• Tue, 28 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی اور شاہ پور کے کسانوں پر آسمانی آفت ، بے موسم بارش نے فصلیں تباہ کر دیں

Updated: October 27, 2025, 10:42 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

دیوالی کے موقع پر ہونے والی بے موسم اور طوفانی بارش نے بھیونڈی اور شاہ پور تعلقہ کے دھان کے کاشتکاروں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے ۔

The recent rains in Bhiwandi taluka have caused considerable damage to standing crops.
بھیونڈی تعلقہ میںحالیہ بارش سے کھڑی فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔(تصویر،انقلاب)

دیوالی کے موقع پر ہونے والی بے موسم اور طوفانی بارش نے بھیونڈی اور شاہ پور تعلقہ کے دھان کے کاشتکاروں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے ۔ کھیتوں میں تیار کھڑی دھان کی فصل اور کھلیانوں میں رکھی پکی ہوئی بالیاں پانی میں ڈوب گئیں جس کے سبب ہزاروں کسان مالی و ذہنی طور پر ٹوٹ چکے ہیں۔عام طور پر دسہرہ اور دیوالی کے درمیان کسان اپنی پکی ہوئی فصل کاٹ کر دھوپ میں سکھاتے اور اسے گھر لے جاتے ہیں، مگر اس سال لگاتار ہونے والی بارش نے یہ موقع بھی نہیں دیا۔ کھیتوں میں کاٹی گئی فصلیں پانی میں تیرنے لگیں اور اب وہی دھان سڑنے لگی ہے۔ کئی کسانوں نے بتایا کہ دیوالی سے قبل ہوئی بارش سے ہی فصل پر بیماری کے اثرات شروع ہو گئے تھے اور اب کی بارش نے رہی سہی امید بھی ختم کر دی۔کسان شیواجی راؤت نے شکوہ کیا کہ تعلقہ میں نقصان کا سرکاری تخمینہ (پنچنامہ) تو کیا گیا لیکن ابھی تک کسی کسان کو حکومت کی طرف سے کوئی مدد نہیں ملی۔۲۰؍سے۲۳؍  اکتوبر کو ہوئی موسلادھار بارش نے کسانوں کی سال بھر کی کمائی اور محنت کو پل بھر میں مٹی میں ملا دیا۔ کھیتوں میں کھڑی لہلہاتی فصلیں اب سڑتے ہوئے ڈھیر میں تبدیل ہو چکی ہیں۔ کھلیانوں میں رکھی ہوئی دھان بھی بھیگ جانے کے سبب دانے خراب ہونے لگے ہیں ۔کسانوں کا کہنا ہے کہ ’’اکتوبر ختم ہونے کو ہے مگر بارش رکنے کا نام نہیں لے رہی۔۶؍ مئی سے شروع ہونے والا مانسون ابھی تک جاری ہے جس نے دھان کی پوری فصل کو برباد کر دیا ہے۔‘‘ کچھ کسانوں کا کہنا ہے کہ دو دن کی طوفانی بارش سے ان کی سو فیصد فصل تباہ ہو چکی ہے ۔ شاہ پور تعلقہ میں بارش اور تیز ہواؤں سے نہ صرف فصلیں بلکہ بجلی کے کھمبے اور تار بھی متاثر ہوئے ہیں جس کے سبب کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی طویل عرصے تک بند رہنے کا اندیشہ ہے۔ کسانوں نے شاہ پور کے محکمہ محصول سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نقصانات کا معائنہ کر کے متاثرہ دیہات کو ’سیلاب زدہ علاقہ ‘ قرار دیا جائے۔
 اس معاملے پرشاہ پور کے تحصیلدار پرمیشور کاسُلے نے بتایا ’’ تحصیل کے تحت تقریباً تین ہزار ہیکٹر سے زائد دھان کی فصل کے نقصان کا پنچنامہ تیار کر کے حکومت کو بھیجا گیا تھا۔ بیشتر کسانوں کے کھاتوں میں سرکاری معیار کے مطابق معاوضہ جمع کر دیا گیا ہے۔ تازہ بارش سے ہوئے نقصان کے معائنے کے لیے بھی تعلقہ کے عملے کو فوری ہدایات دی گئی ہیں تاکہ کسانوں کو ممکنہ راحت فراہم کی جا سکے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK