• Sun, 15 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایف اے اے ہندوستان کے فضائی تحفظ کے نظام کا آڈٹ کرے گا

Updated: November 15, 2026, 9:58 PM IST | New York

امریکہ کا فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن ۱۶ ؍ نومبر ۲۰۲۶ء سے ہندوستان کے شہری ہوا بازی کے حفاظتی اور نگرانی کے نظام کا پانچ روزہ آڈٹ شروع کرے گا۔ یہ جائزہ ۲۰ ؍نومبر تک جاری رہے گا، جس میں ہندوستان کے ہوابازی کے نگران ادارے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کی کارکردگی، ضابطوں پر عمل درآمد اور فضائی تحفظ کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

Flight.Photo:INN
فلائٹ۔ تصویر:آئی این این

امریکہ کا فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) ۱۶ ؍نومبر۲۰۲۶ء سے ہندوستان کے شہری ہوا بازی کے حفاظتی اور نگرانی کے نظام کا پانچ روزہ آڈٹ شروع کرے گا۔ یہ جائزہ ۲۰ ؍نومبر تک جاری رہے گا، جس میں ہندوستان کے ہوابازی کے نگران ادارے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کی کارکردگی، ضابطوں پر عمل درآمد اور فضائی تحفظ کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس آڈٹ کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ ہندوستان اس وقت ایف اے اے کے حفاظتی جائزے میں اعلیٰ ترین  کیٹیگری ون  درجہ رکھتا ہے اور اس مرتبہ بھی اس حیثیت کو برقرار رکھنا اس کے لیے اہم ہوگا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ایف اے اے کی ٹیم اپنے جائزے کے دوران بنیادی طور پر تین شعبوں پر توجہ دے گی، جن میں طیاروں کے آپریشنز، طیاروں کی پرواز کے قابل ہونے اور تکنیکی معیار کی جانچ  اور ہوا بازی کے عملے کو لائسنس جاری کرنے کا نظام شامل ہے۔اس جائزے کے ذریعے یہ دیکھا جائے گا کہ ہندوستانی ہوابازی کا نگران ادارہ بین الاقوامی حفاظتی ضابطوں پر کس حد تک عمل درآمد کروا رہا ہے اور کیا اس کے پاس ایئرلائنز، طیاروں اور متعلقہ عملے کی نگرانی کے لیے مناسب تکنیکی صلاحیت، تربیت یافتہ افسران اور مؤثر انتظامی ڈھانچہ موجود ہے۔یہ آڈٹ محض طیاروں یا ایئرلائنز کے معائنے تک محدود نہیں ہوگا بلکہ اس کا بنیادی مقصد پورے نظامِ نگرانی کی کارکردگی کا جائزہ لینا ہے، تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی، ان کی اصلاح اور ضروری کارروائی کے لیے مؤثر طریقہ کار موجود ہے یا نہیں۔ایف اے اے اپنے انٹرنیشنل ایوی ایشن سیفٹی اسیسمنٹ (آئی اے ایس اے) پروگرام کے تحت مختلف ممالک کے شہری ہوا بازی کے نگران اداروں کی صلاحیت کا جائزہ لیتا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے یہ طے کیا جاتا ہے کہ متعلقہ ملک کا ہوابازی کا نظام انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او )  کے مقرر کردہ بین الاقوامی حفاظتی معیار اور سفارشات پر عمل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے یا نہیں۔اس جائزے کا تعلق ان ممالک کی ایئرلائنز سے بھی ہے جو امریکہ کے لیے پروازیں چلاتی ہیں، وہاں پروازیں شروع کرنا چاہتی ہیں یا امریکی ایئرلائنز کے ساتھ کوڈ شیئر معاہدوں کے تحت کام کرتی ہیں۔ کیٹیگری ون کا درجہ اس بات کی علامت ہے کہ متعلقہ ملک کا نگران ادارہ بین الاقوامی حفاظتی معیار کے مطابق کام کررہا ہے اور اس کے پاس ایئرلائنز کی نگرانی کا مناسب نظام موجود ہے۔

یہ بھی پڑھئے:موسیقی تخلیق کرنے میں انسان اب بھی کامیاب ہیں:ٹیلر سوئفٹ

امریکی ٹیم کے دورے سے قبل ہندوستانی ہوابازی کے نگران ادارے ڈی جی سی اے نے بھی اپنی تیاریاں تیز کردی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی جی سی اے نے مختلف ہندوستانی ایئرلائنز کے حفاظتی انتظامات کا متعدد مرحلوں میں معائنہ کیا ہے۔ ان میں ایئر انڈیا، انڈیگو، اکاسا ایئر اور اسپائس جیٹ شامل ہیں۔رپورٹس کے مطابق ایف اے اے کی جانب سے تقریباً ۲۰۰ ؍سوالات پر مشتمل جائزے کی تیاری بھی کی جارہی ہے، جن کے جوابات اور متعلقہ دستاویزات امریکی ٹیم کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ایئرلائنز کے آپریشنز، حفاظتی طریقہ کار، تکنیکی عملے کی تربیت اور ضابطوں پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔اس سے قبل ڈی جی سی اے نے اگست اور ستمبر میں بھی بڑی ایئرلائنز کے آپریشنز کا معائنہ کیا تھا، جبکہ امریکی آڈٹ سے قبل تمام ہندوستانی ایئرلائنز کی جانچ کا ایک اور مرحلہ مکمل کرنے کی تیاری کی گئی۔
ہندوستان کے لیے ایف اے اے کا کیٹیگری ون درجہ برقرار رکھنا نہ صرف بین الاقوامی سطح پر اس کی ساکھ کے لیے اہم ہے بلکہ اس کا اثر ہندوستانی ایئرلائنز کی امریکی مارکیٹ میں توسیع پر بھی پڑسکتا ہے۔ اس درجہ بندی کے برقرار رہنے سے ہندوستانی ایئرلائنز کو امریکی فضائی خدمات میں توسیع اور امریکی کمپنیوں کے ساتھ کوڈ شیئر معاہدوں کے لیے ضروری ضابطہ جاتی بنیاد میسر رہتی ہے۔اگر کسی ملک کو کیٹیگری ون سے کم کرکے کیٹیگری ٹو میں رکھا جاتا ہے تو اس کی ایئرلائنز پر امریکہ کے لیے نئی پروازیں شروع کرنے یا موجودہ خدمات میں توسیع کے حوالے سے پابندیاں عائد ہوسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ پہلے سے جاری پروازوں کی نگرانی بھی زیادہ سخت ہوسکتی ہے۔ تاہم اس درجہ بندی کا تعلق کسی ایک ایئرلائن کی انفرادی حفاظتی کارکردگی سے نہیں بلکہ پورے ملک کے ہوا بازی کے نگران نظام کی صلاحیت سے ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:آئی پی ایل کے سابق چیئرمین للت مودی برطانوی شہری بن گئے

ہندوستان کو ماضی میں بھی ایف اے اے کی جانب سے سخت جانچ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جنوری ۲۰۱۴ء میں امریکی ادارے نے ہندوستان کو کیٹیگری ون سے گھٹا کر کیٹیگری ٹو میں شامل کردیا تھا۔ اس وقت ڈی جی سی اے کے حفاظتی نگرانی کے نظام، تربیت یافتہ تکنیکی عملے اور معائنہ کرنے والے افسران کی صلاحیتوں سے متعلق خامیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔اس سے قبل دسمبر ۲۰۱۲ء میں انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے ڈی جی سی اے کا آڈٹ کیا تھا، جس میں طیاروں کے آپریشنز اور ان کی تکنیکی حالت سے متعلق دو اہم حفاظتی خدشات سامنے آئے تھے۔ ہندوستان نے ان خامیوں کو دور کرنے کے لیے اقدامات کیے اور اگست ۲۰۱۳ء میں ان خدشات کے حل کی توثیق کی گئی۔ بعد ازاں ضروری اصلاحات کے بعد اپریل ۲۰۱۵ء میں ایف اے اے نے ہندوستان کا کیٹیگری ون درجہ بحال کردیا تھا۔ایف اے اے نے اس سے قبل اکتوبر ۲۰۲۱ء میں ڈی جی سی اے کا جائزہ لیا تھا۔ یہ معائنہ ۲۵ ؍سے ۲۹؍ اکتوبر تک جاری رہا، جس میں طیاروں کے آپریشنز، ان کی تکنیکی صلاحیت اور عملے کے لائسنسنگ نظام کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے بعد اپریل ۲۰۲۲ء میں مزید مشاورت اور جولائی و ستمبر ۲۰۲۲ء میں اضافی جائزے کیے گئے۔ اپریل ۲۰۲۳ء میں ایف اے اے نے اعلان کیا تھا کہ ہندوستان نے اپنا کیٹیگری ون درجہ برقرار رکھا ہے۔ ہندوستان میں ہوابازی کے شعبے کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ فضائی تحفظ اور نگرانی کے نظام کی اہمیت بھی بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ سال احمد آباد سے لندن گیٹ وک جانے والی ایئر انڈیا کی بوئنگ ۷۸۷-۸ ؍پرواز کے حادثے میں ۲۶۰ ؍افراد کی جانیں گئی تھیں۔ رواں سال ہیلی کاپٹروں کے بعض حادثات اور دیگر فضائی واقعات بھی سامنے آئے ہیں، جس کے بعد حفاظتی ضابطوں اور نگران اداروں کی کارکردگی پر توجہ مزید بڑھ گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK