Inquilab Logo Happiest Places to Work

فرحان اختر آر ڈی برمن کی بایوپک میں ان کا کردار ادا کریں گے

Updated: June 12, 2026, 4:04 PM IST | Mumbai

کھیلوں کے ہیروز اور جدوجہد کرنے والے کرداروں کو ’’بھاگ مِلکھا بھاگ‘‘ اور ’’طوفان‘‘ جیسی فلموں میں نبھانے کے بعد فرحان اختر اب جلد ہی ہندوستان کی موسیقی کی دنیا کی مایہ ناز شخصیت کا کردار ادا کرتے نظر آ سکتے ہیں۔

RD Burman And Farhan Akhtar.Photo:INN
فرحان اختراور آر ڈی برمن- تصویر:آئی این این

کھیلوں کے ہیروز اور جدوجہد کرنے والے کرداروں کو ’’بھاگ مِلکھا بھاگ‘‘ اور ’’طوفان‘‘ جیسی فلموں میں نبھانے کے بعد فرحان اختر اب جلد ہی ہندوستان کی موسیقی کی دنیا کی مایہ ناز شخصیت کا کردار ادا کرتے نظر آ سکتے ہیں۔اداکار اور فلمساز فرحان اختر اس وقت ہدایت کار نیرج پانڈے کے ساتھ مشہور موسیقار راہل دیو برمن، المعروف پنچم دا، کی زندگی پر مبنی ایک سوانحی فلم کے لیے اعلیٰ سطح کی بات چیت میں مصروف ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ منصوبہ کافی عرصے سے زیرِ غور ہے اور نیرج پانڈے اور ان کی ٹیم اس کی اسکرپٹ پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق، فلم کا مقصد آر ڈی برمن کی غیر معمولی زندگی اور موسیقی کے ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے، جن کی دھنوں نے کئی نسلوں تک ہندی فلمی موسیقی کو نئی جہت دی۔
 ایک ذرائع  نے پنک ولا کو بتایا’’نیرج پانڈے کافی عرصے سے آر ڈی برمن کی بایوپک پر کام کر رہے ہیں اور تحریری مرحلہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ فرحان اختر اس لیجنڈری موسیقار کا کردار ادا کرنے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں اور پنچم دا کے سفر کو بڑی اسکرین پر پیش کرنے کے امکان پر بہت پُرجوش ہیں۔ اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق ہوا تو وہ اس کردار میں مکمل طور پر ڈھلنے کے لیے بھرپور تیاری کریں گے۔‘‘
فلم سے متعلق ایک بڑی پیش رفت یہ بھی ہے کہ فلمسازوں نے مبینہ طور پر آر ڈی برمن کے کئی لازوال گانوں کے حقوق حاصل کر لیے ہیں۔ توقع ہے کہ یہ گانے کہانی کا اہم حصہ ہوں گے، جس سے ناظرین موسیقار کی یادگار تخلیقات کو دوبارہ محسوس کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھئے:سابق نشانہ باز جسپال رانا کا انتقال


ذرائع کے مطابق ’’ٹیم نے آر ڈی برمن کے ان کلاسک گانوں کے حقوق حاصل کر لیے ہیں جنہوں نے ایک پورے دور کی تعریف متعین کی۔ مقصد یہ ہے کہ پنچم دا کی غیر معمولی صلاحیتوں کو ایک مستند اور جذباتی خراجِ عقیدت پیش کیا جائے۔ اصل گانوں کے بہترین ورژنز تیار کرنے کے لیے موسیقی کے سیشنز کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔‘‘
اس بڑے بجٹ کی بایوپک کی ہدایت کاری نیرج پانڈے کریں گےجبکہ وہ پروڈیوسر کمل جین کے ساتھ مل کر اسے پروڈیوس بھی کریں گے۔ فلم سازوں کا ہدف ہے کہ  ۲۰۲۶ءکے آخر میں اس کی شوٹنگ کا آغاز کیا جائے، جبکہ اسکرپٹ اور پری پروڈکشن مکمل ہونے کے بعد باضابطہ اعلان متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھئے:پنجابی گلوکارہ افسانہ خان کی آواز میں جذباتی اتار چڑھاؤ ہے


آر ڈی برمن کے بارے میں
آر ڈی برمن کو بالی ووڈ کے مایہ ناز موسیقاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے ۱۹۶۰ء سے ۱۹۹۰ء کی دہائی کے درمیان ۳۳۱؍ فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دی۔ ۴؍جنوری۱۹۹۴ء کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث ان کا انتقال ہو گیا، لیکن ان کی موسیقی آج بھی فنکاروں اور سامعین کی نسلوں کو متاثر کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK