’پاسکل پرائز‘ کے تحت مصنوعی ذہانت کی مدد سے تخلیق کردہ فرانسیسی زبان کی غیر مطبوعہ تحریر کو اعزاز دیا جائے گا؛ امیدواروں کو استعمال شدہ اے آئی ماڈل اور ابتدائی خیال کی تفصیل بھی پیش کرنا ہوگی، معروف دانشور ژاک اتالی جیوری کے سربراہ ہوں گے۔
EPAPER
Updated: November 16, 2026, 2:58 PM IST | Paris
’پاسکل پرائز‘ کے تحت مصنوعی ذہانت کی مدد سے تخلیق کردہ فرانسیسی زبان کی غیر مطبوعہ تحریر کو اعزاز دیا جائے گا؛ امیدواروں کو استعمال شدہ اے آئی ماڈل اور ابتدائی خیال کی تفصیل بھی پیش کرنا ہوگی، معروف دانشور ژاک اتالی جیوری کے سربراہ ہوں گے۔
مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تحریر و تخلیق کے بڑھتے ہوئے استعمال پر ادبی دنیا میں جاری بحث کے درمیان فرانس نے ایک نیا ادبی انعام متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد انسان اور مشین کے اشتراک سے تیار ہونے والی تحریروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ ’پاسکل پرائز‘ (Prix Pascal) کے نام سے شروع کیے گئے اس انعام کے لیے فرانسیسی زبان میں لکھی گئی ایسی غیر مطبوعہ تخلیقات طلب کی گئی ہیں جن کی تیاری میں مصنوعی ذہانت کی مدد لی گئی ہو۔ امیدواروں کو صرف اپنا مسودہ ہی نہیں بلکہ یہ بھی بتانا ہوگا کہ انہوں نے کون سا اے آئی ماڈل یا خودکار معاون نظام استعمال کیا اور تحریر کا ابتدائی خیال کس طرح وجود میں آیا۔ اس انعام کی جیوری کی صدارت معروف فرانسیسی دانشور اور مصنف ژاک اتالی کریں گے۔ اس انعام کا نام ۱۷؍ ویں صدی کے فرانسیسی ریاضی داں، فلسفی اور موجد بلیز پاسکل کے نام پر رکھا گیا ہے۔ اس کے بانی تین ٹیکنالوجی سے وابستہ کاروباری شخصیات فلپ روڈریگز، البین سروین اور ژیل مانترے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت اب تحریر اور تخلیق کے عمل میں داخل ہوچکی ہے، اس لیے اس کے امکانات کو محض مسترد کرنے کے بجائے یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ انسان اور مشین کا اشتراک کس نوعیت کے نئے ادبی تجربات پیدا کرسکتا ہے۔ انعام کے منتظمین اسے روایتی ادبی انعامات کا متبادل قرار دینے کے بجائے تخلیقی عمل، مصنف کی شناخت اور ادب میں ٹیکنالوجی کے کردار پر ایک نئی بحث شروع کرنے کی کوشش بتاتے ہیں۔
فرانسیسی اخبار ’لے موند‘ کے مطابق امیدواروں کو تقریباً ۳؍ لاکھ حروف پر مشتمل فرانسیسی زبان کا مسودہ جمع کرانا ہوگا۔ اس کے ساتھ ایک تکنیکی دستاویز بھی پیش کرنا ضروری ہے، جس میں استعمال کیے گئے بڑے لسانی ماڈل (ایل ایل ایم) یا اے آئی ایجنٹس کی تفصیل درج ہو۔ امیدواروں کو تقریباً 2 صفحات پر مشتمل ایک تحریر بھی دینی ہوگی، جسے منتظمین نے ’بیج‘ (Seed) کا نام دیا ہے۔ اس سے مراد وہ ابتدائی لفظ، جملہ، عدد یا خیال ہے جس سے پوری تخلیقی کاوش نے جنم لیا۔ اس طرح جیوری صرف تیار شدہ تحریر ہی نہیں بلکہ اس کے پیچھے موجود انسانی تصور اور اے آئی کے استعمال کے طریقۂ کار کا بھی جائزہ لے سکے گی۔ اس انعام کی ایک خاص بات یہ ہے کہ امیدواروں کو اے آئی کے استعمال کو چھپانے کے بجائے پوری شفافیت کے ساتھ اس کی تفصیلات بتانا ہوں گی۔ چیٹ جی پی ٹی، کلاڈ، جیمینائی، میسٹرال اور دیگر بڑے لسانی ماڈل استعمال کرنے کی اجازت ہے۔ امیدواروں سے یہ بھی توقع کی جائے گی کہ وہ واضح کریں کہ اے آئی نے تحریر کے کس مرحلے میں مدد کی اور تخلیق میں انسان کا اپنا حصہ کیا رہا۔ منتظمین کے نزدیک اصل سوال یہ نہیں کہ مشین لکھ سکتی ہے یا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ انسان اور مشین مل کر ایسا کیا تخلیق کرسکتے ہیں جو انفرادی طور پر ممکن نہ ہو۔
جیوری کی صدارت قبول کرنے والے ژاک اتالی نے البتہ ایک شرط رکھی ہے کہ انعام کسی ناول کو نہیں دیا جائے گا۔ ان کے خیال میں ناول کے اسلوب اور بیانیے کا بڑا حصہ مشین کے سپرد کردینے سے ادبی تخلیق کی نوعیت کے بارے میں بنیادی سوال پیدا ہوتے ہیں۔ وہ اس کے بجائے ایسی تحریر کو ترجیح دیتے ہیں جو انسانی فہم، دانش اور مستقبل کے مسائل پر غور و فکر کو آگے بڑھائے۔ انہوں نے انعام کے منشور میں یہ شرط بھی شامل کروائی ہے کہ منتخب تحریر ایسی ہو جو انسانیت کو دانش مندی اور اپنے ماحول کے تحفظ کی سمت آگے بڑھانے میں مدد دے۔ اتالی نے موسیقی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح بڑے موسیقار پہلے سے موجود دھنوں کے حصوں کو نئے انداز میں استعمال کرکے تخلیق کرتے ہیں، اسی طرح ادب میں بھی مصنوعی ذہانت کے ذریعے نئے امکانات سامنے آسکتے ہیں۔ تاہم ان کے نزدیک دو باتیں بنیادی اہمیت رکھتی ہیں: اے آئی کے استعمال کو واضح طور پر ظاہر کیا جائے اور اصل مصنفین کے حقوقِ اشاعت کا احترام کیا جائے۔ ان کا یہ موقف اس خدشے کے پس منظر میں بھی اہم ہے کہ مصنوعی ذہانت کے ماڈلوں کی تربیت کے لیے ادبی تخلیقات کو مصنفین کی اجازت کے بغیر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
پاسکل پرائز کا آغاز ایسے وقت ہوا ہے جب فرانس کی ادبی دنیا میں اے آئی کے استعمال پر شدید اختلافات سامنے آرہے ہیں۔ اس بحث کو حال ہی میں کنیڈا میں مقیم ہیٹی نژاد مصنف تھیلیسون اوریلین کے ناول C’était ça ou mourir کے معاملے نے مزید تیز کردیا۔ ان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنے ناول کی تحریر میں مصنوعی ذہانت سے بڑے پیمانے پر مدد لی، لیکن اس کا انکشاف نہیں کیا۔ مصنف نے ان الزامات کی تردید کی، تاہم ان کی کتاب کو گونکور، فیمینا اور دسامبر جیسے اہم ادبی انعامات کی فہرستوں سے خارج کردیا گیا۔ بعد میں ان کے کینیڈین ناشر نے بھی ان سے تعلق ختم کردیا۔ اس واقعے نے فرانس کے ادبی حلقوں کو دو واضح دھڑوں میں تقسیم کردیا ہے۔ ایک طبقہ سمجھتا ہے کہ اے آئی کے استعمال سے تحریر کا اسلوب یکساں اور مصنوعی ہوسکتا ہے، جبکہ مصنف کی انفرادی آواز اور تخلیقی شناخت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ گونکور اکیڈمی کے صدر فلپ کلاڈیل اس موقف کے نمایاں حامی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گونکور جیسے ادبی انعامات ان کتابوں کے لیے ہونے چاہئیں جو انسانوں نے لکھی ہوں، نہ کہ مشینوں یا ایپلی کیشنز نے۔ وہ ادبی تخلیقات کی تربیت کے لیے اجازت کے بغیر استعمال پر بھی اعتراض کرتے ہیں۔ مصنف اور ۲۰۲۰ء کے گونکور انعام یافتہ ایروے لے تلیے نے بھی اے آئی کے ساتھ مل کر تحریر کرنے کے تصور پر تنقید کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: غلط، غلط ہی ہوتا ہے، چاہے کرنے والا ہم مذہب ہی کیوں نہ ہو: ظفرالعزیز
دوسری طرف کچھ ادیب مصنوعی ذہانت کو مصنف کا متبادل نہیں بلکہ تخلیقی معاون سمجھتے ہیں۔ ان کے نزدیک اے آئی تحقیق، خیالات کی ترتیب، نئے امکانات کی تلاش اور تحریر کے تجربات میں مدد دے سکتی ہے۔ اسی اختلاف کے درمیان پاسکل پرائز کے بانیوں نے یہ انعام شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کے مطابق اس کا مقصد یہ طے کرنا نہیں کہ اے آئی انسان سے بہتر لکھ سکتی ہے یا نہیں، بلکہ یہ دیکھنا ہے کہ اس کے استعمال سے ادب میں کون سی نئی صورتیں پیدا ہوسکتی ہیں۔ منتظمین کے مطابق ۲۰؍ اکتوبر سے درخواستیں وصول ہونے کے بعد انہیں روزانہ اوسطاً تقریباً ۱۵؍ مسودے موصول ہورہے ہیں، جن میں سے ۴۶؍ فیصد فرانس سے باہر کے امیدواروں کی جانب سے ہیں۔ جیوری میں ژاک اتالی کے علاوہ فرانسیسی قومی مرکز برائے سائنسی تحقیق (CNRS) کے محقق الیگزاندر گیفن، اے آئی شعبے کے ماہر ایتین گراس اور دانشورانہ ملکیت کی ماہر وکیل ژولی ژاکوب سمیت دیگر شخصیات شامل ہیں۔ تاہم اب تک کسی ناشر نے انعام یافتہ تحریر کی اشاعت کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، اگرچہ منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ فاتح کو ناشر فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ پاسکل پرائز کے منتظمین کے مطابق اس انعام کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ ۳۰؍ نومبر ۲۰۲۶ء ہے اور فاتح کا اعلان ۱۵؍ دسمبر کو متوقع ہے۔ انعام کا بنیادی فائدہ منتخب تخلیق کی اشاعت اور اسے وسیع قارئین تک پہنچانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ اس طرح یہ مقابلہ صرف ایک نئی ادبی صنف کو متعارف کرانے کی کوشش نہیں بلکہ اس سوال کا عملی تجربہ بھی بن گیا ہے کہ مستقبل میں کسی کتاب کا مصنف کسے کہا جائے گا: خیال پیش کرنے والے انسان کو، اسے الفاظ میں ڈھالنے والی مشین کو یا دونوں کے اشتراک کو؟