Inquilab Logo

راجیو گاندھی فائونڈیشن کا غیر ملکی فنڈ کا لائسنس منسوخ 

Updated: October 24, 2022, 12:27 PM IST | Agency | New Delhi

وزارت داخلہ نے گاندھی خاندان سے وابستہ دو غیر سرکاری تنظیموں کاایف سی آر اے لائسنس منسوخ کیا ، دونوں کی سربراہ سونیا گاندھی ہیں ، کانگریس کی شدید تنقید

FCRA license is being termed as a big shock for Congress.Picture:INN
ایف سی آر اے لائسنس کی منسوخی کانگریس کیلئے بڑا جھٹکا قرار دیا جارہا ہے ۔ تصویر:آئی این این

مرکزی وزارت داخلہ نے گاندھی خاندان سے وابستہ دو غیر سرکاری تنظیموں راجیو گاندھی فاؤنڈیشن اور راجیو گاندھی چیریٹیبل ٹرسٹ کا فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ (ایف سی آر اے) لائسنس منسوخ کر دیا ہے۔ اب یہ دونوں ادارے غیر ملکی عطیات یا فنڈ حاصل نہیں کرسکیں گے۔ دونوں اداروں کی سربراہ سونیا گاندھی ہیں اور اب ان دنوں تنظیموں کو غیر ملکی فنڈس حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نیوز ایجنسی آئی اے این ایس نے  وزارت داخلہ کے باوثوق ذرائع کے حوالہ سے رپورٹ دی کہ راجیو گاندھی فاؤنڈیشن اور راجیو گاندھی چیریٹیبل ٹرسٹ کے فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ (ایف سی آر اے) کے لائسنس غیر ملکی فنڈنگ ​​قوانین کی خلاف ورزی کی پاداش میں منسوخ کئے گئے ہیں۔ وزارت داخلہ نے اس کی تحقیقات کے  لئے ۲۰۲۰ء میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی تھی۔ یہ فیصلہ اسی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پرکرنے کا دعویٰ کیا گیا  ہے۔
ٹرسٹیوں میں کون کون شامل ہے؟
 خیال رہے کہ کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی راجیو گاندھی فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن ہیں، جبکہ دیگر ٹرسٹیوں میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی شامل ہیں۔ راجیو گاندھی چیریٹیبل ٹرسٹ کی چیئرپرسن بھی سونیا گاندھی ہیں  جبکہ اس کے ٹرسٹیوں میں راہل گاندھی، اشول گنگولی، بنسی مہتا اور دیپ جوشی شامل ہیں۔راجیو گاندھی فاؤنڈیشن اور راجیو گاندھی چیریٹیبل ٹرسٹ۲۰۲۰ء میں تحقیقات کے دائرے میں آئے تھے۔ تب وزارت داخلہ نے گاندھی خاندان سے  وابستہ کل ۳؍این جی اوز کی تحقیقات کیلئے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) افسر کی سربراہی میں ایک بین وزارتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ ان تنظیموں پر ایف سی آر اے کی خلاف ورزی سمیت انکم ٹیکس گوشوارے میں جعلسازی کا الزام تھا۔ اب جو رپورٹ آئی ہے اسی کے مطابق وزارت داخلہ نے کارروائی کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
بی جے پی صدر نڈا نے الزام لگایا تھا 
  خیال رہے کہ راجیو گاندھی فاؤنڈیشن۱۹۹۱ءمیں قائم کی گئی تھی  جبکہ راجیو گاندھی چیریٹیبل ٹرسٹ۲۰۰۲ء میں قائم ہوا تھا۔ یاد رہے کہ بی جے پی صدر جے پی نڈا نے بھی الزام لگایا تھا کہ ان اداروں نے چین سے ایسے فنڈس لئے ہیں  جو ملک کے مفاد میں نہیں  ہیں۔ اسی الزام کے بعد تفتیشی کمیٹی بنائی گئی تھی ۔ 
کانگریس پارٹی برہم 
  ایف سی آر اے  لائسنس منسوخ ہونے پر کانگریس کی جانب سے سخت ردعمل ظاہر کیا گیا۔ پارٹی لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ  بی جے پی کے دور میں اس طرح کا فیصلہ بعید از قیاس نہیں ہے کیوں کہ جس طرح سے بھارت جوڑو یاترا کو کامیابی مل رہی ہے اس سے بی جے پی کا گھبراجانا  فطری ہے۔ جے رام رمیش کے مطابق بین الاقوامی طور پر بھی یاترا کو بہت اہم قرار دیا گیا ہے اور بی جے پی کو بھی یہی ڈر ہے کہ کہیں ہمیں بین الاقوامی فنڈس بھی نہ ملنے لگ جائیں اسی لئےیہ لائسنس منسوخ کیا گیا ہے۔
اشوک گہلوت کا بھی ردعمل 
  راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے راجیو گاندھی فاؤنڈیشن اور راجیو گاندھی چیریٹیبل ٹرسٹ کے فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ (ایف سی آر اے) لائسنس کی منسوخی کو مرکز کی مودی حکومت کی سیاسی بد نیتی کی علامت قرار دیا ہے۔  صرف سیاسی وجوہات کی بنا پر یہ ان اداروں پر حملہ کرکے گاندھی خاندان کو بدنام کرنے کی ایک اور کوشش ہے۔گہلوت نے آج ایف سی آر اے لائسنس کی منسوخی کے بعد اپنے ردعمل میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بددیانتی سے مودی حکومت عوام کی نظروں میں خود کو بے نقاب کر رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ راجیو گاندھی فاؤنڈیشن اور راجیو گاندھی چیریٹیبل ٹرسٹ کے اس لائسنس کی منسوخی مودی حکومت کی سیاسی بد نیتی کی علامت ہے۔ یہ دونوں ادارے زلزلہ، سونامی، کووڈ سمیت ہر آفت میں متاثرین کی مدد کرنے کی تاریخ رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی فاؤنڈیشن یتیموں، خواتین اور معذوروں کی خدمت کے لیے کام کرتی ہے۔ راجیو گاندھی چیریٹیبل ٹرسٹ خواتین کو بااختیار بنانے اور بصارت سے محروم افراد کی خدمت کرنے کا کام کر رہا ہے۔ اس کا لائسنس منسوخ کیا جانا سمجھ سے پرے ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK