Inquilab Logo

بورڈامتحان کی تیاری کیلئے اسکولوں میں امسال ۵؍ راؤنڈ پریلیم امتحان

Updated: December 14, 2022, 8:32 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

میونسپل محکمۂ تعلیم کے فیصلے کے بعد امتحان شروع۔ اساتذہ کےمطابق ان امتحانات سے دسویں کےطلبہ میں خوداعتمادی پیدا ہوگی اور انہیں پیپرپیٹرن کا بھی تجربہ ہوسکے گا

Prelim exams have started in schools to prepare for board exams. (File Photo)
بورڈ امتحان کی تیاری کیلئے اسکولوں میں پریلیم امتحان شروع ہوچکے ہیں۔(فائل فوٹو)

میونسپل محکمۂ تعلیم کی ہدایت پر امسال دسویں کے طلبہ کیلئے ۵؍رائونڈ میںپریلیم  امتحان( سرائوپریکشا) کا ا نعقاد کیا جارہا ہے تاکہ طلبہ   کے دل  ودماغ سے بورڈ امتحان کا خوف دور ہوسکے اور وہ بہتر طور سے امتحان کی تیاری کرسکے۔ اساتذہ کے مطابق پریلیم امتحان سے طلبہ کو پیپر پیٹرن کا بھی تجربہ ہوسکے گا۔
 کورونابحران کی وجہ سے گزشتہ سال ایس ایس سی امتحان ہوم سینٹرمیں منعقدکئےگئے تھے مگر امسال  بورڈ امتحانات  روایتی طریقے سے منعقدکئے جائیں گے  ۔ اسی کے پیش نظرطلبہ کے ڈروخوف کو ختم کرنے اور امتحان کی تیاری کیلئے بی ایم سی نے  ۵؍رائونڈ میں پریلیم  امتحان منعقد کرنےکافیصلہ کیاہے۔ حالانکہ اس سے قبل بھی پریلیم امتحان منعقدکئے جاتے تھے مگر امسال تعلیمی ماہرین کے ذریعے تیارکردہ سوالیہ پرچوں کی باضابطہ طورپر کمپیوٹرائزڈ پرنٹنگ کی گئی ہے   اور ۵؍ رائونڈ کا ٹائم ٹیبل بھی جاری کیا گیا ہے ۔ اُردومیڈیم کے پہلے رائونڈ کا امتحان۹؍دسمبر سے شروع ہوچکا ہے جو ۲۰؍دسمبر تک جاری رہے گا جبکہ ۲۱؍ دسمبر کو اوپن ڈے ہوگا۔ ۲۲؍ دسمبر سے دوسرے رائونڈ کا امتحان شروع ہوگا۔ اس طرح ۵؍ رائونڈ میں پریلیم امتحان منعقدکئے جائیںگے۔ 
 اس بارے میں جنوبی ممبئی کےایک ہائی اسکول کے ٹیچر نے بتایاکہ ’’ بی ایم سی محکمۂ تعلیم نے امسال سرائو پریکشاکیلئے باضابطہ ٹائم ٹیبل جاری کیاہے جس کے مطابق پہلے رائونڈ کا امتحان اسکولوںمیں جاری ہے۔ حالانکہ اس سےپہلے بھی پریلیم امتحان ہوتے تھے مگر وہ امتحان اسکول اپنے طورپر منعقد کرتے تھے۔ سوالیہ پرچے بھی ہاتھ سے تحریرکردہ ہوتےتھےلیکن اس مرتبہ تعلیمی ماہرین کی ٹیم نے سوالیہ پرچے مرتب کئے ہیں اور کمپیوٹرائزڈ پرنٹنگ والے سوالیہ پرچے اسکولوںکو دیئے گئے ہیں۔ جس طرح بورڈامتحان میں پرچے دیئے جاتےہیں، اسی طرح پریلیم  میں بھی طلبہ کو پرچے دیئے جارہےہیں۔ پہلے رائونڈ کا امتحان ختم ہونےکے فوراً بعد اوپن ڈے پر طلبہ اوروالدین کو  رزلٹ دیا  جائے گاساتھ ہی جن مضامین میں طلبہ کمزور ہوں گے۔  ان مضامین میں زیادہ محنت کرنے کی تلقین کی جائے گی تاکہ وہ آئندہ رائونڈ میں ان مضامین میں بہتر کارکردگی پیش کرسکیں۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ’’ دراصل گزشتہ سال کورونا بحران کی وجہ سے بورڈ امتحانات ہوم سینٹر پر منعقدہوئےتھےلیکن امسال روایتی امتحان ہونے سے متعدد طلبہ میں ڈر وخوف  پایا جارہا ہے۔ پریلیم امتحان کی مدد سے طلبہ کے ڈروخوف کو ختم کرنےکی بھی کوشش کی جارہی ہے تاکہ وہ بورڈ امتحان کی تیاری خوداعتمادی کے ساتھ کرسکیں۔ ‘‘
  مہانگرپالیکا مادھیمک شکشک سینا کے ایک ذمہ دار نےبتایاکہ ’’ یہ امتحان کمزور طلبہ کیلئے بہت کارآمد ثابت ہوں گے۔ جو طلبہ گھر پر ۳؍ گھنٹے بیٹھ کر پڑھائی نہیں کرتےہیں ، وہ اس امتحان میں شریک ہوکر ۳؍گھنٹے تک امتحان کی مشق کریں گے۔ چونکہ یہ امتحان ۵؍رائونڈ میں ہوگا اس لئے کمزور طلبہ کیلئے یہ بہت اہم ہے۔ متواتر ۵؍ رائونڈ میں سوالیہ پرچے حل کرنے سے ان کی تحریری صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا اوربار بار آنےوالے سوالات اور بنیادی سوالات سے ۹۰؍فیصد مارکس حاصل کرنے کا ہدف رکھنے والے طلبہ کو ان کے ہاٹ سوالات مل جاتے ہیں۔ ‘‘ ایک سوال کے جواب میں  انہوں نے کہاکہ ’’ دسویں جماعت کے تمام طلبہ گرمجوشی سے پریلیم میں شریک ہورہےہیں۔ انہیں امتحان میں نمایاں نمبرات سے کامیابی کا یقین ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK