Inquilab Logo

میدانی علاقوں میں ٹھنڈ میں پھر اضافےکا اندیشہ، بارش کا امکان

Updated: January 23, 2023, 2:21 PM IST | New delhi

راجستھان، مدھیہ پردیش، پنجاب اور ہریانہ میں ۲۳؍ سے ۲۴؍جنوری تک بارش ہو سکتی ہے،ہماچل میں برف کا تودہ گرا، لاہول میں ۱۷۷؍اور کلو میں ۵۵؍سڑکیں بند

 دہلی میں سردیوں کی صبح کہرے کے بیچ چند افراد کو ہی سڑک پر رواں دواں دیکھا جاسکتاہے۔
دہلی میں سردیوں کی صبح کہرے کے بیچ چند افراد کو ہی سڑک پر رواں دواں دیکھا جاسکتاہے۔

:ملک کے بعض علاقوں میں شدید سردی کاسلسلہ بدستور جاری ہے۔ اس کی وجہ سے راجستھان، مدھیہ پردیش، پنجاب اور ہریانہ میں ۲۳؍ سے ۲۴؍جنوری تک بارش ہو سکتی ہے۔جبکہ میدانی علاقوں میں سردی میں پھر اضافے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ہماچل پردیش میں سنیچرکو موسم صاف رہالیکن شدید برف باری کی وجہ سے لاہول میں ۱۷۷؍ سڑکیں اور کلومیں۵۵؍سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کےمطابق بہار میں اتوارسےسردی سے راحت ملنے کی امید ہے۔
ہماچل میں برف کا تودہ گرا
 ہماچل میں سنیچرکوبرف کاتودہ گرا۔ برف باری کےبعد سورج نکلتے ہی دوپہر کو لاہول سپتی میں پیر پنجال کی چوٹی سے برف کا تودہ گر گیا۔اگرچہ برف کا تودہ گرنےسے علاقے کے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا تاہم کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ کلو اور لاہول میںپینے کے پانی کی ۴۵؍ اسکیموں کو روک دیا گیا ہے۔
راجستھان:۲۴؍ اور۲۵؍کو بارش ہوگی
 راجستھان میں سنیچرکو ماواتھ(سردی میں ہونے والی بارش جو فصلوں کیلئے فائدہ مند ہوتی ہے)  کے بعدسردی پھر بڑھ گئی۔ دن بھرکی ٹھنڈی ہوا اور ہلکی دھوپ سے چورو، پیلانی، فتح پور میں درجہ حرارت۵؍ ڈگری سیلسیس تک گرگیا، جے پور، اجمیر، دوسہ، ٹونک سمیت کئی شہروں میںسردی بڑھتے ہی لوگوں کو شدیدسردی کا احساس ہونے لگا۔موسمیات کے ماہرین کے مطابق شدید سردی کا اثر یوم جمہوریہ تک ایک بار پھر نظر آئے گا۔
 ۲۳؍جنوری سے راجستھان کے موسم میں ایک بارپھر تبدیلی آئےگی۔ ایک نئی ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے ۲۴؍سے ۲۵؍جنوری کے درمیان گنگا نگر، ہنومان گڑھ کے ساتھ الور، بھرت پور علاقے میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔جے پور کے موسمیاتی مرکز سے جاری رپورٹ کے مطابق، فتح پور میںاتوار کوکم سے کم درجہ حرارت ۹؍ڈگری سیلسیس سے گر کر۵؍ہو گیا۔ اسی طرح چورو میں درجہ حرارت۹ء۱؍سےگر کر ۴ء۶؍ اورپیلانی میں درجہ حرارت ۸ء۷؍سے ۳ء۹؍ ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔
مدھیہ پردیش: کئی شہروں میں۲؍ دن سے بارش
 مدھیہ پردیش کےریوا، ستنا، کٹنی اور دموہ کے کچھ حصوں میں بوندا باندی ہوئی۔ جبل پور، ساگر، ریوا اور شہڈول ڈویژن میںہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ گوالیار-چمبل ڈویژن اور بندیل کھنڈ میں ۲۵؍ سے ۲۶؍جنوری کے درمیان بارش ہو سکتی ہے۔ بھوپال میںفضا ابر آلود رہے گی،اندور میں موسم صاف رہے گا۔گزشتہ۳؍روز سے دن اور رات کے درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بیشتر شہروں میں دن کا پارہ ۲۴؍ڈگری سے تجاوز کر گیا۔ دارالحکومت بھوپال میں دن کا درجہ حرارت ۲۹؍ ڈگری سے زیادہ ہے۔کھنڈوا میں ۳۲؍، کھرگون میں ۳۱؍، نرمداپورم منڈلامیں درجہ حرارت ۳۰؍ ڈگری کو پار کر گیا ہے۔
بہار:کئی اضلاع میں پارہ ۵؍ڈگری تک پہنچا
 بہارمیں تقریباً ۱۹؍دنوں سےسردی کی لہر جاری ہے۔پچھلےکچھ دنوں سے ریاست میں سردی سے لوگوں کو کچھ راحت ضرور ملی ہے، لیکن جمعہ-سنیچرکی رات سےموسم اچانک بدل گیا۔ پٹنہ سمیت کئی اضلاع میںبوندا باندی ہوئی۔سنیچرکوبانکا ضلع سب سے سردرہا جہاں کم از کم درجہ حرارت ۵ء۷؍ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا اور دارالحکومت پٹنہ کا کم از کم درجہ حرارت۱۰ء۶؍ڈگری سیلسیس رہا۔ پٹنہ کے کم سےکم درجہ حرارت میں تقریباً۳؍ڈگری کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
 اتوار کو بیشتر اضلاع میں موسم صاف رہے گا۔ پہلےکی طرح دن میں دھوپ ہوگی اور رات کو پارہ گرےگا۔کم سے کم درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا۔ لیکن ہلکی سردی لوگوں کو پریشان کرے گی۔ خشک اورسرد مغربی ہواؤں کے باعث آئندہ چند روز تک سردی میں کمی کی زیادہ امید نہیں ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ دھوپ میں نکلنے سے آرام آئے گا۔
چھتیس گڑھ: سو سال میں سردی میں کمی
 چھتیس گڑھ میںگزشتہ۱۰۰؍برسوںمیںسردی میں کمی آئی ہے۔ یہ کمی ۱۹۸۱ءاور۲۰۱۰ءکےدرمیان زیادہ دیکھی گئی ہے۔ ماہرین موسمیات نے چھتیس گڑھ میں ۱۰۰؍ سال کی سردی کے تجزیے میں پایا کہ اس موسم میں رات کا درجہ حرارت۳ء۱؍ سے۵؍ ڈگری تک بڑھ گیا ہے۔ یہی نہیں سردی کے دن بھی کم ہو گئے ہیں۔چھتیس گڑھ سے۱۵؍اکتوبر تک مانسون کی واپسی کے بعد ہوا کا رخ شمال اور شمال مشرق کی طرف ہوناشروع ہو گیا۔ اس لیے اکتوبر کے آخر یا نومبر کے شروع میں شام کو سردی محسوس ہوتی تھی۔ عام طور پر ریاست میں دیوالی کی رات گلابی سردی پڑتی تھی،جو اب نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK