Inquilab Logo Happiest Places to Work

ووٹر ادھیکار یاتراکا پانچواں دن ، عوام کے حق کی لڑائی جاری

Updated: August 21, 2025, 10:44 PM IST | Patna

مونگیر میں راہل گاندھی نےکہا کہ انہیںپورا یقین ہےکہ عام انتخابات میں ہیرا پھیری ہوئی ہے،تیجسوی نے کہا کہ بہار میں بی جےپی کی من مانی نہیں چلے گی

Rahul Gandhi`s yatra in Bihar is receiving overwhelming public support. (PTI)
بہار میں راہل گاندھی کی یاترا کوبھرپور عوامی حمایت مل رہی ہے ۔(پی ٹی آئی )

بہار میں کانگریس کے سینئر اور پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی ایس آئی آر اورووٹ چوری کے خلاف بطورتحریک شروع کی گئی  ’ووٹر ادھیکار یاترا ‘  جمعرات کو  پانچویں دن میں داخل ہوئی۔ اس دوران راہل گاندھی نے مونگیر میںبارش میں بھیگتے ہوئے خطاب کیا۔ راہل نے کہاکہ گزشتہ کچھ سال انتخابات ہورہے ہیںجن میں عوام کا موڈ اور ذہن  ایک ہوتا ہےلیکن نتائج دوسرے نکلتے ہیں ۔ راہل گاندھی اور تیجسوی یادو نے مونگریر کے ہیمجا پور، جمال پور اسمبلی حلقے میں عوامی جلسہ سے خطاب کیا جس کےد وران بارش ہونے لگی ۔
 مونگیر پہنچے راہل گاندھی نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کے ساتھ ملی بھگت سے بی جے پی کو `ووٹ چوری نہیں کرنے دیں گے۔ اس دوران راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج میں ہیرا پھیری ہوئی تھی۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ ووٹ چوری ہندوستان کے آئین پر حملہ ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی صنعت کاروں کے ایک طبقے کو فائدہ پہنچانے کے لیے لوگوں کے ووٹ چرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انڈیا اتحاد کے کئی بڑے لیڈران بشمول تیجسوی یادو، سی پی آئی-ایم ایل جنرل سیکریٹری دیپانکر بھٹاچاریہ، سابق وزیر مکیش ساہنی بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔
 یاترا کے ساتھ کانگریس نے ایکس پر لکھا ’’بہار  کے عوام ووٹ چوری کی سازش کو سمجھ چکے ہیں۔ آج ہر ووٹر اپنے حق کے تحفظ کے لیے ہمارے ساتھ کھڑا ہے۔ جمہوریت کی حفاظت کے لیے یہ یاترا جاری ہے۔کروڑوں امیدوں کی مشعل لیے ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ عوام کا حق کسی کو چھیننے نہیں دیں گے۔‘‘
متحد ہوکر لڑائی لڑنی ہوگی :راجیش رام 
 بہار پردیش کانگریس صدر راجیش رام نے اپنے بیان میں کہا ’’بابا صاحب نے آئین میں ہر شہری کو ووٹ کا حق دیا تھا لیکن بی جے پی اور الیکشن کمیشن مل کر یہ حق چھین رہے ہیں۔ ایس آئی آر کے نام پر انتخابی فہرست سے غریبوں کے نام چن چن کر کاٹے جا رہے ہیں۔ ان حالات میں ہمیں متحد ہو کر ووٹ کے حق کی لڑائی لڑنی ہوگی۔‘‘انہوں نے بہار  کےعوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ’’وہ ووٹ چوری کے خلاف اس مہم کا حصہ بن رہے ہیں اور اپنے حق کیلئے آواز بلند کر رہے ہیں۔‘‘
 بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے یاترا میں شامل عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا، ’’آپ نے جس طرح یاترا میں شامل ہو کر ہمارا حوصلہ بڑھایا ہے، اسی جذبے کے ساتھ ہم ان بے ایمانوں کو اقتدار سے بے دخل کریں گے اور غریب کا راج قائم کریں گے۔‘‘
 انہوں نے مزید کہا ’’ بہار کو ایسی حکومت چاہیے جو ’پڑھائی، دوائی، کمائی، سنوائی اور کارروائی‘ پر مبنی ہو۔ تیجسوی نے بی جے پی اور الیکشن کمیشن پر جمہوریت اور آئین کو ختم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’یہ بہار ہے، یہاں ان کی من مانی نہیں چلے گی۔‘
 پانچویں دن کی یاترا نے یہ واضح کر دیا کہ بہار کے عوام ووٹ کے حق کے تحفظ کے لیے بڑی تعداد میں کانگریس اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عوامی شمولیت اور لیڈران کے سخت بیانات نے اشارہ دیا کہ آنے والے دنوں میں یہ تحریک مزید تیز ہوگی اور ریاست کی سیاست میں ایک بڑا رخ اختیار کر سکتی ہے۔
بہارکے لوگ  ووٹ چوروں کو نہیں بخشیں گے: تیجسوی
  بہار میں انڈیا اتحاد کی ووٹر ادھیکار یاترا کی قیادت کرتے ہوئے اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے لیڈر تیجسوی یادو نے کہا ’’ ہر بچہ حق کے اس سفر میں شریک ہے اور بہار کے عوام ووٹ چوروں کو نہیں بخشیں گے ۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ بیمار ہیں اور دوسرے لوگ حکومت چلا رہے ہیں۔  بہار کی ترقی کے لئے وہ جو بھی ویژن پیش کرتے ہیں، حکومت اسے چوری کرکے عوام کے سامنے پیش کر دیتی  ہے۔  وقت آ گیا ہے کہ ریاست کو ایسا وزیر اعلیٰ ملنا چاہیے جو ذہنی طور پر صحت مند ہو اور ریاست کی ترقی اور عروج کی خواہش رکھتا ہو اور ریاست کو روشن مستقبل دے سکتا ہو۔‘‘
 اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بہار کو صنعت، شوگر ملوں کی بحالی، صحت خدمات اور روزگار کی ضرورت ہے، لیکن ووٹ چوری کرکے الیکشن جیتنے کا خواب دیکھنے والی حکومت ریاست کے عوام کی بھلائی کے بارے میں کیسے سوچے گی  ۔ واضح رہےکہ راہل گاندھی دوپہر بعد یاترا میں شامل ہوئےاور پھر مونگیر پہنچ کرخطاب کیا ۔ بتا دیں کہ بہار میں چل رہی یہ یاترا چوتھے دن آرام کرنے کے بعد جمعرات کو پانچویں دن شیخ پورہ سے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی دہلی گئے تھے اس لئے ان کی  کی غیر موجودگی میں تیجسوی یادو کی قیادت میں یاترا شروع ہوئی۔
اکھلیش ۲۸؍ اگست کو یاترا  میں شرکت کریں گے
  اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی  کے صدر اکھلیش یادو۲۸؍ اگست کو بہار کے ضلع سیتامڑھی میں منعقد ہونے والی ’ ووٹر س ادھیکار یاترا‘  میں شرکت کریں گے۔    اکھلیش یادو کی اس ریلی میں شمولیت کی اطلاع  آل انڈیا کانگریس کمیٹی  کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال نے  سوشل میڈ یا پلیٹ فارم ایکس  کے ذریعے دی۔ انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ اکھلیش یادو کی شرکت سے اس تحریک کو مزید مضبوطی ملے گی، جسے عوام کی جانب سے وسیع پیمانے پر حمایت حاصل ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے الزام لگایا کہ ووٹر فہرست سے بڑے پیمانے پر نام نکالنا ’ ووٹ چوری‘  کا حصہ ہے جو الیکشن کمیشن اور بی جے پی کی ساز بازسے کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK