Inquilab Logo

مائیک پومپیو کی وجہ سے تل ابیب سے خرطوم کیلئے پہلی براہ راست پرواز

Updated: August 26, 2020, 7:28 AM IST | Agency | Tel Aviv

مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوسرے روز امریکی وزیر خارجہ سوڈان پہنچے، خرطوم حکومت پر عائد پابندیوں سمیت مختلف معاملات پر گفتگو

mike pompeo with sudanese pm - Pic : PTI
مائیک پومپیو سوڈانی وزیراعظم کے ساتھ ( تصویر: ایجنسی

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو منگل کی صبح اسرائیل سے سوڈان روانہ ہوئے۔ یہ تل ابیب اور خرطوم کے درمیان سرکاری طور پر پہلی براہ راست پرواز تھی۔ پومپیو کا مشرق وسطیٰ کے دورے کا منگل کودوسرا دن تھا۔ خرطوم میں کئی معاملات زیر بحث آئیں گے۔ ان میں سوڈان کا نام دہشت گردی کے سرپرست ممالک کی فہرست سے نکالنے کے عمل میں تیزی اور سوڈان میں امن کیلئے واشنگٹن کی حمایت  شامل ہے۔پومپیونے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’’مجھے اس اعلان پر مسرت ہو رہی ہے کہ ہم سرکاری طور پر اسرائیل سے براہ راست سوڈان جانے والی پہلی پرواز میں سوار ہیں۔‘‘
 یاد رہے کہ سوڈان اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔سوڈان کے وزیر اعظم عبداللہ حمدوک نے پیر کی شام فریڈم اینڈ چینج پارٹی کی مرکزی مجلس کے ساتھ ایک اجلاس میں باور کروایا تھا کہ امریکہ کے ساتھ متعدد امور کے حوالے سےگفتگوجاری رکھنے کی ضرورت و اہمیت ہے۔ ان امور میں مشترکہ تعلقات، دہشت گردی کے سرپرست ممالک کی فہرست سے سوڈان کا نام نکالا جانا اور سوڈان پر عائد پابندیوں کا ختم کیا جانا شامل ہے جس نے ملک کو بین الاقوامی استحقاق سے محروم کر رکھا ہے۔ اجلاس میں وزیر اطلاعات اور وزیر ثقافت نے بھی شرکت کی۔
 اجلاس میں ایک بار پھر یہ موقف دہرایا گیا کہ اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کرنا ،،، عبوری مدت کی حکومت کیلئے دلچسپی کے امور میں شامل نہیں۔واضح رہے کہ پومپیو سوڈان کے بعد امارات اور بحرین کا دورہ کریں گے۔ پومپیو نے اپنے مشرق وسطی کے حالیہ دورے کا آغاز پیر کے روز اسرائیل سے کیا تھا۔
اسرائیل  کی فسلطین کو دھمکی
  ایک طرف جہاں اسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان دوستی کی کوششیں ہو رہی ہیں تو دوسری طرف فلسطین پر اسرائیل کے حملے اور دھمکیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اسرائیل کے وزیر دفاع بینی گینز نے فلسطینی تنظیم حماس کو خبردار کیا ہے کہ اس نے غزہ کی سرحد سے آتش گیر گولے پھینکنے کا سلسلہ بند نہ کیا تو ہمارا جواب’ دردناک‘ ہوگا۔ ان کا الزام تھا کہ’’ غزہ کی سرحد سے ہمارے اوپر آتش گیر غبارے پھینکے جا رہے ہیں اور ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے۔ ہماری جوابی کارروائی حماس کیلئے بہت دردناک ہوگی۔‘‘ جنوبی اسرائیل میں آئرن ڈون کی بیٹری کے دورے  پر گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع نے کہا کہ حماس کی قیادت کو بخوبی علم ہے کہ ہمارے اوپر جو آتش گیر غبارے چھوڑے جا رہے ہیں وہ حماس کیلئے کتنے خطرناک ہو سکتے ہیں۔ ہمارے جوابی اقدامات حماس کے لئے بہت زیادہ المناک ہوں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK