Inquilab Logo Happiest Places to Work

سمندری آلودگی روکنے کیلئے نالوں پر مزید ۱۴؍ جال نصب کئے جائیں گے

Updated: May 13, 2025, 10:46 AM IST | Mumbai

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے ممبئی کے برساتی پانی کے نالوں سے کچرا بحیرہ عرب اور تھانے کی کھاڑی میں جانے سے روکنے کی اپنی مسلسل کوششوں کے تحت شہر کے اہم نالوں پر ۱۴؍ نئے ٹرش بوم(کوڑا کرکٹ سمندر میں جانے سے روکنے کیلئے اسٹیل سے بنایا گیا جال) نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے

Municipal employees can be seen removing garbage collected in a net installed on the drain. (File photo)
نالے پر نصب جال میں جمع کوڑا کرکٹ میونسپل ملازمین ہٹاتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔(فائل فوٹو)

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے ممبئی کے برساتی پانی کے نالوں سے کچرا بحیرہ عرب اور تھانے  کی کھاڑی میں جانے سے روکنے کی اپنی مسلسل کوششوں کے تحت شہر کے اہم نالوں پر ۱۴؍ نئے ٹرش بوم(کوڑا کرکٹ سمندر میں جانے سے روکنے کیلئے اسٹیل سے بنایا گیا جال) نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ اسٹیل کے جال  ایسی رکاوٹیں ہیں جو تیرتے ہوئے کچرے کو روک کر  کچرا جمع کرنے والی گاڑیوں تک منتقل کرتا ہے۔ انہیں ۲؍ مراحل میں نصب کیا جا رہا ہے۔ مشرقی مضافات کے نالوں پر پہلے مرحلے کا کام ایک ماہ کے اندر مانسون سے پہلے مکمل ہو جائے گا۔ باقی ۶؍ جال، جو مغربی مضافات کے نالوں کے لئے ہیں، فی الحال ٹینڈر کے مرحلے میں ہیں اور توقع ہے کہ اکتوبر تک فعال ہو جائیں گے۔ ہر یونٹ (اسٹیل نیٹ) کی لاگت تقریباً ایک کروڑ روپے ہے۔ان نئے تنصیبات کے بعد ممبئی میں کوڑا کرکٹ کے جال کا نیٹ ورک بڑھ کر ۲۳؍ ہو جائے گا۔
  موجودہ ۹؍ یونٹس، جو ۳؍ سال قبل نصب کئےگئے تھے، نے شہر کے سمندری ماحولیاتی نظام کو آلودہ کرنے سے پہلے تیرتے ہوئے کچرے کو پکڑنے میں امید افزا نتائج دکھائے ہیں۔بی ایم سی کے اسٹارم واٹر ڈرین (ایس ڈبلیو ڈی) ڈپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے کہا’’یہ کوڑا کرکٹ کو سمندر میں جانے سے روکنے کا سسٹم شہر کے کئی حصوں میں مؤثر ثابت ہوا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم اسے وسعت دے رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا’’یہ جال  نالے کی باؤنڈری کی دیواروں سے جڑا ہوا ہے اور اس میں ۲؍ فٹ پانی کے نیچے تک پھیلا ہوا ہے جس  سے  طغیانی کی صورتحال سے قطع نظر کچرے کو پکڑا جا سکے۔‘‘
 جمع شدہ کوڑا کچرےکو ٹھیکیدار روزانہ بلٹ ان کنویئر سسٹم کا استعمال کرتے ہوئے ہٹاتے ہیں۔ خشک موسم کے دوران، ہر کوڑا کرکٹ کا جال تقریباً ۱ء۵؍ میٹرک ٹن کچرا روزانہ جمع کرتا ہے۔ مانسون کے دوران یہ مقدار ۲ء۵؍سے ۳؍ میٹرک ٹن تک بڑھ جاتی ہے، جب نالوں میں کچرا پھینکنے کا رجحان بڑھ جاتا ہے، خاص طور پر  جھوڑپٹیوں کے علاقوں سے۔
 موجودہ تنصیبات میں، دہیسر میں ایم ایل کمپلیکس نالے پر نصب جال میں سب سے زیادہ کچرا جمع ہوتا ہے، اس کے بعد سانتا کروز ویسٹ میں گزدھر بندھ پر نصب جال کا نمبر آتا ہے۔گزشتہ ماہ، بھانڈوپ کے اوشا نگر میں پلاسٹک فشر نام کی ایک این جی او نے ایک اضافی جال نصب کیا، جس سے شہر کی کچرا روکنے کی کوششوں کو مزید تقویت ملی ہے۔ان تنصیبات کے علاوہ، ایس ڈبلیو ڈی ڈپارٹمنٹ جھوپڑپٹیوں کے قریب نالوں کی دیواروں کے ساتھ حفاظتی جال بھی لگا رہا ہے تاکہ براہ راست کچرا پھینکنے کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔ شہری ادارہ ذمہ دارانہ طریقے  سے کچرا ٹھکانے لگانے کے بارے میں عوامی آگاہی مہم بھی چلا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK