Inquilab Logo

بالآخر ٹی ایم سی لیڈر انوبرتا منڈل سی بی آئی کے ہاتھوں گرفتار

Updated: August 12, 2022, 9:36 AM IST | kolkata

جانچ میں تعاون نہ کرنے کے الزام میں گرفتاری ، گائے کی اسمگلنگ کے الزام کا سامنا کرنے والے منڈل کو سی بی آئی نے ۱۰؍ بار سمن بھیجا تھا مگر وہ صرف ایک بار حاضر ہوئے

CBI officials arresting Anubrata Mandal and taking him away (Photo: PTI)
انوبرتا منڈل کو گرفتارکرکے لے جاتے ہوئے سی بی آ ئی اہلکار( تصویر: پی ٹی آئی)

ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر انوبرتا منڈل کو آخر کار سی بی آئی نے گائے اسمگلنگ معاملے میں  تعاون نہ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیاہے۔ یاد رہے کہ انوبرتا منڈل سی بی آئی کے سمن کے باوجود پیش ہونے سے بار بار کترا رہے تھے۔ اس طرح ہفتے بھر کے اندر وہ ترنمول کانگریس کے دوسرے لیڈر ہیں جو کسی مرکزی ایجنسی کے شکنجے میں آئے ہیں۔  اس پہلے ای ڈی نے غیر قانونی ڈھنگ سے نقد رقم رکھنے کے جرم میں پارتھا چٹرجی کو گرفتار کیا تھا جو ممتا بنرجی کے قریبی لیڈر تھے ۔ 
  انوبرتا منڈل پر گائے کی اسمگلنگ کا الزام تھا جس پر سی بی آئی نے انہیں نوٹس بھیجا تھا لیکن وہ تفتیشی ایجنسی کے سامنے حاضر ہونےکے بجائے  مسلسل بیماری کا عذر پیش کر رہے تھے اور پیشی سے گریز کر رہے تھے   ۔ ایک روز قبل ہی سوشل میڈیا پر  ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا   جس میں وہ ڈاکٹر کو اپنے حق میں کچھ  لکھنے پر مجبور کررہے تھے۔گزشتہ دنوں  جب انوبرتا منڈل کو سی بی آئی کے سامنے پیش ہونے کےلئے سمن جاری کیا گیا تو وہ   کولکاتا آئے ضرور لیکن سی بی آئی کے سامنے پیش ہونے کے بجائےانہوں نے ایس ایس کے ایم اسپتال جاکر طبی معائنہ کروایا۔ ڈاکٹروں نے ان کی جانچ کے بعد کہا کہ انہیں اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
 اس کے بعد  ان کے وکیلوں نے سی بی آئی کے دفتر جاکر ان کی پیشی کیلئے  دو ہفتےکا وقت مانگا تھا ۔جمعرات کی صبح سی بی آئی کے افسران نے  بولپور میں واقع ان کے گھر جاکر ابتدائی پوچھ تاچھ کی ۔سی بی آئی نے ان کی میڈیکل رپورٹ پہلے ہی حاصل کرلی تھی۔انہیں گرفتار کرتے وقت سی بی آئی کے افسران نے انوبرتامنڈل کی تمام دوائیاں ان کے گھر والوں سے لے لیں۔ اطلاع کے مطابق  انہیں   آسنسول لے جایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ سی بی آئی نے انوبرتا منڈل کو گائے کی اسمگلنگ کیس میں ۱۰؍ بار سمن  بھیجا تھا لیکن ترنمول  لیڈر صرف ایک مرتبہ پیش ہوئے ۔ انہوں نے  بیماری کا حوالہ دیتے ہوئے  بدھ کو بھی حاضری سے گریز کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے  جسمانی پریشانی کی وجہ سے مزید ۱۴؍ دن کا وقت مانگا تھا۔
 انوبرتا منڈل نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیا ہے ۔تاہم چند گھنٹوں کے بعدبولپور سپر اسپیشالٹی اسپتال کے ڈاکٹر چندر ناتھ ادھیکاری نے دعویٰ کیا کہ انہیں انوبرتا منڈل کیلئے بستر پر آرام کا مشورہ ایک سفید کاغذ پر لکھنے پر مجبور کیا گیا۔ سی بی آئی اس ڈاکٹر کا بیان ریکارڈ کرے گی۔سی بی آئی ذرائع کے مطابق انوبرتا منڈل کے سیکوریٹی گارڈ سہگل حسین سے انوبرتا منڈل سے متعلق بہت ساری معلومات حاصل ہوئی ہیں ۔اس سے قبل سی بی آئی نے مختلف جگہوں پر چھاپہ مارکر معلومات حاصل کی تھی ۔ انوبرتا کو ۱۶۰؍سی آر پی سی کے تحت نوٹس دیا گیا تھا۔ سی بی آئی نے آج دفعہ ۱۴۱؍اے کے تحت انوبرتا کو ملزم کے طور پر نوٹس لیا ہے۔ فی الحال سی بی آئی نے اسمگلنگ کے بجائے جانچ میں تعاون نہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ 

TMC leader Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK