Inquilab Logo Happiest Places to Work

توانائی کا بحران: گیس اور تیل کی بچت کیلئے پاکستان، میانما، ویتنام، تھائی لینڈ میں متعدد اقدامات

Updated: March 10, 2026, 9:05 PM IST | Islamabad/Bangkok

جنوبی کوریا نے قیمتوں میں اچانک اضافے کو روکنے کے لئے گھریلو ایندھن کی قیمتوں پر حد مقرر کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے، جبکہ تائیوان نے تیل کی قیمتوں میں ہفتہ وار اضافے کی حدیں متعارف کرائی ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان سمیت کئی ایشیائی ممالک میں ایندھن اور بجلی کی بچت کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے ’توانائی کی ہنگامی صورتحال‘ سے نمٹنے کے لئے وسیع پیمانے پر کفایت شعاری کے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

پاکستانی حکومت نے وفاقی دفاتر کے لئے ہفتے میں چار دن کام کا نظام متعارف کرایا ہے اور ایندھن کی کھپت کم کرنے کے لئے سرکاری و نجی شعبوں میں ’ورک فرام ہوم‘ (گھر سے کام) کے انتظامات کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ ملک بھر میں اسکول ۱۶ مارچ سے دو ہفتوں کے لئے بند رہیں گے جبکہ یونیورسٹیاں آن لائن کلاسیز پر منتقل ہو جائیں گی۔

یہ بھی پڑھئے: ایران جنگ سے عالمی توانائی بحران، تیل و گیس قیمتوں میں خطرناک حد تک اضافہ

اسلام آباد نے دیگر محکموں کے لئے ایندھن کے الاؤنس میں بھی ۵۰ فیصد کٹوتی کردی ہے اور دو ماہ کے لئے سرکاری گاڑیوں کے استعمال کو محدود کردیا ہے۔ کابینہ کے اراکین دو ماہ کی تنخواہ نہیں لیں گے جبکہ اراکینِ پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں ۲۵ فیصد کٹوتی کی جائے گی۔ پاکستان کے وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ یہ اقدامات ضروری تھے کیونکہ اگر عالمی قیمتیں ۱۰۰ ڈالر فی بیرل سے اوپر رہیں تو ملک کا تیل کی درآمد کا بل تیزی سے بڑھ سکتا ہے۔

بنگلہ دیش اور میانمار میں بھی ہنگامی اقدامات

بنگلہ دیش میں ایندھن کی کھپت اور ٹریفک کے ہجوم کو کم کرنے کے لئے تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، عید کی تعطیلات بھی پہلے کردی گئی ہیں۔ حکومت نے خوف و ہراس میں کی جانے والی خریداری کی اطلاعات کے بعد ایندھن کی روزانہ فروخت پر بھی حد مقرر کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایران کا امریکہ اور اسرائیل پر ملک تقسیم کرکے تیل پر قبضے کی سازش کا الزام

میانمار میں فوجی حکومت نے گاڑیوں کے لئے ’جفت اور طاق‘ راشننگ سسٹم متعارف کرایا ہے۔ اس نظام کے تحت جفت نمبر والی لائسنس پلیٹوں والی کاریں جفت تاریخوں پر اور طاق نمبر والی پلیٹیں باری باری دوسرے دنوں میں چل سکیں گی۔

جنوب مشرقی ایشیائی ممالک بھی فکرمند

دریں اثنا، فلپائن نے توانائی کے استعمال کو کم کرنے کے لئے سرکاری ملازمین کو ہفتے میں چار دن کام کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ دیگر ممالک ایندھن کی قیمتوں کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ویتنام نے سپلائی کو محفوظ بنانے اور اخراجات کو کنٹرول کرنے کے لئے درآمدی ایندھن پر عائد ٹیرف کو عارضی طور پر ختم کرنے کی تجویز دی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کے بیان سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ

جنوبی کوریا نے قیمتوں میں اچانک اضافے کو روکنے کے لئے گھریلو ایندھن کی قیمتوں پر حد مقرر کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے، جبکہ تائیوان نے تیل کی قیمتوں میں ہفتہ وار اضافے کی حدیں متعارف کرائی ہیں۔ تھائی لینڈ میں حکام ڈیزل کی قیمتوں پر عارضی حد مقرر کرنے پر غور کر رہے ہیں اور شہریوں سے ایندھن ذخیرہ نہ کرنے کی اپیل کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK