Inquilab Logo

پاکستان میں بارش اور سیلاب کے درمیان سمندری طوفان کا خدشہ

Updated: June 13, 2023, 11:25 AM IST | Islamabad

طوفان کے پیش نظر سندھ کے ساحلی علاقوں کو چھوڑنے کا حکم ،۸۰؍ ہزار سےزائد افراد کی نقل مکانی ، کراچی کے ساحلوں سے دور رہنے کی ہدایت ، دفعہ ۱۴۴؍ نافذ ۔ خیبرپختونخوا میں آج سے تیز ہواؤں اور بارش کا نیاسلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی

Before the arrival of the storm in Karachi, people are surrounded by the waves of the sea. (AP/PTI)
کراچی میں طوفان کی آمد سے قبل سمندر کی لہروں کےد رمیان لوگ ۔ ( اےپی/ پی ٹی آئی)

 خیبر پختوا اور پنجاب میں  تباہ کن بارش اور سیلاب  سے  بڑےپیمانے پر تباہی کے بعدسمندری طوفان’ بپر جوائے‘ کے کراچی سے ٹکرا نے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہاہے ۔  سمندری طوفان کے پیش نظر سندھ کے ساحلی علاقوں کو چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ پیر تک۸۰؍ ہزار سےزائد افراد کی محفوظ نقل مکانی کی گئی ہے۔  دریں اثناء کراچی کے ساحلوں سے  دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے  اور  دفعہ ۱۴۴؍ نافذ کی گئی ہے۔ ادھر  خیبرپختونخوا میں آج ( منگل ) سے تیز ہواؤں اور بارش کا نیاسلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔ یاد رہےکہ خیبر پختوامیںسیلاب سے سو سے زائد افراد  ہلاک ہوگئےہیں جبکہ قربانی کے جانور بھی مر گئےہیں۔ 
  میڈیارپورٹس کے مطابق پاکستا ن   کے محکمۂ موسمیات  سے تعلق رکھنے والے سردار سرفراز نے بتایا کہ سمندری طوفان بپر جوائے مزید شدت اختیار کرگیا ہے ۔ سمندری طوفان  پاکستان کے جنوب مشرقی ساحل سے۱۲۰-۱۰۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے  والی ہواؤں کے ساتھ ٹکرائے گا اور سمندری طوفان میں ۴؍میٹر سے زیادہ لہریں اٹھیں گی۔ انہوںنے  مزیدبتایا کہ ساحلی پٹی پر سیلاب آنے کا امکان ہے۔ دریں اثناءصوبہ سندھ میں راحت اور بچاؤ کے تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی  ہیں۔
 دوسری جانب پورٹ حکام نے لنگر انداز بحری جہازوں اور کشتیوں کو محفوظ  مقامات پر منتقل کرنا  شروع کر دیا ہے۔حکام نے طوفان کا خطرہ ختم ہونے تک ماہی گیروں کیلئے کشتی رانی اور ساحلی علاقوں میں داخل ہونے پر پابندی لگا دی  ہے۔ کراچی  کے ساحلوں پر دفعہ ۱۴۴؍ نافذکر دی گئی ہے، تاکہ کوئی  طوفان سے متاثر نہ ہوسکے۔ دریں اثناء سندھ  کےوزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے سمندری طوفان کے پیش نظر سجاول کی ساحلی پٹی کا دورہ کیا ۔ اس دوران  انہوں نے سجاول ٹھٹہ اور بدین کی ساحلی پٹی کا فضائی معائنہ کیا۔  بعدازاں ان کا کہناتھا ، ’’۸۰؍  ہزار افراد کو طوفان سے بچانے کیلئے محفوظ علاقوں میں منتقل کیا گیا ہے ، مزید افرا دکومنتقل کیا جارہا ہے ۔ ‘‘
  ادھر  پیر کو خیبر پختوا میںسیلاب سے مرنے والوں کی تعدا دمیں اضافہ ہوگیا۔غیر سرکار ی اعدادو شمار کے مطابق یہ تعداد سو سے زائد ہوگئی ہے  جبکہ حکومت کے مطابق مرنے والوں کی تعداد۲۸؍ ہے۔  صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی (پی  ڈی ایم اے) کے ترجمان تیمور علی کا کہنا تھا ،’’ صوبے میں سنیچر کو آنے  والی آندھی  اوربار ش  سے بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت  اور کرک میںنقصانات ہوئے۔ حادثات میں۲۸؍ افراد جاں بحق اور ڈیڑھ سو کے قریب زخمی ہوئے۔آندھی سے۱۵۸؍ گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔جاں بحق افراد کے ورثا اور زخمیوں کو امداد فراہم کی جائے گی۔ دریں اثنا ء قربانی کےجانوروں کا بھی نقصان ہو ا ۔ اس کے معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے۔  خیبرپختونخوا کےچیف سیکریٹری ندیم اسلم چودھری کےمطابق  چھوٹے جانوروں کیلئے۸؍ ہزار اور بڑے جانوروں کیلئے۵۰؍ ہزار تک معاوضہ دیا جائے گا۔  ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ خیبرپختونخوا میں آج( منگل) سے تیز ہواؤں  کے بارش کا نیاسلسلہ شروع ہونے کاامکان ہے۔ گرج چمک   کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK