• Tue, 06 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈیزرٹ وائپرز کی تاریخی کامیابی، پہلی بار آئی ایل ٹی ۲۰؍ چیمپئن

Updated: January 05, 2026, 6:07 PM IST | Dubai

ڈیزرٹ وائپرز نے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں ایم آئی ایمریٹس کو۴۶؍ رنز سے شکست دے کر اپنی تاریخ کا پہلا ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی ۲۰؍ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

Ilt20Champ.Photo:INN
آئی ایل ٹی ۲۰؍ چمپئن۔تصویر:آئی این این

ڈیزرٹ وائپرز نے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں ایم آئی ایمریٹس کو۴۶؍ رنز سے شکست دے کر اپنی تاریخ کا پہلا ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی ۲۰؍ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اس فیصلہ کن معرکے میں کپتان سیم کرن کی آل راؤنڈر کارکردگی اور نسیم شاہ کی تباہ کن بولنگ نے وائپرز کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
فائنل میں وائپرز کے کپتان سیم کرن نے شاندار قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ ۷۴؍ رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے ۵۱؍ گیندوں پر ۸؍ چوکے اور دو چھکے لگائے اور ٹیم کو ۲۰؍ اوورز میں ۴؍ وکٹوں کے نقصان پر۱۸۲؍ رنز کے مضبوط اسکور تک پہنچایا۔ میکس ہولڈن نے۴۱؍ رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ ڈین لارنس نے ۱۵؍ گیندوں پر تیز رفتار ۲۳؍ رنز بنا کر اختتامی اوورز میں اسکور کو مزید تقویت دی۔

ہدف کے تعاقب میں ایم آئی ایمریٹس کی بیٹنگ ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی۔ نسیم شاہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے ۱۸؍رنز کے عوض۳؍ وکٹ حاصل کئے  جبکہ عثمان طارق (۲/۲۰) اور خضیمہ تنویر (۲/۲۲) نے بھی مؤثر کردار ادا کیا۔ ڈیوڈ پین نے ۱۸؍ویں اوور میں ۳؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے ایم آئی ایمریٹس کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ پوری ٹیم  ۳ء۱۸؍اوورز میں ۱۳۶؍ رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ایم آئی ایمریٹس کی جانب سے شکیب الحسن نے ۳۶؍ اور کیرون پولارڈ نے۲۸؍ رنز بنائے، تاہم ابتدائی وکٹ جلد گرنے کے باعث ٹیم بڑا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

یہ بھی پڑھئے:ریزرو بینک نے ۵۰؍ہزار کروڑ روپے کی سرکاری سیکیورٹیز خریدی

میچ سے قبل شاندار آتش بازی اور ڈرون شو نے دبئی کی فضاؤں کو روشن کر دیا، جس سے فائنل کا ماحول مزید یادگار بن گیا۔اس کامیابی کے ساتھ ڈیزرٹ وائپرز نے ۷؍ لاکھ ڈالر انعامی رقم اور بلیک بیلٹ حاصل کی، جبکہ رنر اپ ایم آئی ایمریٹس کو ۳؍ لاکھ ڈالر دیے گئے۔ سیم کرن نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت ریڈ بیلٹ (بہترین کھلاڑی) اور گرین بیلٹ (بہترین بلے باز) بھی اپنے نام کی۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں ۳۹۷؍ رنز اسکور کیے، ۷؍ وکٹ حاصل کئے اور۱۰؍ کیچز بھی پکڑے۔بہترین بولر (وائٹ بیلٹ) وقار سلام خیل (۱۸؍ وکٹ)۔بہترین یو اے ای پلیئر (بلیو بیلٹ) محمد وسیم (مسلسل چوتھی بار)۔

یہ بھی پڑھئے:نوواک جوکووچ کا اپنی ہی بنائی ہوئی اسوسی ایشن سے علیحدگی کا اعلان

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سیم کرن نے کہا کہ فائنل سے قبل وہ خاصے نروس تھے، تاہم ٹیم کی مستقل مزاجی اور گہرائی نے فرق ڈال دیا۔ دوسری جانب ایم آئی ایمریٹس کے کپتان کیرون پولارڈ نے اعتراف کیا کہ فیلڈنگ میں غلطیوں اور ابتدائی وکٹوں کے نقصان نے میچ کو مشکل بنا دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK