Inquilab Logo Happiest Places to Work

کئی ریاستوں میں ’سترنگ‘ کے قہر کا خدشہ، الرٹ جاری

Updated: October 25, 2022, 7:22 AM IST | new Delhi

آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، میزورم، منی پور اور تریپورہ میں زیادہ نقصان کا خدشہ، اتوار کی رات ہی سے تریپورہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا آغاز، تمام اسکولوں میں ۲۶؍ اکتوبر تک چھٹی کا اعلان، کئی ٹرینوں کا شیڈول رد، ہنگامی حالات سے نمٹنے اورطوفان کے بعد عوام کو راحت پہنچانے کیلئےسرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

Fishermen in Kolkata have parked their boats on the shore following the warning (Photo: PTI)
انتباہ کے بعد کولکاتا میں ماہی گیروں نے اپنی کشتیوں کو ساحل پرپارک کردیا ہے (تصویر: پی ٹی آئی)

 محکمۂ موسمیات نے پیر کوکئی ریاستوں کیلئے ’سترنگ‘ طوفان کے خدشے سے آگاہ رہنے کیلئے متنبہ کیا ہے۔ پیر کی شام میں محکمہ نے پیش گوئی کہ’ `سترنگ‘ گردابی طوفان مغربی وسطی اور خلیج بنگال کے شمال مغربی اور مشرقی وسطی ملحقہ علاقوں کے اوپر گزشتہ ۶؍ گھنٹے سے۲۱؍ کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتارسے  شمال اورشمال مشرق کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے۔  رپورٹ کے مطابق یہ ساگر جزیرے سے تقریباً۳۸۰؍ کلومیٹر جنوب میں اور بنگلہ دیش میں باریسال سے۵۲۰؍ کلومیٹر جنوب مغرب میں ہے۔اس کے بعد یہ شمال اورشمال مشرق کی طرف مسلسل بڑھے گا اورخدشہ ہے کہ منگل کی صبح یہ باریسال کے قریب تنکونا جزیرے اور سینڈ وپ کے درمیان بنگلہ دیش کے ساحل کو عبور کرلے گا۔ ریلیز کے مطابق تلنگانہ میں نچلی سطح کی شمالی ہوائیں چل رہی ہیں۔
 محکمہ موسمیات نے یہاں جاری ایک ریلیز میں کہا کہ اس کے شمال مشرق کی طرف مسلسل بڑھنے اور آئندہ ۱۲؍ گھنٹے میں سنگین گردابی طوفان میں تبدیل ہونے کا خدشہ ہے۔ محکمہ کے انتباہ کے مطابق شمال مشرق کی ۶؍ ریاستوں(آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ،  میزورم، منی پور اور تریپورہ) کے ساتھ ہی مغربی بنگال بھی ’سترنگ‘ طوفان کی  زد پر ہے۔ اس کی وجہ سے ان تمام ریاستوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
  دریںاثناتریپورہ حکومت نے ’سترنگ‘ ریاست بھر میں  آئندہ ۴۸؍ گھنٹوں تک گرج چمک اور تیز بارش کی وارننگ کے بعد اس ہفتےکیلئے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ اسی طرح ہندوستانی ہوائی اڈے کی اتھاریٹی نے بھی پیر کو تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ اگرتلہ میں تمام اے ٹی آر پروازوں کے آپریشن اور شمال مشرقی سرحدی ریلوے نے دیوالی کی خصوصی ٹرین کو دو دنوں کیلئے منسوخ کر دیا ہے۔
     ہوائی اڈے کے حکام نے بتایا کہ اگرتلہ سیکٹر میں روزانہ چلنے والی کم از کم چار اے ٹی آر پروازوں کو موسمی حالات کے پیش نظر دن بھر کیلئے معطل کر دیا گیا ہے تاہم، بوئنگ اور بڑے طیاروں کی نقل و حرکت اس وقت تک معمول پر رہے گی جب تک کہ کوئی سنگین ہنگامی صورتحال پیدا نہ ہو جائے۔
   وزیر اعلیٰ ڈاکٹر مانک ساہا نے اتوار کی رات دیر گئے تک کئی میٹنگیں کیں اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار کئے جا رہے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکشن پلان کا جائزہ لیا۔ ریاستی حکومت نے  ۲۶؍ اکتوبر تک تمام تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے اور لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ اس دوران اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں جب تک کہ کوئی ہنگامی صورتحال نہ ہو۔
    کمیونٹی دیوالی کے تہوار اور میلے کے منتظمین بشمول اُدے پور کے ماتا تریپوریشوری مندر کے انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ بھیڑ کو محدود کریں اور پنڈالوں میں بڑے اجتماعات کی اجازت نہ دیں۔ تریپورہ اسٹیٹ الیکٹرسٹی کارپوریشن لمیٹڈ (ٹی ایس ای سی ایل) نے کسی بھی آفت کی صورت میں مستحکم بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تین متبادل انتظامات کئے ہیں۔
  خیال رہے کہ اتوار کی رات ہی سے تریپورہ اور اطراف کی ریاستوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش بھی شروع ہوگئی ہے۔ اسی کے ساتھ آئی ایم ڈی نے پیش گوئی کی کہ طوفان کے کمزور ہونے تک بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی شدت منگل کی شام تک بتدریج بڑھے گی۔
  تریپورہ کے بعد مغربی بنگال میں بھی طوفان کے اثرات نظر آر ہے ہیں۔ یہاں بھی اتوار کو کولکاتا سمیت کئی اضلاع میں بادل چھائے رہے اور مشرقی مدناپور اور اس کے اطراف میں کئی مقامات پر ہلکی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق’سترنگ‘  مغربی بنگال کے ساحلی علاقوں میں خاص طور پر سندربن خطے میں بھاری تباہی مچا سکتا ہے۔ انہی خطرات کے پیش نظر پہلے ہی  سے مغربی بنگال ہائی الرٹ پر ہے۔ یہاں پر ۷؍ اضلاع میں راحت اور بچاؤ ٹیموں کو تعینات کردیا گیا ہے۔ اسی طرح آسام میں بھی بھاری بندوبست کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK