Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناسک :۲۵؍بوری پیازبیچنے پربھی غریب کسان کومنافع نہیں ملا

Updated: May 13, 2026, 10:49 AM IST | Agency | Nashik

ایک ہزار ۲۶۲؍ روپے ملنے پر بقیہ پیاز پھینک دی۔کسانوں کی تنظیم کا راحت دینے کا مطالبہ۔

Low Price Of Onions Is Making Farmers Cry. Photo:INN
پیاز کی کم قیمت کسانوں کو رلارہی ہے۔ تصویر:آئی این این
 ناسک میں ایک اور بری خبر سامنے آئی ہے جس کے بعد آئندہ دنوں میں پیاز عوام کو رلا سکتی ہے۔   ایک کسان کا بازار میں پیاز بیچنے کے بعد اپنا منافع ظاہر کرنے والا بل وائرل ہوا ہے جس سے پیاز کے بحران پر بحث چھڑ گئی ہے۔خبر کے مطابق سمبھاجی نگر کے وروڈی گاؤں کے۴۵؍ سالہ کسان پرکاش گلادھر نے ۴؍ ایکڑ پر پیاز اگائی تھی اور پیاز کی۲۵؍ بوریاں اے پی ایم سی مارکیٹ میں فروخت کیلئے لائے تھے مگر انہیں   صرف ایک ہزار ۲۶۲؍ روپے ہی ملے یعنی انہیں فی کلو پیاز کا ایک روپیہ بھی منافع نہیں ہوا۔ نقل و حمل، وزن، ذخیرہ کرنے اور دیگر اخراجات کاٹنے کے بعد  ان کے ہاتھ کچھ نہیں لگا، الٹا انہیں  ایک روپیہ ادا کرنے کو کہا گیا۔
ٹائمزآف انڈیا کی خبر کے مطابق کسان پرکاش گلادھر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ’’۳؍ مئی کو میں نے ۴؍ ایکڑ پر اگائی ہوئی پیاز کی ۲۵؍ بوریاں فروخت کیں لیکن بازار میں بہت کم قیمت ملنے کے بعد میں نے باقی پیاز کو پھینک دیا۔‘‘ جب کسان کے ایک روپے کے بل کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو اس نے ایک بار پھر ملک بھر میں کسانوں کے بحران پر بحث چھیڑ دی۔تاجروں کا کہنا ہے کہ کچھ علاقوں میں پیاز کی خراب کوالیٹی اور مارکیٹ میں زیادہ سپلائی کی وجہ سے قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ 
 
 
سمبھاجی نگر اے پی ایم سی کے چیئرمین رادھاکشن پاتھاڈے نے کہا کہ حکومت کی خریداری اور برآمدی پالیسی میں تبدیلی ضروری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کسانوں کو کم از کم  ۱۰۰؍کلوگرام پر۱۲۰۰؍ روپے ملنے چاہئے۔
دریں اثناء مہاراشٹرا اونین فارمرس اسوسی ایشن نے ان کسانوں کیلئے فوری طور پر۱۵۰۰؍ روپے فی کوئنٹل کی راحت کا مطالبہ کیا ہے جنہوں نے پچھلے ۴؍،۵؍مہینوں میں کم قیمت پر پیاز فروخت کی ہے۔ انہوں نے یہ راحت نہ ملنے کی صورت میں ریاست گیر احتجاج کا انتباہ دیا ہے۔’
 
 
واضح رہے کہ دھاراشیو ضلع  کے بھوم تعلقہ کے تینتراج گاؤں میں بھی پیاز کے کسان بھگوان سیبلے نے پیاز کی کم قیمت ملنے پر  ۵۰۰؍سے ۶۰۰؍  بوریوں کو آگ لگا دی تھی ۔ انہیں  پیاز کی مارکیٹ قیمت صرف ایک روپے فی کلو گرام  ملی جس سے لاگت  پورا کرنا بھی مشکل ہو گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK