Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناسک میں۵۰؍گاؤں کا رابطہ باقی ضلع سے منقطع

Updated: July 07, 2026, 11:35 PM IST | Nashik

ترمبکیشور تعلقہ میں پاہینے اور بھیل مال گاؤں کے قریب پل کی تعمیر جاری تھی جس کیلئے ایک متبادل سڑک بنائی گئی تھی ، اس سڑک کے بہہ جانےسے۴۰؍ سے۵۰؍ دیہاتوںتک پہنچنے کیلئے اب کوئی راستہ نہیں، بادل پھٹنے اور۳۰۰؍ ملی میٹر تک بارش کی پیشگوئیاںغلط ثابت ہوئیں

Officials inspect a flooded road in Trimbakeshwar taluka of Nashik. (PTI)
حکام ناسک کے ترمبکیشور تعلقہ میں بہنے والی سڑک کا جائزہ لیتے ہوئے ۔(پی ٹی آئی)

مہاراشٹر میں مسلسل موسلادھار بارش نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نےناسک ضلع میں بھاری سے بہت بھاری بارش کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ ریاست کے کئی اضلاع میں سیلابی کیفیت ہے۔گزشتہ پانچ دنوں میں بارش سے متعلق مختلف واقعات میں۲۱؍ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت اور ضلع انتظامیہ پوری طرح چوکس ہے۔ناسک ضلع کے ترمبکیشوراوراگت پوری میںبھاری بارش اوربال پھٹنے کا الرٹ تھا ۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل بارش کے سبب ناسک ضلع کے ترمبکیشور تعلقہ میں سڑک بہہ گئی اورضلع کے ۵۰؍ گاؤں کا رابطہ باقی علاقوں سے منقطع ہوچکا ہے۔ ترمبکیشور تعلقہ میں پاہینے اور بھیل مال کو جوڑنے والی متبادل سڑک کو نقصان پہنچا۔ گاؤں کے قریب پل کی تعمیر جاری تھی اور اسی سبب ایک متبادل سڑک بنائی گئی تھی لیکن وہ بہہ گئی جس سے۴۰؍ سے۵۰؍ دیہاتوں کا رابطہ منقطع ہو گیا۔ اب لوگوں کو ترمبکیشور سے واڈا، پال گھر تک دوسرا راستہ اختیار کرنا پڑے گا جس کیلئے ڈھائی سے تین کلومیٹر کا چکر لگانا ہوگا۔
ناسک میں ریڈ الرٹ، اسکول، کالج اور مندر بند رہیں گے
 محکمۂ موسمیات کی وارننگ کے بعد ناسک ضلع انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں اور ترمبکیشور، اگت پوری، پیٹھ، ڈنڈوری اور ناسک دیہی علاقوں کے تمام اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ ان علاقوں میں ہفتہ وار بازار بھی بند رہیں گے۔ مزید برآں، عقیدت مندوں کی حفاظت کیلئے ترمبکیشور مندر اور سپت شرنگی مندر کو بھی ایک دن کیلئے درشن کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔
موسلا دھار بارش لیکن بادل نہیںپھٹا 
 موسلا دھار بارش نے ضلع کے کئی حصوں بشمول اگت پوری اور ترمبکیشور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا لیکن محکمہ موسمیات کی پیش گوئی  صحیح ثابت نہیںہوئی ا ور ضلع میںکہیں بادل پھٹنے کا واقعہ پیش نہیں آیا۔واضح رہےکہ منگل کو ناسک میں سب سے زیادہ بارش اگت پوری، سرگانا اور ترمبکیشور میںہوئی۔ تاہم۳۰۰؍ ملی میٹر بارش کا حکومت کا دعویٰ بھی غلط ثابت ہوا ۔ اس لیے یہ یقیناً راحت کی بات ہے کہ ایک بڑی تباہی ٹل گئی ہے۔
 واضح رہےکہ منگل ۷؍جولائی کو ناسک میں بادل پھٹنے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ناسک کے اگت پوری اور ترمبکیشور سمیت کچھ علاقوں میں۳۰۰؍ ملی میٹر بارش ہوگی۔ اس کی وجہ سے ناسک شہر اور ضلع میں انتظامیہ ہائی الرٹ پر تھا۔ اس کے علاوہ اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔
 ناسک میں سب سے زیادہ بارش اگت پوری میں ہوئی ہے۔ اگت پوری میں۲۰۰؍ ملی میٹر اور ترمبکیشور میں۱۲۵؍ ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ سرگانا میں ۱۴۹؍ ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ بیشتر مقامات پر کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ناسک ضلع انتظامیہ نے بتایا ہے کہ اگت پوری اور ترمبکیشور کی طرف بڑھنے والے بادل اب گجرات کے سورت اور اہلیانگر کے اکولے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ تاہم ناسک، اگت پوری اور ترمبکیشور علاقوں میں موسلادھار بارش جاری رہے گی۔ انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا وجہ گھروں سے نہ نکلیں کیونکہ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
 دریں اثناء ناسک میں بارش کی غلط پیش گوئی پر اپوزیشن نے اب حکومت پر الزامات کی بارش شروع کردی ہے۔
  کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے فرنویس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے رام مندر میں چندہ چوری کے خلاف کانگریس کی تحریک کو کچلنے کیلئے بادل پھٹنے کی افواہ پھیلائی۔ حکومت کے خلاف کانگریس نے ناسک میں کالارام مندر کے باہر ستیہ گرہ احتجاج بھی کیا۔
وزیر اعلیٰ  نے ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کا جائزہ لیا
 بارش کی شدید صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کا دورہ کیا۔ انہوں نے ریاست بھر میں بارش کی صورتحال، موسم کی پیش گوئی اور راحت اور بچاؤ کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے وزراء اور سینئر عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے تمام محکموں کو ہدایت دی ہےکہ وہ ہم آہنگی سے کام کریں اور شہریوں کے تحفظ کو ترجیح دیں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور احتیاط برتیں۔محکمہ موسمیات نے ناسک سمیت ریاست کے کئی اضلاع کیلئے آئندہ ۲۴؍ گھنٹوں کو اہم قراردیا ہے۔ 

nashik Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK