عوام کے زبردست غم وغصہ کا نتیجہ ۔وکھرولی میں ۷؍ تنظیموں نے، مالونی میں ایم آئی ایم اور گوونڈی میںعلماء نے تحریری شکایتیں کیں اور گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
EPAPER
Updated: August 18, 2024, 10:38 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
عوام کے زبردست غم وغصہ کا نتیجہ ۔وکھرولی میں ۷؍ تنظیموں نے، مالونی میں ایم آئی ایم اور گوونڈی میںعلماء نے تحریری شکایتیں کیں اور گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
سرلابیٹ کے مہنت رام گیری مہاراج کے ذریعے حضورنبی پاکؐ کی شان ِمقدسہ میں گستاخانہ کلمات ادا کرنے کیخلاف مسلمانوں میں شدید غم وغصہ پایا جارہا ہے۔ مہنت کی دریدہ دہنی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو نے کے بعد سے احتجاج اور اُس کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ اسی تعلق سے یونائٹیڈ علماء فورم ممبرا کی جانب سے مفتی ساجد الرحمٰن مصباحی، مولانا محمد سعد قاسمی، مفتی عبدالباسط قاسمی، مولانا مصعب مظاہری اور مولانا فیصل مدنی وغیرہ جمعہ کی شام کو ۶؍بجے ممبرا پولیس اسٹیشن پہنچے اور انہوں نے پولیس سے ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا مگر پولیس نے ٹال مٹول کا رویہ اپنایا۔ پولیس کے یہ انداز اپنانے کے بعد سوشل میڈیا پر یہ خبر عام کی گئی تو بڑی تعداد میں مقامی سماجی خدمت گاروں، سیاسی لیڈران وکارکنان اور عوام الناس نے ممبرا پولیس اسٹیشن کا رخ کیا۔ حالات کی سنگینی کومحسوس کرتے ہوئے پولیس نے مہنت کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتاکے تحت ۱۰؍الگ الگ دفعات ۳۵۳؍(۱)(بی ) ۳۵۳(۱) (سی ) ۳۵۳ (۲) ۳۵۳ (۳) ۲۹۹؍ ۳۰۲؍ ۱۹۶ (۱) (اے) ۳۵۶؍ ۳۵۲؍ اور۳۵۱؍ کے تحت ایف آئی آر درج کی ۔
مسجد رحمہ کے امام مولانا لقمان نے نمائندۂ انقلاب کو مذکورہ بالاتفصیلات سے آگاہ کراتے ہوئے بتایا کہ ’’پولیس کےنامناسب رویے اورجان بوجھ کرٹال مٹول کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی ورنہ ایسی نوبت نہ آتی۔ بہرحال تاخیر سے ہی سہی پولیس نے علماء فورم کی شکایت پرایف آئی آر درج کیا۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایاکہ’’ پولیس اسٹیشن میں جمع ہونے والی بھاری بھیڑ کے تعلق سے اے سی پی اورڈی سی پی سے کہا گیا ہے اور انہوں نےخود بھی یہ یقین وہانی کروائی ہے کہ یہاں جمع ہونے والوں میںسے جن لوگو ںنے برہمی کا اظہار کیا یا لوگوں کوجمع ہونے کے لئے متوجہ کیا، ان کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جائے گی اوران کی کوشش ہوگی کہ مہنت رام گیری کو بہرصورت گرفتار کیا جائے۔‘‘ جمعہ کی شب میں ممبرا پولیس اسٹیشن میں مقامی رکن اسمبلی ڈاکٹر جتیندر اوہاڑ اور ایم آئی ایم کے ممبرا کلوا اسمبلی حلقے کے صدر سیف پٹھان بھی اپنے حامیوں کے ہمراہ موجو دتھے۔
وکھرولی،گوونڈی اورمالونی پولیس میں شکایتیں
وکھرولی میں مسلم جماعت ٹیگور نگر، وکھرولی وکاس منچ ، سنّی دعوتِ اسلامی، آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین ،یونائٹیڈ ویلفیئر اینڈ کلچرل فورم ، الاسلامیہ کمیٹی اورروح ِ ہند فاؤنڈیشن کی جانب سے تحریری شکایت کی گئی اور مہنت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔مالونی میں سینئر انسپکٹر چیماجی اڑھاؤ کو ایم آئی ایم کے اراکین کی جانب سے میمورنڈم دیا گیا اورگستاخی کرنیوالے کو فوراً گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ میمورنڈم دینے کے وقت عرفان خلیفہ، ابرار سید ، آصف شیخ ، عارف شیخ ، عبدالقدوس ، امن شیخ ، نسیم انصاری اور صابر شیخ موجود تھے۔اسی طرح گوونڈی میںتحریک علماء اہلسنت کی جانب سے سینئر انسپکٹر بابو راؤ دیشمکھ کو میمورنڈم دیا گیا۔