Inquilab Logo

ریاست کے مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے واقعات

Updated: November 14, 2023, 9:38 AM IST | Mumbai

پٹاخوں کے سبب مکان، دکان اور گودام ، شعلوں کی زد میں

Fire due to crackers
پٹاخوں کے سبب آگ

دیوالی کے موقع پر ریاست بھر میں جشن او رآتش بازی کا ماحول ہے لیکن کئی علاقوں سے آتش بازی کے سبب آگ لگنے کی اطلاع بھی ملی ہے۔ ان میںسے زیادہ تر واقعات  پٹاخوں کی دکانوں میں پیش آئے ہیں ۔ 
 پونے میں لکڑی کے بکھار میں آگ 
  اطلاع کے مطابق پونے کے شکروار پیٹھ میں کچھ لوگ آتش بازی کر رہے تھے۔ اسی دوران پٹاخوں سے نکلنے والے شعلے قریب ہی موجود لکڑی کے بکھار میں جا پہنچے اور وہاں لکڑیوں  کے ذخیرے میں آگ لگ گئی ۔  مقامی افراد نے  فائربریگیڈ کو فون کیا ۔ عملے نے موقع پر پہنچ کر کسی طرح آگ پر قابو پایا۔  اطلاع ہے کہ پونےمیں تقریباً ۱۰؍ مقامات پر اس طرح کے واقعات پیش آئے ہیں۔ 
 احمد نگر میں گیریج آتشزدگی کا شکار
 احمد نگر ضلع میں واقع گل مہر روڈ پر ایک گیریج  میں آگ لگ گئی۔ اطلاع کے مطابق یہاں کچھ بچے پٹاخے چھوڑ رہے تھے اسی دوران پنکچر بنانے والی ایک دکان میں کسی آتش گیر مادے پر یہ پٹاخوں کی چنگاری آ گری اور آگ لگ گئی۔ فوری طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گی اور عملے نے آکر آگ پر قابو پالیا جس کی وجہ سے کوئی بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔ 
 ناسک میں شوروم کے گودام میں آتشزدگی
 اطلاع کے مطابق ناسک شہر کے فتح برج ناکے  کے پاس واقع ناکوڈا فیشن نامی شو روم کے  پہلے منزلے پر واقع گودام میں پٹاخوں کی وجہ سے آگ لگ گئی۔  یہاں بڑی تعداد میں ساڑیاں اور دیگر ملبوسات موجود تھے۔ آگ کی وجہ سے یہ جل کر خاکستر ہو گئے۔  اس کی وجہ سے شو روم کے مالک کو لاکھوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ یہاں بھی  فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ کو قابومیں کیا۔ خیر سے  کسی کے جلنے یا زخمی ہونے کی خبر نہیں ہے۔ 
 ناگپور  میں مکان میں آگ 
  ناگپور شہر  میں گنیش پیٹھ  علاقے میں واقع کمبھل کر کالج کے پاس ایک مکان میں آگ لگ گئی۔  مکان کے پاس بچے پٹاخے چھوڑ رہے تھے اسی دوران آگ کا شعلہ مکان کی طرف چلا آیا اور آگ پھیل گئی۔ مکان میں لوگ موجود تھے جنہیں فوراً باہر نکالا گیا۔  خیر سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ۔ البتہ آگ بجھانے کیلئے فائربریگیڈ عملے کو بلانا پڑا۔   اس طرح کے واقعات پال گھر، تھانے اور ممبئی میں بھی پیش آئے ہیں۔ کئی مقامات پر لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے۔ 

diwali Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK