنظیم کا کہنا ہے کہ ایسے اخراجات کم آمدنی والے کارکنوں کے لیے نئی ملازمت تلاش کرنے اور استحصالی حالات سے نکلنے میں بڑی رکاوٹ بن جاتے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:فرانس: اے آئی تحریروں کیلئے ادبی انعام کا اعلان

رپورٹ میں جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی پرل بلگناٹ کا معاملہ بھی پیش کیا گیا ہے، جو اگست ۲۰۲۵ء میں اپنے خاندان کے ساتھ سعودی عرب منتقل ہوئی تھیں۔ انہیں ملازمت کے دوران رہائش، ہوائی سفر کے اخراجات کی واپسی اور اپنے بیٹے کی تعلیمی فیس کا نصف خرچ برداشت کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔تاہم ان کے مطابق وعدے پورے نہیں کیے گئے اور انہیں طے شدہ رقم سے کم تنخواہ دی گئی۔ ان کا الزام تھا کہ حاضری کے ریکارڈ میں تبدیلی کرکے انہیں غیر حاضر ظاہر کیا گیا، جس کے باعث ان کی تنخواہ بھی متاثر ہوئی۔انہوں نے تنخواہوں کی تاخیر کے خلاف لیبر کورٹ سے رجوع کیا تو ان کا ملازمت کا معاہدہ ختم کردیا گیا۔ ان کے مطابق انہیں اپنے خاندان کے ساتھ ملک میں شدید بے یقینی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور بالآخر وہ جنوبی افریقہ واپس لوٹ گئیں، لیکن ان کے واجبات ادا نہیں کیے گئے تھے۔رپورٹ میں غیر ملکی کارکنوں کے لیے کام کرنے کے ماحول اور حفاظتی انتظامات پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ سعودی عرب میں بڑے تعمیراتی منصوبوں کے دوران شدید گرمی اور سخت موسمی حالات میں کام کرنے والے مزدوروں کو حادثات اور صحت کے خطرات کا سامنا رہتا ہے۔القسط کے مطابق بعض کم تنخواہ والے کارکنوں سے حفاظتی سامان خود خریدنے کے لیے کہا جاتا ہے یا اس کی قیمت ان کی تنخواہ سے کاٹ لی جاتی ہے۔ تعمیراتی مقامات پر مناسب حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث مزدوروں کو شدید چوٹ، مستقل معذوری اور بعض صورتوں میں موت تک کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔رپورٹ میں گرم اور کم ہوا دار کچن میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے بھی خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے، جہاں جلنے، شدید گرمی سے بیمار ہونے اور پھسلنے کے باعث زخمی ہونے کے واقعات پیش آسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK