Inquilab Logo

تنخواہ میں تاخیر:ایوت محل میں طبی رضاکاروں کا نگراں وزیر کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاج

Updated: November 13, 2023, 1:06 PM IST | Ali Imran | Yavatmal/Nagpur

تنخواہ میں تاخیر:ایوت محل میں طبی رضاکاروں کا نگراں وزیر کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاج، ناگپور میں آشا ورکرس نے کالی دیوالی منائی۔

Asha Worker celebrating Kali Diwali. Photo: INN
آشا ورکر کالی دیوالی مناتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت کانٹریکٹ کی بنیاد پر ملازمت کرنے والے طبی رضاکار گزشتہ ۱۸؍ دنوں سے۱۰۰؍ فیصد تنخواہوں میں اضافہ اور محکمہ صحت میں مستقل ملازمت  کے مطالبات کے تحت ہڑتال کررہے ہیں۔ اس احتجاج کی طرف حکومت کی توجہ مبذول کرانے کیلئے ہیلتھ  ورکرس نے تلک واڑی میں سرپرست وزیر سنجے راٹھور کی رہائش گاہ کے سامنے ’پی پی ای کٹس‘  پہن کر کالی دیوالی منائی۔ سرپرست وزیر سنجے راٹھور نے اس احتجاج کاکوئی  نوٹس نہیں لیا۔ `این آر ایچ ایم ملازمین کے احتجاج سے سرپرست وزیر اور مقامی عوامی نمائندوں کی لاپروائی  سے مظاہرین کی ناراضگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ اپنے مطالبات کے حل کے لئے  مظاہرین نے سرپرست وزیر راٹھور کی رہائش گاہ کے قریب احتجاجاً گندی سڑکوں کو صاف کیا ، کالی رنگولی بنائی  اور چراغ جلائے اور حکومت کو بیدار کرنے کی دعا مانگی۔ اپنی زندگی داؤ پر لگا کر لوگوں کی خدمت کرنے والے اور ’کووڈ واریئر‘ کہلانے والے یہ ہیلتھ ورکرز مستقل طور پر بے روزگار ہیں۔ چنانچہ ملازمین نے اس احتجاج میں پی پی ای کٹس پہن کر عوام کی توجہ اپنی طرف مبذول کروانے کی کوشش۔ اس احتجاج میں ڈاکٹرس، نرسیس، ڈرگ مینوفیکچرنگ آفیسرز، کمیونٹی ہیلتھ آفیسرز، تپ دق کے ٹیکنیشن، جذام کے ٹیکنیشن، آشا گروپ کے منتظمین نے حصہ لیا۔
ناگپور میں آشا ورکرس کا رات بھر احتجاج
جولائی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے ناراض ناگپور کی آشا ورکرس اور گروپ پروموٹر ملازمین نے کالی دیوالی منانے کا اعلان کرتے ہوئے اپنا احتجاج درج کرایا ہے۔ تنخواہوں کی ادائیگی کے مطالبے کے لئے ناگپور ضلع کی آشا ورکرس اور گروپ پروموٹرس یونین(سیٹو)  کے زیراہتمام دیوالی کے موقع پر ناراض ملازمین نے سنیچر کی رات سنویدھان چوک پر رات بھر جاگ کر کالی دیوالی منائی۔ اہم بات یہ ہے کہ شدید سردی کے باوجود بڑی تعداد میں آشا ورکرس اور گروپ پروموٹر کارکنان نے احتجاج میں حصہ لیا۔ احتجاج سے پہلے آشا ورکرس اور گروپ پروموٹرز نے دیوالی کے موقع پر کالے رنگ سے طرح طرح کی رنگولیاں بنائیں اور چراغ جلا کر حکومت کے رویہ کے خلاف احتجاج درج کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK