Updated: November 15, 2026, 9:58 PM IST
| Auckland
اکشر پٹیل اور ایشان کشن (۴۶۔۴۶؍ رن) کی شاندار بلے بازی کے بعد عرشدیپ سنگھ (۳؍وکٹ) اور محمد سراج اور اکشر پٹیل (۲۔۲؍ وکٹ) کی قیادت میں گیند بازوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے اتوار کو کم اسکور کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے پانچویں اور سیریز کے آخری یک روزہ مقابلے میں نیوزی لینڈ کو ۲۲؍ رن سے شکست دے دی۔
ہندوستانی ٹیم۔ تصویر:ایکس
اکشر پٹیل اور ایشان کشن (۴۶۔۴۶؍ رن) کی شاندار بلے بازی کے بعد عرشدیپ سنگھ (۳؍وکٹ) اور محمد سراج اور اکشر پٹیل (۲۔۲؍ وکٹ) کی قیادت میں گیند بازوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے اتوار کو کم اسکور کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے پانچویں اور سیریز کے آخری یک روزہ مقابلے میں نیوزی لینڈ کو ۲۲؍ رن سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے ۵؍ میچوں کی سیریز ۱۔۳؍ سے اپنے نام کرلی۔ یہ ۷؍ سال بعد پہلا موقع ہے جب ہندوستان نے نیوزی لینڈ میں ۲؍ فارمیٹ میں سیریز جیتی ہے۔ عرشدیپ سنگھ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سیریز میں ۹؍ وکٹ حاصل کرنے والے گرنور برار کو سیریز کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
۲۱۰؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری نیوزی لینڈ کی ٹیم کو چھٹے اوور میں محمد سراج نے ٹم سیفرٹ (۱۴؍ رن) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد ہندوستانی گیند بازوں کے سامنے نیوزی لینڈ کے بلے باز جدوجہد کرتے نظر آئے اور وقفے وقفے سے اپنی وکٹیں گنواتے رہے۔ ول ینگ (۲۲؍ رن) کو ۱۷؍ویں اوور میں عرشدیپ سنگھ نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد ۲۵؍ویں اوور میں ارشدیپ سنگھ نے نک کیلی (۲۴؍ رن) کو بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ فن ایلن (ایک رن)، مائیکل بریسویل (۱۹؍ رن)، ڈین فاکس کرافٹ (۳۱؍ رن)، کپتان مچل سینٹنر (۲۴؍ رن) اور کرسچین کلارک (۱۶؍ رن) بناکر آؤٹ ہوئے۔
یہ بھی پڑھئے:موسیقی تخلیق کرنے میں انسان اب بھی کامیاب ہیں:ٹیلر سوئفٹ
۴۷؍ ویں اوور کی دوسری گیند پر اکشر پٹیل نے جیکب ڈفی (۹؍ رن) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو نویں کامیابی دلائی۔ ۴۹؍ویں اوور کی پہلی گیند پر اکشر پٹیل نے بلیئر ٹکنر (۱۴؍رن) کو وکٹ کیپر ایشان کشن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ اس طرح نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم ۱۸۷؍ رن پر سمٹ گئی اور ہندوستان نے ۲۲؍ رن سے مقابلہ جیت لیا۔ہندوستان کی جانب سے عرشدیپ سنگھ نے ۳؍ وکٹ حاصل کیے۔ محمد سراج اور اکشر پٹیل کو ۲۔۲؍ وکٹ ملے۔ عاقب نبی، یش ٹھاکر اور نمن دھیر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے آج یہاں جیکب ڈفی اور مچل سینٹنر (۳۔۳؍ وکٹ) اور میتھیو فشر (۲؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو۱ء۴۲؍ اوور میں ۲۰۹؍ رن پر سمیٹ دیا۔ نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے اتری ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے ۳۴؍ رن کے مجموعی اسکور پر اپنے ۳؍ وکٹ گنوا دیے۔ روہت شرما (۷ ؍رن)، وراٹ کوہلی (۵؍ رن) اور رُتوراج گائیکواڑ (۱۸؍ رن) بناکر آؤٹ ہوئے۔ روہت اور وراٹ کو میتھیو فشر نے آؤٹ کیا، جبکہ گائیکواڑ جیکب ڈفی کا شکار بنے۔
یہ بھی پڑھئے:آئی پی ایل کے سابق چیئرمین للت مودی برطانوی شہری بن گئے
اس کے بعد اکشر پٹیل اور کپتان شریاس ایّر کی جوڑی نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے ۵۲؍ رن جوڑے۔ ۱۸؍ویں اوور میں بلیئر ٹکنر نے شریاس ایّر (۲۲؍ رن) کو آؤٹ کرکے اس شراکت داری کا خاتمہ کردیا۔اس کے بعد ایشان کشن نے اکشر پٹیل کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے ۳۵؍ رن جوڑے۔ ۲۵؍ویں اوور میں بریسویل نے اکشر پٹیل کو آؤٹ کردیا۔ اکشر پٹیل نے ۵۵؍ گیندوں پر ۵؍ چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے۴۶؍ رن بنائے۔ مچل سینٹنر نے نمن دھیر (۲۲؍ رن)، عاقب نبی (۵؍ رن) اور یش ٹھاکر (صفر) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کے بڑے اسکور تک پہنچنے کی امیدوں کو زبردست جھٹکا دیا۔ ۴۱؍ویں اوور میں جیکب ڈفی نے ایک جانب سے رن بناتے ہوئے اننگز کو سنبھالنے والے ایشان کشن کو آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ ایشان کشن نے۵۸؍ گیندوں پر ۳؍ چوکے اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۴۶؍ رن بنائے۔ ۴۳؍ویں اوور کی پہلی گیند پر جیکب ڈفی نے عرشدیپ سنگھ (۱۴؍ رن) کو بولڈ کرکے ہندوستانی اننگز کا ۲۰۹؍ رن پر خاتمہ کردیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی اور مچل سینٹنر نے ۳۔۳؍ وکٹ حاصل کیے۔ میتھیو فشر کو ۲؍ وکٹ ملے، جبکہ مائیکل بریسویل اور بلیئر ٹکنر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔